30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۲۷)عبداﷲ ابن ارقم: آپ زہری ہیں،قرشی ہیں،فتح مکہ کے سال اسلام لائے،حضور انور کے کاتب رہے پھر جناب صدیق و فاروق کے،حضرت عمر نے آپ کو افسر مال بنایا تھا،پھر عثمان غنی نے مگر خلافت عثمانی میں آپ نے استعفا دے دیا اسی خلافت عثمانی میں وفات پائی۔
(۲۸)عبدالله ابن ابی اوفی: آپ کے والد ابی اوفی کا نام علقمہ ابن قیس ہے آپ اسلمی ہیں،صلح حدیبیہ اور غزوہ خیبر اور ان کے بعد والے غزوات میں شریک ہوئے حضور انور کی وفات تک مدینہ منورہ میں رہے،پھر کوفہ چلے گئے،آپ کوفہ کے آخری صحابی ہیں کہ آپ کی وفات سے کوفہ صحابہ سے خالی ہوگیا،ستاسی سال عمر ہوئی امام شعبی وغیرہ نے آپ سے روایات لیں۔
(۲۹)عبدالله ابن انیس: آپ جہنی انصاری ہیں،احد اور اس کے بعد کے غزوات میں شامل رہے،۵۴ چون میں مدینہ منورہ میں وفات پائی۔
(۳۰)عبداﷲ ابن بسر: آپ سلمی مازنی ہیں،آپ کے ماں باپ بھائی عطیہ بہن صماء سب صحابی ہیں،شام میں رہے مقام حمص میں وفات پائی آپ کی موت اچانک وضو کرتے ہوئے ہوئی آپ شام کے آخری صحابی ہیں کہ آپ کی وفات سے شام صحابہ سے خالی ہوگیا بعض نے فرمایا کہ وہاں کے آخری صحابی ابو امامہ ہیں۔
(۳۱)عبدالله ابن عدی: آپ قرشی زہری ہیں،قدیر اور عسفان کے درمیان قیام رہتا تھا۔
(۳۲)عبداﷲ ابن ابی بکر: آپ حضرت ابوبکر صدیق کے بیٹے ہیں،حضور انور کے ساتھ طائف میں شریک ہوئے وہاں ہی آپ کو ابو محجن ثقفی نے تیر مارا شوال گیارہ میں شروع خلافت صدیقی میں وفات پائی آپ پرانے مؤمنین میں سے ہیں۔
(۳۳) عبد الله ابن ثعلبہ: آپ مازنی عدوی ہیں،حضور انور کی ہجرت سے چار سال پہلے پیدا ہوئے اور ۸۹ نواسی میں وفات پائی،فتح مکہ کے سال حضور انور کی زیارت کی حضور نے آپ کے چہرہ پر ہاتھ شریف پھیرا۔
(۳۴)عبداﷲ ابن جحش: آپ اسدی ہیں،ام المؤمنین زینب بنت جحش کے بھائی ہیں،حضور انور کے دار ارقم میں جانے سے پہلے ایمان لائے دو ہجرتیں کیں اور مقبول الدعا تھے بدر میں شریک ہوئے،غزوہ احد میں شہید ہوئے،پہلے آپ نے غنیمت کے پانچ حصہ کیے ایک حصہ حضور انور کا اور چار مجاہدین کے پھر قرآن مجید نے آپ کی تائید کی"وَاعْلَمُوۡۤا اَنَّمَا غَنِمْتُمۡ مِّنۡ شَیۡءٍ فَاَنَّ لِلہِ خُمُسَہٗ"الخ۔آپ کسی سریہ میں گئے تھے وہاں کی غنیمت میں سے پانچواں حصہ حضور کے لیے نکال لیا،آپ کو ابو الحکم ابن اخنس نے شہید کیا،آپ کی عمر چالیس سال سے زیادہ ہوئی حضرت حمزہ کے ساتھ ایک قبر میں دفن کیے گئے۔
(۳۵)عبداﷲ ابن ابی الحمساء: آپ عامری ہیں،بصرہ والوں میں آپ کا شمار ہے۔
(۳۶)عبداﷲ ابن جعفر: آپ حضرت جعفر ابن ابی طالب کے فرزند ہیں،آپ کی والدہ بی بی اسماء بنت عمیس ہیں،حبشہ میں آپ کی پیدائش ہے،حبشہ میں آپ اسلام میں پہلے ہیں جو پیدا ہوئے،آپ نے نوے سال عمر پائی ۸۰ میں مدینہ منورہ میں وفات ہوئی بڑے سخی تھے،آپ کا لقب بحرالجود تھا،بڑے خوش طبع اور حلیم تھے،بعض کہتے ہیں کہ اسلام میں ان جیسا سخی نہیں پیدا ہوا۔
(۳۷)عبداﷲ ابن جہم: آپ انصاری ہیں،حضرت بسر ابن سعید نے آپ سے روایات لیں۔
(۳۸)عبداﷲ ابن جزء: آپ کی کنیت ابو الحارث ہے سہمی ہیں غزوہ بدر میں شریک ہوئے،آخر میں مصر میں قیام رہا ۸۵ پچاسی میں مصر میں وفات ہوئی۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع