دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Naat Khwanon Kay Liye Kaam Ki Baatein | نعت خوانوں کیلئے کام کی باتیں

Tasaweer Wale Bartan Saja Kar Rakhna Kesa

book_icon
نعت خوانوں کیلئے کام کی باتیں

تَصاویر والے برتن سجا کر رکھنا کیسا؟

سُوال:بعض گھروں  مىں دىکھا جاتا ہے کہ چائے پىنے والے کپوں پر تَصاویر بنى ہوتى ہىں،کىا اىسے کپ گھروں مىں اِستعمال کرنا جائز ہے؟ ( احمد اوىس رضا عطارى ، ملتان شرىف) 
جواب: چائے پینے کے کپوں پر جو تَصا ویر  بنی  ہوتی ہیں  وہ تعظىم کى جگہ پر نہىں  ہوتیں ،البتہ   انہیں  گھر میں تصوىر والے  رُخ  پر سجا کر رکھنا ناجائز  ( ) اور فرشتوں کے گھر میں داخل ہونے کے لئے رکاوٹ  کا باعث ہے۔( ) البتہ کپ  کچن میں   اِدھر اُدھر اُلٹے پڑے ہوئے  ہیں   تو حرج نہیں ۔ چائے پىنے  کی  بات تو  بعد میں ہے  ، چائے بنانے کے  لئے ہم  جو چائے کی پتی کا پیکٹ  لىتے ہىں  اُس  پر بھی چائے پىنے کى تصویر بنی ہوئی   ہوتى ہے ،  اب  چیزیں  تَصا ویر سے پاک  کہاں ہیں ؟ عام طور پر ہر چىز پر تَصاویر   ہی تَصاویر  ہىں۔  اب دیکھنا  یہ ہے  کہ خریدنے والا   کیا خرىد رہا ہے؟  پىکٹ کے اندر جو  ہے  اُسے خرىد رہا ہے ىا پىکٹ پر جو تصوىر بنى ہوئى ہے  اُسے  خرىد رہا ہے۔ظاہر ہے  کہ  خریدنے والا   تصوىر نہیں  خرید رہا   ہوتا بلکہ  جو چیز   پیکٹ کے اندر ہوتی ہے  اُسے خرید  رہا ہوتا ہے اور   یہ  بچت کى صورت ہے مگر اِن چیزوں کو  سجا کر نہ رکھیں۔ ہمارے ىہاں حمام  اور   واش روم مکس ہوتا ہے،اس میں شیمپو اور طرح طرح  کی   بوتلیں اسٹائل سے رکھی ہوتی ہیں جن پر  بے پردہ عورتوں کی تَصاویر  بنی ہوئی ہوتی ہیں،مذہبی ذہن رکھنے والوں کے ىہاں بھى  ىہ اِحتىاط نہىں ہوتی ۔ ہو سکتا  ہے کہ گھر  کا  SHO بچوں کی امی ہو   جو مدنی ماحول سے وابستہ  نہ ہو  اور اَڑی کرتی ہو  کہ   میں اِن چیزوں کو اِسی طرح  رکھوں گی اور مَرد  بے چارے  جھگڑے سے بچنے   کی وجہ سے بے بس ہوجاتے ہوں ۔     بعض  گھروں مىں وقتاً فوقتاً میرا  جانا ہوتا ہے وہ اِس طرح کی تَصاویر غائب کر دیتے ہیں یا جو لوگ ابھی   مجھے سُن رہے ہیں   اگر کبھی  میرا   ان کے گھر جانا ہو گا تو  یہ  تَصاویر  غائب کریں گے،بعض اوقات  اس کا اندازہ ہو جاتا ہے کہ ىہاں سےکسی چىز  کو اُٹھا کر  غائب کىا گىا ہے،لہٰذا  میری وجہ سے   اىسا نہ کرىں، جو بھی کریں   اللہ پاک سے ڈر کر کریں  کیونکہ مىں نہ جزا دے سکتا ہوں  اور نہ سزا دے سکتا ہوں،  نہ جنَّت دے سکتا ہوں اور  نہ جہنم سے بچا سکتا ہوں۔ اللہ پاک ہر شے پر قادر ہے ہمیں  اُس  کے   خوف  اور اُس کی خوشی سے  ہر کام کرنا چاہیے۔ اگر گھر میں   تَصاویر والی چیزیں سجانے کے گناہ  میں مبتلا ہیں تو   اِس   گناہ سے  سچی توبہ کرنے کے ساتھ ساتھ  سب چیزوں سے تَصاویر  غائب  کر  دیں ۔ میرا     یہ پُرانا اَنداز ہے کہ میں تَصاویر کو نمایاں نہیں  رہنے دیتا،جن چیزوں اور بوتلوں  وغیرہ  پر تَصاویر بنی  ہوئی ہوتی ہیں  انہیں نوکیلی  چیز سے  کُھرچ کر،  پھاڑ کر  یا    کھینچ  کر اُتار دیتا ہوں ۔  کسی اور کے گھر پر    اِس طرح کا تصرف  کرنے سے بچیں  کیونکہ ہو سکتا ہے کہ   اس سے ناراضی   یا جھگڑے   کی نوبت آجائے۔ بىٹا  بھی  ماں کی رکھی ہوئی  چیزوں   میں  ان  کی اِجازت کے بغیر اِس طرح   کا  تَصَرُّف نہ کرے ، ورنہ لڑائی جھگڑا ہو سکتا ہے۔ جو بھی کریں    صلح صفائى اور اِتفاقِ رائے کے ساتھ  کریں ، اگر آپ کی نہیں  چلتى تو پھر   اِس طرح کی چیزیں  دیکھ کر انہیں    دِل مىں  بُرا جانا جائے۔    

مشورے پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے بُرا نہیں منانا چاہیے

سُوال:کئى لوگ واقعى ناقص مشورہ دىتے ہىں لىکن نہ ماننے کى صورت  میں وہ   سامنے والے کو ہی ناقص بنا دىتے ہىں کہ  میری بات ان کی عقل میں نہیں آتی،اِس بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟  (نگران ِشوریٰ  کا سوال)   
جواب:اِس میں  تہمت و غیبت کے گناہوں  کا سلسلہ ہو سکتا ہے کہ   ہم نے مشورہ دیا مگر ہمارا مشورہ نہیں مانا گیا  ، اگر مشورہ تھا تو اس کا  ماننا  کوئی ضَروری تو نہیں  تھا،البتہ آڈر تھا تو بات کرىں،پھر  بھی دیکھا جائے گا کہ  جو آپ نے آڈر دیا ہے  کیا وہ   واقعی اِس قابل تھا کہ  اس پر عمل کیا جائے نیز جسے آپ نے آڈر دیا وہ آپ کے ماتحت بھی ہے  یا نہیں ؟    

کیا نماز روزے کے علاوہ بھی مَیِّت پر فدیے ہوتے ہیں؟

سُوال: ہمارے ىہاں مَیِّت کی طرف سے   نماز روزوں کا فدىہ دىا جاتا ہے ۔ کیا ان کے علاوہ اور بھی  چیزیں  ہیں  جو مَیِّت پر لازم ہوتی ہیں اور  ان چیزوں کا فدیہ ادا کیا جا سکتا ہے ؟   
جواب:مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’اسلامى بہنوں کى نماز ‘‘(حنفی )کے صفحہ  169پر ہے :نماز  و روزہ کے علاوہ  مَىِّت کى طرف سے بہت سارے فدىے اور کفارے ہو سکتے ہیں مثلاً:(1)زکوٰۃ(2)فطرے،مَرد پر اپنے چھوٹے بچوں وغىرہ کے فطرے    بھی   اگر وہ ادا نہ کئے ہوں (3) قربانىاں(4)  قسموں کے کفارے (5)سجدہ ٔ تلاوت جتنے واجب ہونے کے باوجود زندگى مىں ادا نہىں کىے (6)جتنے نَوافل فاسِد ہوئے ىعنى شروع کرنے کے بعد ٹوٹے اوران کى قضا نہ کى  (7) جو جو  منتىں مانىں  اور ادا  نہ کىں (8) زمىن کا عُشر ىا خراج جو ادا کرنے سے رہ گىا (9) فرض ہونے کے باوجود حج ادا نہ کىا (10) حج و عمرے کے اِحرام کے کفارے  مثلاً دَم ىا صَدقے  اگر واجب ہوئے تھے اور ادا نہ کىے ہوں۔ ان کے علاوہ بھى بے شمار فدیے اور کفارے ہو  سکتے ہىں۔ اِن فدیوں کی اَدائیگی  کی صورتیں : روزہ، سجدہ ٔتلاوت، فاسِد شُدہ نَوافل کى قضا وغىرہ کے فدىے  مىں ہر اىک کے بدلے اىک اىک صَدقۂ فطر کى  رَقم ادا کرے۔اور زکوٰۃ ،فطرہ ،قربانىاں عشر وغىرہ مىں جتنى رَقم مَرحوم ىا مَرحومہ کے ذِمَّہ نکلتى ہے وہ بھی  ادا کرے۔( ) مزىد تفصىل جاننے کے لئے فتاوىٰ رضوىہ جلد 10 کے  صفحہ 523 تا 549 پر مبنى رِسالہ ’’تَفَاسِیْرُ الْاَحْکَامِ  لِفِدْیَۃِ ا لصَّلٰوةِ وَالصِّیَامِ ‘‘ نىز مفسر ِشہىر حکىمُ الامت حضرتِ مفتى احمد ىار خان  رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ  کى تصنیف ’’جآء الحق ‘‘سے اسقاط کا بىان پڑھ لىجئے۔  

عبادتوں کے فدیوں کے حوالے سے مدنی پھول

سُوال:آپ نے فدىوں کے تعلق سے توجہ  دِلائى ہے ، جب کسی  کا اِنتقال ہو جاتا ہے تو اُس کے اِیصالِ ثواب کے لئے  سوئم اورچہلم کرتے ہىں  جوکہ   بہت اچھى بات ہے اور  کرنا بھی  چاہىے مگر  فدیوں کی  طرف توجہ نہىں ہوتی  ،   اگر   کروڑ پتى   کا بىٹا ہے ىا والد مَرحوم  جائىدا د چھوڑ کر گئے  ہىں تب  بھی   نمازوں اور روزوں   کے علاوہ    جو فدیے آپ نے بیان فرمائے   ہیں  ان کی اَدائیگی کی طرف توجہ نہیں ہوتی ۔  اِسى طرح قرض  کے بارے میں بھی   ایک رَسمی اِعلان ہو جاتا ہے۔  دعوت ِ اسلامی کے  مدنی ماحول کى بَرکت سے اَلْحَمْدُ لِلّٰہ  بعض اسلامی بھائی  اپنے  مَرحوم کی  نمازوں اور  روزوں  کا فدىہ بھی ادا  کرتے ہیں ۔ اىک صاحب نے اپنے عزىز کے30سال  کے روزوں کا  فدىہ دیا حالانکہ مَرحوم  پر اتنے  سالوں کے روزے باقى نہ تھے مگر اِحتىاطى طور پر اُن  کی طرف سے 30سال کے روزوں کا فدیہ جمع کروا دیا گیا ۔اِسى طرح اىک صاحب آئے   جن کى بىٹى کا اِنتقال ہو گىا تھا   انہوں نے  بھی  حساب لگا  کر اپنی بیٹی کی پوری زندگی کی  نمازوں کا فدیہ    دے دیا۔ اگر  والد صاحب  یا کسی  پیارے  عزیز کا اِنتقال ہوجاتا ہے اور وہ اپنى طرف سے فدىہ دینے کی  وَصیت نہیں کرتا تب بھی  مَرحوم کے  اَقربا کو چاہیے کہ وہ خىر خواہى کرتے  ہوئے   اپنے مَرحوم کی طرف سے  نماز  وں، روزوں  اور جو چیزیں آپ نے بیان کی ہیں اگر ان میں   سے کسی چیز کا فدیہ اُس پر لازِم  ہے   تو وہ فدیے ادا کر دیں   ۔ اِس بارے میں  کچھ مدنی پھول عطا فرمادیجئے ۔ (رکنِ شوریٰ کا سوال)
جواب:اگر کسی نے  اپنے مَرحوم کی طرف سے  اُس  کی  نمازوں  ، روزوں اور دِیگر چیزوں کا فدیہ  ادا  کر دیا  ہے تو فائنل طور پر  یہ نہ سمجھے کہ  اُن کی طرف  سے ادا   ہو گیا ہے،البتہ اللہ پاک کی رَحمت سے  اُمىد رکھے اگر وہ کرم  فرما دے گا تو قبول ہو جائے گا ۔ظاہر ہے کہ  ہر ایک اپنے مَرحوم کی طرف  سے کروڑوں  روپے  فدیے میں دے نہیں  سکتا  لہٰذا   اگر کوئی  اپنے مَرحوم کی طرف سے فدیہ ادا کرنے  کا جَذبہ رکھتا ہے تو وہ حیلے کے ذَریعے بھی تھوڑے  روپوں سے   اپنے مَرحوم کی نمازوں اور روزوں وغیرہ  کا فدیہ   ادا کر سکتا ہے ۔ عام طور پر لوگ مَسائل سے واقف   نہیں ہوتے اور یوں نجانے  کتنے  فدیے چڑھ جاتے ہوں گے  مثلاً اگر کسی نے نفل نماز شروع کى   اور اس میں معنیٰ فاسِد ہو گئے یا  کوئی اور    ایسا مسئلہ  ہو گیا   جس سے  وہ نفل نماز  ٹوٹ گئی تو ظاہر ہے کہ اسے  ادا کرنا واجب  ہو جائے گا ۔  اِسی    طرح   بعض  لوگ زکوٰۃ  کی اَدائیگی  میں ایسی ایسی غلطىاں کرتے ہیں جس سے زکوٰۃادا نہیں ہوتی ، حج  و اِحرام میں بھی  ایسی  غلطىاں ہو جاتی ہوں گی جن کی وجہ سے نجانے کتنے  صدقات اور دَم   لازم ہو جاتے ہوں گے اور انہیں پتا بھی نہیں چلتا ہو گا ۔ بعض حاجى بے چارے اىک اِحتىاطى دَم دے دىتے ہىں حالانکہ ان پر 20، 30 دَم چڑھ  چکے ہوتے ہیں ۔اِس لئے  جنہیں مَسائل معلوم نہىں ہوتے اُن پر ڈھیروں  ڈھیر دَم  اور صَدقے چڑھ جاتے  ہیں  اور  لاعلمی کی  وجہ سے لوگوں کا کیا حال ہوتا ہو گا ؟ مىں کہا کرتا ہوں کہ  لوگوں کا  دَم کا نام سُن  کر  دَم نکل جاتا  ہے کیونکہ دَم مىں  خرچہ زىادہ   ہوتا ہے ،” اس میں پورا    بکرا، بکری  یا دُنبہ  جس کی قربانی کی جا سکتی ہو وہ قربان کرنا ہوتا ہے۔“( ) اگر دَم دینے والا مالدار  ہو تو وہ اس کی اىک بوٹى بھى خود نہىں کھا سکتا ۔  (2)نیز دَم کی قربانی  حرم مىں کرنی ہوتی ہے   اور حرم کی حُدود   صرف مسجدِ حرام  نہیں،  عام طور پر لوگ اِسی کو حُدود سمجھتے ہیں جہاں خانہ کعبہ شریف ہے،  بےشک یہ بھی حرم کی حُدود ہے  لیکن اِس کےعلاوہ بھی  حرم کی حُدود کئى کلو مىٹر تک پھىلى ہوئى  ہے اور اِسی میں  دَم  دینا واجب ہوتا ہے ۔” دَم  حرم کے علاوہ وطن وغیرہ میں  نہىں دے سکتے،البتہ  صَدقہ   کسی نے حرم میں نہیں دیا یا  وہاں نہیں دینا چاہتا تو اسے اپنے وطن میں بھی ادا  کر سکتا ہے۔“ ( ) یاد  رَکھیے! کفارے کا صَدقہ واجب   ہو گیا ہے تو اسے کسی ہاشمی اور سید کو دینے کے بجائے   صرف انہیں کو دینا جائز ہو گا  جو زکوٰۃ لے سکتے ہیں ۔ ( )   

نفلی حج وعمرہ بعد میں کریں پہلے سابقہ کفارے ادا کریں

 بعض لوگوں  پر بہت سارے کفارے چڑھے  ہوتے ہىں  وہ  ہمت کریں  اور اب تک جتنے بھی حج  یا عمرے کئے ہیں  ان کا حساب لگا  کر کفارے ادا کریں ۔مزید نفلی  حج  و عمرے بعد میں کریں  پہلے سابقہ حج و عمرے کے دَوران چڑھے ہوئے کفارے ادا کریں  کہ اِس میں آخرت کی بھلائی اور  نجات ہے اور یہ خوفِ خدا رکھنے والے ہی ادا کریں  گے۔ یہ کفارے  زندگی میں جب بھی   ادا کریں گے  ادا  ہو جائیں گے کیونکہ  اِن کفاروں کی اَدائیگی کے لئے یہ    شرط نہیں  کہ فوراً   ادا کئے جائیں۔ ( ) البتہ  دَمِ  اِضطراری  کے کفارے   کے لئے مدت شرط   ہے جن  میں 10 روزے رکھنے ہوتے ہیں  یہ الگ ہیں۔ مزید تفصیلات جاننے کے لیے دارُالافتا اہل ِسنَّت کے مفتیان ِ کِرام  سے راہ نمائی لے لیجیے۔نیز مکتبۃ المدینہ کی کتاب ’’اسلامی بہنوں کی نماز ‘‘ (حنفی )  کے صفحہ 169پر بھی یہ مسَائل موجود ہیں اِس کا مُطالعہ کیجیے،اِس سے بھی   اِنْ شَآءَ اللّٰہ آپ کے مَسائل حل ہو سکتے ہیں ۔    

کفارے ادا کرنا مالداروں کے لئے مشکل نہیں

  کفارے  ادا کرنا   مالداروں کے لئے مشکل نہیں کہ   یہ حج وعمرہ  ادا کرتے رہتے  ہیں  اگر ہزار، بارہ سو  یا دو، چار ، پانچ ہزار کفاروں کى  نیت  سے صَدقہ دىں گے تو اىک آدھ لاکھ روپے  ہی  بنیں گے   لہٰذا  اِس نىت سے یہ رَقم  ادا کر دیں کہ حالتِ اِحرام میں مجھ سے جو بھی بھول ہوئی یہ اس کا صدقہ ہے۔یہ کفارے آپ  کسی   شرعى فقىر کو بھی  دے سکتے ہیں  اور اگر چاہیں تو  دعوتِ اسلامی کو دے  دیں  مگر اس کے بارے میں بتا دیں کہ یہ کفارے  کی مَد میں ہے  تاکہ  شرعی حیلے کے ذَریعے  آپ کے کفارے کی رَقم کو  دِینی کاموں میں اِستعمال کیا جا سکے  ۔  

اِحرام کی حالت میں بال ٹوٹنے کا حکم

سُوال: اِس وقت جو پاکستان مىں ہیں اگر وہ    کفارہ دینا چاہیں تو کیا وہ  100روپے کے حساب سے دے سکتے ہیں؟  
جواب:جى ہاں دے سکتے ہیں۔  (اِس موقع پر مفتی صاحب نے   فرمایا :) مثلاً اىک مجلس مىں وُضو کرتے ہوئے کسی کے  تىن سے زىادہ بال ٹوٹ گئے تو اس پر ایک صَدقہ فطر واجب  ہو جائے گا۔ ( )   سب سے زیادہ  وُضو میں بال ٹوٹنے کی وجہ سے  ہی  صَدقۂ فطر واجب  ہوتا ہے۔میرا   معمول ہے کہ  حالتِ اِحرام میں جتنے  بھی وُضو  کرتا ہوں   اتنے ہی  کفارے بھی  ادا کردیتا ہوں کہ وُضو مىں بال ٹوٹ رہے ہوتے ہىں اور  اگر  بال نہ بھى ٹوٹے ہوں  تب بھی صَدقۂ فطر ادا کرنے والا گھاٹے مىں نہىں کہ  یہ  صَدقۂ فطر  اس کے لئے نفل ہو جائے گا اور اگر  وُضو میں  کفارہ لازم ہو گیا تھا تو صَدقۂ فطر دینے سے  اس کی طرف سے وہ   واجب ادا ہو جائے گا، لہٰذا  یہ  حساب لگا لیں  کہ  حج وعمرے کے دَوران  حالتِ اِحرام میں آپ نے  کتنے وُضو کىے تھے؟اِس کے علاوہ  بھی  بعض اوقات  ایسے کام سرزد ہو جاتے ہیں جن کی وجہ سے صَدقۂ فطر لازم ہو جاتا ہے مثلا ً  خوشبو کے مَسائل  ہونا ، بھول کر ناخن کاٹ لىنا ، سلے  ہوئے کپڑے  پہن لىنا ،اِحرام کا سر سے  چپک جانا ، خاص طور پر جب بندہ سر منڈواتا ہے تو  اِحرام سر سے چپک جاتا ہے  حالانکہ اِحرام میں سر ننگا رکھنا ہوتا ہے ۔ بعض اوقات اپنا اِحرام دُرُست کرتے ہوئے  وہ  اپنے   سر پر آکر ٹھہر جاتا ہے یا کوئی دوسرا  اپنا اِحرام دُرُست کر  رہا ہوتا ہے تو اُس کا اِحرام  سر پر آکر ٹھہر جاتا ہے لہٰذا اِحرام دُرُست کرتے وقت   اِحتىاط کرنی  چاہىے کہ   نہ وہ اپنے سر پر آکر  ٹھہرے اور نہ کسى قریب والے کے سر پر جا  کر ٹھہرے  کہ جس سے آزمائش  ہو جائے ۔ عام طور پر    بھىڑ مىں  ایسا ہو تا ہے ۔   

دَم ادا کرنے کے لئے پیسے نہ ہوں تو؟

سُوال: اگر کسی  نے کوئى بندہ حج پر بھىجا ہے اب اگر اُس سے کوئى اىسى غلطى ہو گئى کہ  جس کی وجہ سے اُس پر دَم واجب ہو گىا  تو اب اس کا کفارہ کىسے ادا کرے گا  کہ اس کے پاس پىسے نہىں ؟ 
جواب:دَم واجب ہو گیا ہے  اور ابھی  ادا کرنے کے لئے  پیسے نہیں ہیں تو جب  پیسے آئیں  تو دَم ادا کر  دے ۔ (اِس موقع پر  مفتی صاحب نے   فرمایا :) اگر قرض لے کر دَم ادا کر سکتا ہے اور قرض ادا کر دے گا اس کی اُمید ہے  تو  قرض لے کر  دَم وغىرہ دے  دے  اور جب پیسے آئیں تو  قرض ادا کر دے۔ 

حج و عمرے کے دَم ادا کرنے کا مفید مشورہ

سُوال:حج و عمرے میں  لازم ہونے والے دَم کی وَضاحت بھی فرما دیجئے  ۔ ( )   
جواب: دَم   کے جانور کا  قربانی  کے لائق ہونا  اور  اس کا حُدُود ِحرم میں  ذَبح ہونا  دَم کی اَدائیگی کے لئے لازم ہے، نیز دَم کا جانور  نہ آپ دعوت ِ اسلامی کو دے سکتے ہیں اور نہ کسی اور کو دے سکتے ہیں ۔ دَم دینا         مالدار کے لئے  مسئلہ نہیں کہ ویسے بھی آج کل  بکرے سستے  ہوں گے،  سب کو  کورونا وائرس نے ڈرایا ہوا ہے جس کی وجہ سے    منڈىاں بھى نہىں لگ رہی ہوں گی ۔   اللہ پاک چاہے   گا تو حج مىں بھی  آسانى ہو جائے گى لیکن حج مىں جانور کا بھاؤ  ذرا         زیادہ ہو گا   اور دَم پر خرچہ زیادہ ہو گا  مگر جتنا زیادہ  خرچہ ہو گا اتنا  ہی زیادہ ثواب ملے گا۔ اگر کوئی زىادہ خرچ  نہىں کرنا چاہتا  تو  سىزن آف ہو نے  کے  دِنوں میں جانور خریدے کہ ان دِنوں میں  جانور آدھے دام مىں مل جاتا ہے۔  جو ہر سال حج و عمرے پر جاتے ہیں ان کے لئے   میرا مشورہ  ہے کہ اس طرح کرنا  آپ پر واجب نہیں مگر اِحتیاطی طور پر ان دِنوں   میں دَموں کی مَد میں  دو ،پانچ بکرے ذَبح  کروا دیں ۔ آپ اپنے بارے میں  بہتر جانتے ہیں کہ آپ کو  کتنے مَسائل  آتے ہىں  اور  کتنی بار بہارِ شرىعت کے چھٹے  حصے  کے مَسائل پڑھے  ہیں ؟

دَم ادا کرنے کا آسان طریقہ

سُوال: اگر   کسی کو زندگی میں ایک بار    حج و عمرے کے لئے  جانے کی توفیق ملی ہو اور اب اُسے  یہ پتا چلا ہو کہ فلاں کام کرنے کی وجہ سے  مجھ پر دَم واجب ہو گیا تھا  مگر اب  وہ دَم دینے کی اِستطاعت تو   رکھتا ہے لیکن  وہاں جانے  کے لئے  اس کے پاس  وَسائل نہیں ہیں  تو ایسی صورت میں  وہ  دَم کی اَدائیگی کے لئے  کیا کرے ؟ (جانشینِ  امیرِ اہلِ سنَّت کا سوال  ) 
جواب:اگر وہاں جاکر دَم ادا کرنے کی  اِستطاعت نہیں تو  کسی کو فون   کرکے یا کسی حج و  عمرے پر جانے والے کے ذَریعے اپنی طرف سے دَم  ادا کروایا جا سکتا ہے ۔  

بار بار حرمینِ طیبین حاضری دینے والوں کے لئے مدنی پھول

سُوال: مجھے پتا چلا  ہے کہ اىسے لوگ بھى ہوتے ہیں جو کہتے ہیں  کہ ہم نے 30 سال سے یہاں اىک عىد بھى  نہىں کى، ساری  عیدیں حرمینِ طیبین  میں کی ہیں ،اِسی طرح بعض لوگوں کو  وہاں       15 ، 20 اور 25 سال حج  وعمرہ ادا کرتے اور عیدیں مناتے ہوئے گزر گئے ہیں،ان کے لیے کچھ مدنی پھول اِرشاد فرما دیجیے ۔ (نگرانِ شوریٰ کا سوال) 
جواب:ایک تعداد  سال  یا دو سال میں حج وعمرے کے  لئے جاتی ہے اور اپنے اوپر کئی دَم چڑھا کر لوٹتی ہے۔ حاجى عبدالحبىب سحرى ٹرانسمیشن مىں بتا رہے تھے کہ 20سال کے بعد مىں آج ىہاں کراچى مىں ہوں،آج کل کورونا وائرس نے سب   پر پابندى لگا دى ہے۔   ہمارا حُسن ِ ظن ہے کہ حاجى عبدالحبىب   تو  حج و عمرے کے مَسائل جانتے ہوں گے    کہ   اس حوالے سے کافی مدنی مشورے  لیتے رہتے ہیں ،  ورنہ بار بار حاضری کے لئے جانے والے عام لوگوں کو  اِحتیاط کرنے کے ساتھ ساتھ بہارِ شریعت کے چھٹے حصے  اور رَفیق الحرمین  سے حج وعمرے کے  مَسائل سیکھ لینے چاہئیں۔ عمرے کے لئے جانے والوں کو رَفیق المعتمرین  کا مُطالعہ کر لینا چاہیے   نیز اگر دَوران ِ مُطالعہ کوئی بات سمجھ نہ آئے تو عُلَمائے کِرام سے سمجھنی چاہیے  کہ   اِس طرح کرنے سے اِنْ شَآءَ اللّٰہ غلطیاں ہونے کا اِمکان بہت کم ہو جائے گا ۔ 

100 سالہ شرابی کی توبہ بھی مقبول ہے

سُوال: شراب نوشى کرنے والا  شخص اگر    شراب پینا   چھوڑ دے اور  سچی توبہ کرلے تو کیا  اس کی توبہ قبول ہوگى ؟
جواب: اگر کوئی 100 سال سے شراب پی رہا ہو  اور اب شراب  چھوڑ  کر   سچی  توبہ  کر لیتا ہے، شرمندہ ہوتاہے  اور دوبارہ  شراب کی طرف  رُخ نہ کرنے کی  نیت  کر لیتا ہے تو بے شک اللہ پاک  اس کی توبہ قبول فرمانے والا   ہے ۔  

مُرادیں پوری کرنے والی منتیں

سُوال: مُرادیں پوری  کرنے کے لئے کونسی منتیں مانی  جائیں ؟ 
جواب: نمازوں، روزوں اور راہِ خدا مىں خرچ کرنے کى منت مانى جا سکتى ہے اور اِن  کا  پورا  کرنا  واجب ہو جائے گا ۔ ( )   مُراد پوری ہونے کے لئے  دُعائے حاجات اور  صلوٰةُ الحاجات بھى ادا  کى جا سکتى ہے۔جائز  مُراد  کے لئے ىوں  دُعا کرنى چاہىے کہ” اے  اللہ پاک   مىرے حق مىں بہتر ہو تو ىہ مُراد پورى فرما دے۔“ کیونکہ  بعض اوقات مُراد بندے کے  حق مىں بہتر نہىں ہوتى اگر وہ پورى ہو  جائے تو آزمائش بھى آسکتى ہے۔   

ناحق کسى مسلمان کو ذَلیل کرنا گناہ ہے

سُوال: کىا ملازم کے حقوق ہىں؟ نیز  اس سے کوئى غلطى ہو جائے تو اُسے جتنا چاہیں  ذَلیل کر سکتے ہیں ؟   
جواب:ناحق  کسى مسلمان کو ذَلىل کرنا  گناہ ہے۔ظاہر ہے  کہ اِس  میں اُس کی دِل آزارى  اور  بے عزتى ہے۔  اگر کسى نے ملازم کو ناحق  ذَلىل کىا  ہے تو  آخرت مىں اُس سے  باز پُرس  ہو  گی  لہٰذا  اِس طرح کرنے والے کو چاہیے کہ  وہ توبہ کرے  اور ملازم سے مُعافى بھى  مانگے۔   

گھوڑے ، گدھے اور خچر کے جوٹھے اور پسینے کا حکم

سُوال: گھوڑے ،گدھے  اور خچر  کے جوٹھے اور پسینے  کا کیا حکم ہے ؟ 
جواب: گدھے  اور خچر   کا پسىنا پاک  ہے،( )  البتہ  گدھے اورخچر کا جوٹھا  مشکوک ہے ( )  جبکہ گھوڑے کا جوٹھا مشکوک نہىں   ہے  (بلکہ پاک ہے)( )   اور پسینا  بھی پاک  ہے ۔    ( )   


ماخَذ ومَراجع

کتاب کا نام مصنف/مؤلف/متوفیٰ مطبوعات
بخاری امام ابو عبدُ اللہ محمد بن اسماعیل بخاری،متوفی۲۵۶ھ دارالکتب العلميۃ بیروت ۱۴۱۹ھ
البدور السافرة امام ابو الفضل جلال الدین عبدالرحمن بن ابو بکر سیوطی، متوفی۹۱۱ھ مؤسسۃ الکتب الثقافیۃ ۱۴۱۱ھ
مطالع المسرات علامہ محمد مہدی فاسی  ،متوفی ۱۱۰۹ ھ دارالکتب العلميۃ بیروت
الجوھرة النیرة امام ابو بکر بن علی الحدادی، متوفی۸۰۰ھ کراچی
درمختار علاؤالدین محمد بن علی حصکفی،متوفی۱۰۸۸ھ دارالمعرفۃبیروت۱۴۲۰ھ
رد المحتار سید محمد امین ابن عابدین شامی،متوفی۱۲۵۲ھ دارالمعرفۃ بیروت۱۴۲۰ھ
فتاویٰ ھندية ملانظام الدین، متوفی۱۱۶۱،وعلمائے ھند دارالفکربیروت۱۴۱۱ھ
فتاویٰ رضویہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضاخان، متوفی۱۳۴۰ھ رضا فاؤنڈیشن لاہور۱۴۲۷ھ
بہارِشریعت مفتی محمد امجد علی اعظمی، متوفی۱۳۶۷ھ مکتبۃ المدینہ کراچی۱۴۲۹ھ
ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت مفتی اعظم ہند محمد مصطفےٰ رضا خان، متوفی۱۴۰۲ھ مکتبۃ المدینہ کراچی۱۴۳۰ھ
اسلامی بہنوں کی نماز امیر اہلِ سنَّت  علامہ مولانا محمدالیاس عطارقادری رضوی مکتبۃ المدینہ کراچی

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن