30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۳۶)عبدالرحمن ابن ابی بکر: تابعی ہیں،آپ سے آپ کے بیٹے محمد نے روایات لیں۔
(۳۷)عبدالرحمن ابن ابی بکرہ: آپ انصاری بصری ثقفی ہیں،۱۴ میں بصرہ میں پیدا ہوئے جب کہ مسلمان وہاں پہنچے آپ بصرہ میں پہلے وہ بچے ہیں جو مسلمانوں میں پیدا ہوئے،آپ نے اپنے والد اور حضرت علی سے روایات لیں۔
(۳۸)عبدالرحمن ابن عبداﷲ ابن ابی عمار: آپ مکی ہیں،آپ سے ایک جماعت نے روایات لیں۔
(۳۹)عبدالرحمن ابن یزید ابن اسلم: آپ مدنی ہیں،لوگوں نے آپ کو ضعیف کہا ہے ۱۸۲ ایک سو بیاسی میں وفات ہوئی۔
(۴۰)عبدالعزیز ابن رفیع: آپ اسدی آپ مکی ہیں،کوفہ میں قیام رہا مشہور تابعی ہیں،نوے سال سےزیادہ عمر ہوئی حضرت ابن عباس اورانس ابن مالک سے روایات لیں۔
(۴۱)عبدالعزیز ابن جریج: آپ مکی ہیں،حضرت عائشہ اور ابن عباس سے ملاقات ہے۔
(۴۲)عبدالعزیز ابن عبداﷲ: آپ فقہاء مدینہ سے ہیں،بغداد میں رہے وہاں علم حدیث کی خدمت کی ۱۶۴ ایک سو چونسٹھ میں وفات ہوئی وہاں ہی مقابر قریش میں دفن ہوئے۔
(۴۳)عبدالملک ابن عمیر: آپ قرشی کوفی ہیں،یہ نسبت قرش کی طرف ہے نہ کہ قریش کی طرف کوفہ کے قاضی رہے کوفہ کے مشہور تابعی ہیں،بڑے عالم ثقہ تھے ایک سوتین سال عمر ہوئی اور ۱۳۶ ایک سو چھتیس میں وفات ہوئی۔
(۴۴)عبدالواحد ابن ایمن: آپ مخزومی ہیں اور قاسم ابن عبد الواحد کے والد ہیں،مشہور تابعی ہیں۔
(۴۵)عبدالرزاق ابن ہمام: آپ کی کنیت ابوبکر ہے اپنے وقت کے بڑے علماء سے ہیں،آپ نے بہت کتب تصنیف کی ہیں،امام احمد وغیرہم کے شیخ ہیں،پچاسی سال عمر ہوئی ۲۱۱ دوسو گیارہ میں وفات پائی،ابن جریج و معمر سے ملاقات ہے۔
(۴۶)عبدالحمید ابن جبیر: آپ جمحی ہیں،اپنی پھوپھی صفیہ اور ابن مسیب سے روایات لیتے ہیں۔
(۴۷)عبد المہیمن ابن عباس ابن سہل: ساعدی اپنے والد اور ابی حازم وغیرہ سے روایات لیتے ہیں۔
(۴۸)عبدالاعلٰی ابن مسہر: آپ غسانی ہیں،اہلِ شام کے شیخ ہیں،بڑے فصیح عالم ہیں اس لیے قید کیے گئے کہ آپ خلق قرآن کے قائل نہ تھے چنانچہ آپ جیل میں بھیجے گئے رجب ۲۲۸ دوسو اٹھائیس میں فوت ہوئے۔
(۴۹)عبدالمنعم ابن نعیم: آپ اسواری ہیں،ایک جماعت صحابہ سے ملاقات ہے۔
(۵۰)عبدخیر ابن یزید: آپ کی کنیت ابو عمارہ ہے ہمدانی ہیں،آپ نے حضور انور کا زمانہ پایا مگر ملاقات نہ کرسکے،حضرت علی کے خاص ساتھیوں سے ہیں،کوفہ میں رہے ایک سوبیس سال عمر ہوئی۔
(۵۱)عمران ابن حطان: آپ دوسی ہیں،حضرت عائشہ صدیقہ ابن عمر وغیرہ سے روایات لیتے ہیں۔
(۵۲)عمرو ابن شعیب: ابن محمد ابن عبدالله ابن عمرو ابن عاص سہمی ہیں،آپ نے اپنے والد شعیب،ابن مسیب،طاؤس وغیرہم سے روایت لی بخاری مسلم نے ان کی کوئی حدیث نہ لی کیونکہ ان کی روایات میں عن ابیہ عن جدہ عن النبی صلی الله علیہ وسلم آتا ہے خبر نہیں ہوئی کہ جدہ سے ان کے اپنے دادا محمد مراد ہیں یا والد یعنی شعیب کے دادا ابن عمرو ابن عاص مراد ہیں محمد تابعی ہیں اور عبدالله ابن عمرو صحابی ہیں تو پتہ نہیں لگتا کہ حدیث متصل ہے یا مرسل نیز شعیب نے اپنے دادا عبدالله ابن عمرو سے ملاقات نہیں کی لہذا ان کی احادیث میں تدلیس ہے اس وجہ سے بخاری مسلم نے انکی احادیث نہ لیں۔
(۵۳)عمرو ابن سعید: ثقیف کے آزاد کردہ غلام ہیں،بصری ہیں حضرت انس سے احادیث لیتے ہیں۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع