30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۱۰۴)عمرو ابن حزم: آپ کی کنیت ابو ضحاک ہے،انصاری ہیں،غزوہ خندق میں شریک ہوئے،اس وقت آپ کی عمر پندرہ سال تھی،حضور انور نے آپ کو نجران کا حاکم بنایا ۵۳ترپن میں مدینہ منورہ میں آپ کی وفات ہوئی۔
(۱۰۵)عمرو ابن سعید: آپ قرشی ہیں،دوہجرتوں والے ہیں،پہلی ہجرت حبشہ کی طرف کی پھر مدینہ منورہ میں رہے حضرت جعفر ابن ابی طالب کے ساتھ خیبر کے سال مدینہ پہنچے،۱۳ تیرہ میں شام میں شہید کیے گئے۔
(۱۰۶)عمرو ابن سلمہ: آپ مخزومی ہیں،حضور انور کا زمانہ پایا اپنی قوم کی امامت کرتے تھے کیونکہ ان میں قرآن کے زیادہ قاری آپ ہی تھے کہا گیا ہے کہ اپنے والد کے ساتھ حضور انور کی خدمت میں حاضر ہوئے،آخر میں بصرہ میں رہے،آپ چھ سال کی عمر میں اپنی قوم کی امامت کرتے تھے،سجدہ میں آپ کے چوتڑ کھل جاتے تھے۔
(۱۰۷)عمرو ابن عاص: آپ سہمی قرشی ہیں،۵ یا ۸ آٹھ میں اسلام لائے آپ اور خالد ابن ولید اور عثمان ابن طلحہ ایک ساتھ آکر مسلمان ہوئے،حضور انور نے آپ کو عمان کا حاکم بنایا حضور کی وفات تک آپ حاکم رہے پھر حضرت عمر عثمان اور معاویہ نے آپ کو حاکم بنایا،مصر آپ نے ہی فتح کیا اور وفات تک مصر کے حاکم رہے حضرت عثمان نے چار سال تو آپ کو عامل رکھا پھر معزول کردیا،پھر امیر معاویہ نے اپنی حکومت میں وہاں کا حاکم بنایا نوے سال عمر ہوئی ۴۳ تینتالیس میں وفات پائی آپ کے بعد آپ کے بیٹے عبدالله ابن عمرو مصر کے حاکم ہوئے جنہیں،حضرت معاویہ نے معزول کردیا،بہت لوگوں نے آپ سے روایات لیں جیسے عبدالله ابن عمر قیس ابن ابی حازم وغیرہم۔
(۱۰۸)عمرو ابن عبسہ: آپ کی کنیت ابونجیح ہے سلمی ہیں،پرانے مؤمنین میں سے ہیں حتی کہ بعض نے فرمایا کہ آپ چوتھے مسلمان ہیں،حضور انور نے آپ کو مؤمن صحابی بنا کر فرمایا تھا کہ ابھی اپنے وطن جاؤ جب تم کو ہمارے غلبہ کی خبر ملے تب ہمارے پاس آجانا۔چنانچہ آپ کو فتح خیبر کی جب خبر ملی تو حضور کی خدمت میں آئے اور وہاں ہی رہے آپ کا شمار اہلِ شام میں ہوتا ہے۔
(۱۰۹)عمرو ابن عوف: آپ انصاری ہیں،بدر میں شریک ہوئے اور مدینہ منورہ میں رہے۔
(۱۱۰)عمرو ابن عوف مزنی: آپ بڑے پرانے مؤمنین سے ہیں،آپ کے متعلق یہ آیت نازل ہوئی"تَوَلَّوۡا وَّ اَعْیُنُہُمْ تَفِیۡضُ مِنَ الدَّمْعِ"مدینہ منورہ میں رہے وہاں ہی امیر معاویہ کے زمانہ میں وفات پائی۔
(۱۱۱)عمرو ابن حمق: آپ خزاعی ہیں،صحابی ہیں،۵۱ میں موصل میں قتل کیے گئے۔
(۱۱۲)عمرو ابن مرہ: آپ کی کنیت ابو مریم ہے جہنی ہیں یا ازدی،اکثر غزوات میں شریک ہوئے،شام میں قیام رہا اور امیر معاویہ کے زمانہ میں وفات پائی۔
(۱۱۳)عمرو ابن قیس: آپ قرشی عامری ہیں،آپ کا دوسرا نام عبدالله ہے آپ ہی کو ابن ام مکتوم کہتے ہیں،نابینا تھے آپ کی والدہ کا نام عاتکہ ہے آپ ام المؤمنین خدیجۃ الکبریٰ کے ماموں زاد یا خالہ زاد بھائی ہیں،مکہ معظمہ میں اول ہی میں ایمان لائے آپ نے مصعب ابن عمیر کے ساتھ ہجرت کی مہاجرین اولین میں سے ہیں،حضور انور نے آپ کو بارہا مدینہ منورہ میں اپنا نائب مقرر فرمایا اور سفر میں تشریف لے گئے آخری بار حجۃ الوداع کے موقعہ پر وفات مدینہ منورہ میں ہوئی بعض کہتے ہیں کہ غزوہ قادسیہ میں شہید ہوئے۔مترجم کہتا ہے کہ سورۂ "عبس و تولٰی"آپ ہی کے متعلق نازل ہوئی،اس سورۃ کے نزول کے بعد حضور انور آپ کے لیے اپنی چادر بچھادیتے تھے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع