30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۸)صنابحی: آپ اسی نام سے مشہور ہیں کیونکہ آپ صنالج ابن زاہر ابن عامر قبیلہ سے ہیں جو مراد کے خاندان میں سے ہے آپ کا اصلی نام عبدالله ہے۔
(۹)ابو صرمہ: آپ کا نام مالک ابن قیس ہے مازنی ہیں،بدر وغیرہ تمام غزوات میں شریک ہوئے۔
ص۔۔۔تابعین عظام
(۱)صالح ابن خوات: آپ انصاری مدنی ہیں،ابو سہل ابن ابی حثمہ سے آپ کی ملاقات ہے۔
(۲)صالح ابن درہم: آپ باہلی ہیں،حضرت ابوہریرہ سے احادیث روایت کرتے ہیں۔
(۳)صالح ابن حسان: مدنی ہیں،بصرہ میں رہے امام بخاری کہتے ہیں،منکر الحدیث ہیں۔
(۴)صخر ابن عبداﷲ: آپ عبداﷲ ابن بریدہ کے بیٹے ہیں،اپنے والد اور دادا سے احادیث روایت کرتے ہیں۔
(۵)صفوان ابن سلیم: آپ زہری ہیں،حمید ابن عبدالرحمن ابن عوف کے آزاد کردہ ہیں،جلیل القدر تابعی ہیں،اہلِ مدینہ سے ہیں،بندگانِ صالحین سے ہیں،چالیس سال زمین سے پیٹھ نہ لگائی،زیادہ سجدہ کی وجہ سے پیشانی میں گڑھا پڑ گیا تھا کبھی بادشاہی عطیہ قبول نہیں کیا آپ کے بہت فضائل ہیں،۱۳۲ ایک سو بتیس میں وفات پائی۔
(۶)ابوصالح: آپ کا نام ذکوان ہے سمان اور زیات لقب ہے مدنی ہیں،چونکہ تیل اور گھی کوفہ لے جاتے تھے اس لیے آپ کے یہ القاب ہوئے۔ام المؤمنین جویریہ بنت حارث کے آزاد کردہ ہیں،آپ سے بہت احادیث مروی ہیں۔
ص۔۔۔صحابیات
(۱)صفیہ: آپ حی ابن اخطب کی بیٹی ہیں،بنی اسرائیل سے ہیں،حضرت ہارون علیہ السلام کی اولاد سے ہیں،پہلے کنانہ ابن ابی حقیق کے نکاح میں تھیں جو جنگ خیبر میں مارا گیا یعنی محرم ۷ سات میں آپ قید ہو کر آئیں اور دحیہ کلبی ابن خلیفہ کلبی کے حصہ میں آئیں،حضور انور نے سات غلام انہیں دے کر ان سے خریدلیں انہیں آزاد فرما کر خود ان سے نکاح فرمالیا یعنی ام المؤمنین ہیں،۵۰ پچاس میں مدینہ منورہ میں وفات ہوئی،بقیع میں دفن ہوئیں،آپ سے حضرت انس اور عبداﷲ ابن عمر وغیرہما نے احادیث روایت کیں۔
(۲)صفیہ بنت عبدالمطلب: آپ حضور انور کی پھوپھی ہیں،اسلام سے پہلے حارث ابن حرب کے نکاح میں تھیں اس کی موت کے بعد عوام ابن خویلد کے نکاح میں آئیں ان سے حضرت زبیر پیدا ہوئے،بہت عمر پائی خلافت فاروقی ۲۰ بیس میں وفات پائی تہتّر سال عمر ہوئی مدینہ منورہ کے قبرستان میں بقیع میں دفن ہوئیں۔
(۳)صفیہ بنت ابی عبید: آپ ثقفیہ ہیں،مختار ابن ابی عبید کی بہن ہیں،عبداﷲ ابن عمر کی زوجہ حضور انور کی صحبت یافتہ ہیں،آپ کے کلام سنے مگر کسی حدیث کی حضور سے روایت نہیں کی حضرت عائشہ حفصہ وغیرہم سے روایات لیتی ہیں۔
(۴)صفیہ بنت شیبہ: آپ جمحی ہیں۔حق یہ ہے کہ آپ نے حضور انور سے احادیث روایت نہیں کیں۔
(۵)صماء بنت بسر: آپ مازنیہ ہیں،صحابیہ ہیں،آپ کا نام بہیمہ ہے،صماء لقب ہے۔
ض۔۔۔صحابہ کرام
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع