30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جمعہ کے دن جہنم سے آزادی نصیب ہوتی ہے:
حدیث شریف میں ہے کہ اللہ تَعَالٰی ہر جمعہ کے دن چھ لاکھ انسانوں کو جہنم سے آزاد کرتا ہے۔(1)
حضرتِ اَنس رَضِیَ اللہ عَنْہ سے مروی ہے، حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب تو نے جمعہ کو سالم کرلیا تو گویا تمام دنوں کو سالم کرلیا۔(2)
حضور عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے فرمایا کہ جہنم ہر روز ضحوئہ کبریٰ (نصف النہار) میں زوال سے پہلے بھڑکایا جاتا ہے یعنی سورج جب عین آسمان کے دل میں ہوتا ہے لہٰذا اس ساعت میں نماز مت پڑھو مگر جمعہ کے دن یہ قید نہیں ہے کیونکہ جمعہ سارے کا سارا نماز ہے اور اس دن جہنم نہیں بھڑکایا جاتا۔(3)
حضرتِ کعب رَضِیَ اللہ عَنْہ کا فرمان ہے کہ اللہ تَعَالٰی نے سب شہروں سے مکہ معظمہ کو فضیلت بخشی ہے، سب مہینوں میں رمضان کو فضیلت عطا کی ہے، سب دنوں میں جمعہ کے دن کو فضیلت دی ہے اور سب راتوں میں لَیْلَۃُ القدر کو فضیلت عطا فرمائی ہے۔(4)
کہا گیا ہے کہ جمعہ کے دن حشرات الارض اور پرندے ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اس نیک دن میں سلام ہو، سلام ہو۔
نبی اَکرم صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے ہیں کہ جو شخص جمعہ کے دن اور جمعہ کی رات کو فوت ہوا، اللہ تعالیٰ اس کے لئے سو شہیدوں کا ثواب لکھتا ہے اور اسے قبر کے فتنہ سے بچا لیتا ہے۔(5)
[1] …شعب الایمان، باب الحادی والعشرین۔۔۔الخ ، فضل الصلاۃ علی النبی صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم ۔۔۔الخ ۳/۱۱۴، الحدیث ۳۰۴۲
[2] …شعب الایمان، الباب الثالث والعشرون۔۔۔الخ ، التماس لیلۃ القدر۔۔۔الخ ،۳/۳۴۰، الحدیث ۳۷۰۸ عن عائشۃ
[3] … سنن ابی داود،کتاب الصلاۃ، باب الصلاۃ یوم الجمعۃ قبل الزوال، ۱/۴۰۳، الحدیث ۱۰۸۳وشرح سنن أبی داود للعینی، باب الصلاۃ یوم الجمعۃ قبل الزوال، ۴/۴۲۱،۴۲۲، تحت الحدیث۱۰۵۴ شیخ عبد الحق محدث دہلوی ’’ اشعۃ اللمعات ‘‘ میں فرماتے ہیں کہ اس حدیث کے دو راویوں، ابو الخلیل اور ابوقتادہ کی ملاقات ثابت نہیں۔
[4] …حلیۃ الاولیاء، تکملۃ کعب الاحبار، ۶/۱۴، الحدیث۷۶۵۰
[5] …حلیۃ الاولیاء، ۳/۱۸۱، الحدیث ۳۶۲۹
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع