30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۳۹)عبداﷲ ابن حبش: آپ خشنی ہیں،آپ کا شمار اہل حجاز میں ہے۔
(۴۰)عبداﷲ ابن ابی حدرد: آپ کے والد کا نام سلامہ ابن عمرو ہے کنیت ابو الحدرد اسلمی ہیں،صلح حدیبیہ میں شریک ہوئے،پھر خیبر اور بعد کے غزوات میں،۸۱ ۱کیاسی سال عمر ہوئی ۷۱ اکہتّر میں وفات پائی۔
(۴۱)عبداﷲ ابن حنظلہ: آپ انصاری ہیں،آپ کے والد حنظلہ غسیل الملائکہ ہیں کہ انہیں فرشتوں نے غسل میت دیا عبدالله حضور انور کے زمانہ میں پٖیدا ہوئے،حضور انور کی وفات کے وقت آپ سات سال کے تھے آپ انصار کے سردار تھے یزید کے مقابل اہل مدینہ نے آپ کے ہاتھ پر بیعت کی تھی اسی وجہ سے فتنہ حرہ میں آپ قتل کیے گئے ۶۳ تریسٹھ میں۔
(۴۲)عبداﷲ ابن حوالہ: آپ ازدی ہیں،شام میں قیام رہا ۸۰ اسی میں شام میں وفات پائی۔
(۴۳)عبداﷲ ابن خبیب: آپ جہنی ہیں،انصار کے حلیف ہیں،حجازی صحابی ہیں۔
(۴۴)عبداﷲ ابن رواحہ: آپ انصاری خزرجی ہیں،انصار کے نقیب ہیں،بیعت عقبہ میں شریک ہوئے،پھر سواء فتح مکہ باقی تمام غزوات،بدر،احد،خندق وغیرہ میں شریک ہوئے کیونکہ آپ غزوہ موتہ ۸ آٹھ میں امیر تھے وہاں شہید ہوئے،آپ بڑے شاعر تھے حضور انور نے آپ کے اشعار بہت شوق سے سنے ہیں،مشہور صحابی ہیں۔
(۴۵)عبداﷲ ابن زبیر: آپ کی کنیت ابوبکر ہے اسدی قرشی ہیں،حضور انور نے آپ کو آپ کے نانا جناب صدیق اکبر کی کنیت ابوبکر عطا فرمائی اور انہیں کا نام عبدالله رکھا،آپ اسلام میں مہاجرین میں پہلے بچے ہیں جو پیدا ہوئے،ایک ہجری میں ابوبکر صدیق نے کان میں اذان دی مقام قبا میں بی بی اسماء بنت صدیق اکبر کے شکم شریف سے پیدا ہوئے،آپ انہیں حضور کی خدمت میں لائیں حضور انور نے چھوہارے سے تحنیک کی آپ کے پیٹ میں سب سے پہلے حضور کا لعاب پہنچا،پھر حضور نے آپ کو دعا برکت دی آپ کے سر اور چہرے پر کوئی بال نہ تھا،آپ بہت زیادہ نماز روزے کے عادی تھے آپ کے والد حضرت زبیر والدہ بنت صدیق نانا خود صدیق دادی بی بی صفیہ حضور کی پھوپھی خالہ حضرت عائشہ صدیقہ ہیں،آٹھ سال کی عمر میں حضور سے بیعت کی آپ کو حجاج ابن یوسف نے مکہ معظمہ میں ۱۷ سترہ جمادی آخرہ ۷۳ھ تہتّر منگل کے دن سولی دے کر ہلاک کیا۶۴ چونسٹھ میں آپ کے ہاتھ پر بیعت خلافت کی گئی تھی،حجاز،یمن عراق خراسان وغیرہ کے مسلمانوں نے آپ کی بیعت کرلی تھی بجز شام کے مسلمانوں نے آپ نے اپنی خلافت میں آٹھ حج لوگوں کو کرائے۔
(۴۶)عبداﷲ ابن زمعہ: آپ قرشی،اسدی ہیں،آپ کا شمار اہل مدینہ میں ہے۔
(۴۷)عبداﷲ ابن زید: آپ زید ابن عبدربہ کے فرزند ہیں،انصاری خزرجی ہیں،بیعت عقبہ بدر اور بعد کے تمام غزوات میں شریک ہوئے،اسلامی اذان آپ نے ہی خواب میں دی تھی ایک ہجری میں،چونسٹھ سال عمر پائی،مدینہ منورہ میں وفات ہوئی۔
(۴۸)عبداﷲ ابن زید ابن عاصم: آپ انصاری مزنی ہیں،بدر میں شریک نہ ہوئے،احد میں شریک ہوئے،آپ نے حضرت وحشی کے ساتھ مسیلمہ کذاب کو قتل کیا،آپ ۶۳ تریسٹھ میں حرہ کے واقعہ میں شہید ہوئے۔
(۴۹)عبداﷲ ابن سائب: آپ قرشی مخزومی ہیں،اہل مکہ نے قرأت ان سے سیکھی،آپ شہادت ابن زبیر سے پہلے مکہ معظمہ میں فوت ہوئے۔
(۵۰)عبداﷲ ابن سرجس: آپ مزنی بصری ہیں،آپ کی احادیث بصرہ والوں میں بہت مشہور ہیں۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع