30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۵۴)عمرو ابن عثمان: ابن عفان اپنے والد عثمان غنی اور اسامہ ابن زید سے روایت لیں۔
(۵۵): عمرو ابن شرید: آپ ثقفی تابعی ہیں،اہلِ طائف سے ہیں،اپنے والد اور ابن عباس وغیرہما سے احادیث لیتے ہیں۔
(۵۶)عمرو ابن میمون: آپ اودی ہیں،زمانہ جاہلیت پالیا ہے حضور انور کی حیوۃ شریف میں ایمان لائے مگر ملاقات نہ کرسکے کوفہ کے عظیم تابعی ہیں،حضرت عمر،معاذ بن جبل ابن مسعود سے ملاقات ہے رضی الله عنہم ۷۴ چوہتّر میں وفات پائی۔
(۵۷)عمرو ابن عبداﷲ: آپ سبیعی ہیں،کنیت ابو اسحاق ہے آپ کا ذکر الف کی تختی میں ہوچکا۔
(۵۸)عمرو ابن عبداﷲ: ابن صفوان آپ جمحی قرشی ہیں،یزید ابن شیبان سے ملاقات ہے۔
(۵۹)عمرو ابن دینار: آپ کی کنیت ابو یحیی ہے،سالم ابن عبدالله ابن عمر وغیرہم سے ملاقات ہے۔
(۶۰)عمرو ابن واقد: آپ دمشقی ہیں،یونس ابن میسرہ سے ملاقات ہے لوگوں نے آپ سے احادیث لینا چھوڑ دیا ہے۔
(۶۱)عمرو ابن مالک: آپ کی کنیت ابو ثمامہ ہے جاہلی ہیں،آپ کا ذکر کسوف اور غصب میں آتا ہے۔
(۶۲)عمر ابن عبدالعزیز: ابن مروان ابن حکم: آپ کی کنیت ابو حفص ہے اموی قرشی ہیں،آپ کی والدہ ام عاصم بنت عاصم ابن عمر ابن خطاب ہیں،ان کا نام لیلےٰ ہے ۹۹ ننانوے میں سلیمان ابن عبدالملک کے بعد خلیفۃ المسلمین ہوئے اور ۱۰۱ ایک سو ایک ماہ رجب میں حمص کے قریب دیر سمعان میں وفات پائی مدت خلافت دو سال پانچ ماہ اور چند دن ہے کل چالیس سال عمر ہوئی،عبادت،تقویٰ،زہد اور پاکدامنی حسن اخلاق میں بے مثال تھے،خصوصًا زمانہ خلافت میں تو ہر صفت اور بھی اعلٰی ہوگئی تھی جب آپ خلیفہ ہوئے تو آپ کے مکان سے رونے کی آوازیں آئیں،پوچھا گیا تو معلوم ہوا کہ آپ نے اپنی لونڈیوں کو کہا ہے کہ اب میں تمہارے حقوق ادا نہیں کرسکتا تو اب تم میں سے جو چاہے اسے آزاد کردوں اس پر وہ لونڈیاں رو رہی ہیں،عتبہ ابن نافع نے آپ کی بیوی فاطمہ بنت عبدالملک سے پوچھا کہ مجھے جناب عمر کے حالات بتاؤ وہ بولیں کہ جب سے آپ خلیفہ بنے ہیں آپ نے غسل جنابت نہیں کیا نہ صحبت سے نہ احتلام سے حتی کہ وفات ہوگئی اور بولیں کہ ہوسکتا ہے کہ اور لوگ روزے نماز میں ان سے بڑھ جاویں مگر خوفِ خدا میں ان جیسا کوئی نہ ہوگا آپ رات کو گھر میں آتے تو اپنے کوسجدے میں گرادیتے روتے اور دعائیں مانگتے حتی کہ نیند آجاتی پھر آنکھ کھلتی تو گریہ و زاری شروع ہوجاتی رات بھر یہ ہی حال رہتا،وہب ابن منبہ فرماتے ہیں کہ آپ اپنے وقت کے مہدی تھے آپ کے مناقب بے شمار ہیں۔مترجم کہتا ہے کہ آپ نے بنی امیہ کے تمام مظالم بند کئے دبائے ہوئے حقوق ادا کیے ان کی بری رسمیں مٹائیں حتی کہ خطبہ جمعہ میں بنی امیہ بنی ہاشم پر تبرے کرتے تھے اور اس کے برعکس آپ نے اس کی بجائے خطبوں میں صحابہ اور اہلبیت کے صلوۃ و السلام کو داخل کیا جو آج تک جاری ہے یہ ذکر سنت حضرت عمر ابن عبدالعزیز ہے۔
(۶۳)عمر ابن عطا ابن خواری: آپ مکی ہیں،تابعی ہیں،آپ کی احادیث مکہ معظمہ میں بہت مشہور ہیں،عمومًا آپ حضرت ابن عباس سے احادیث لیتے ہیں۔
(۶۴)عمر ابن عبداﷲ ابن ابی خثعم: یحیی ابن ابی کثیر وغیرہ سے روایت کرتے ہیں۔
(۶۵)عثمان ابن عبداﷲ ابن اوس: ثقفی ہیں،اپنے چچا عمر اور اپنے دادا سے روایت لیتے ہیں۔
(۶۶)عثمان ابن عبداﷲ ابن موہب: آپ سیمی ہیں۔حضرت ابوہریرہ وغیرہ سے راوی۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع