30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۴۵)ابوسفیان ابن حارث: آپ حارث ابن عبدا لمطلب کے بیٹے ہیں یعنی حضور انور کے چچازاد،نیز حضور کے دودھ شریکے بھائی بھی ہیں کہ حلیمہ بنت ابی ذویب سعدیہ نے آپ کو بھی دودھ پلایا ہے،بعض نے فرمایا کہ آپ کا نام مغیرہ ہے،بعض نے فرمایا کہ مغیرہ آپ کے بھائی کا نام ہے اور آپ کا نام یہ کنیت ہی ہے،زمانہ جاہلیت کے شعراء میں سے تھے حضور انور کی ہجو میں اشعار لکھا کرتے تھے،حضرت حسان ابن ثابت آپ کے اشعار کا اشعار میں جواب دیتے تھے۔پھر جب اسلام لائے تو عمر بھر کبھی حضور کے سامنے شرم و حیاء سے نگاہ اونچی نہ کی فتح مکہ کے دن مسلمان ہوئے،حضرت علی نے آپ سے کہا تھا کہ ابوسفیان تم آستانہ عالیہ میں جاکر یہ آیت حضور انور کے سامنے پڑھ دینا"تَاللہِ لَقَدْ اٰثَرَکَ اللہُ عَلَیۡنَا وَ اِنۡ کُنَّا لَخٰطِئِیۡنَ"یعنی اﷲ نے آپ کو بڑی عزت دی ہے ہم خطاکار ہیں آپ نے یہ ہی کیا۔حضور انور نے نظر رحمت سے دیکھا اور جواب دیا"لَا تَثْرِیۡبَ عَلَیۡکُمُ الْیَوْمَ یَغْفِرُ اللہُ لَکُمْ"یعنی تم پر آج کوئی ملامت نہیں الله تمہیں بخشے یہ فرما کر آپ کا اسلام قبول فرمایا دامن رحمت میں جگہ دے دی آپ کی موت کا واقعہ یہ ہوا کہ آپ حج کو گئے سرمنڈایا نائی نے آپ کے سر پر جو غدود تھا کاٹ دیا اس پر بیمار ہوگئے اور حج میں ہی فوت ہوگئے عقیل ابن ابی طالب کے گھر میں دفن ہوئے،حضرت عمر فاروق نے جنازہ پڑھایا وفات۲۰ میں ہوئی۔
(۴۶)ابو سمح: آپ کا نام ایاد ہے حضور انور کے خاص خادم یا آپ کے آزاد کردہ ہیں خبر نہیں کہ وفات کب اور کہاں ہوئی۔
(۴۷)ابو سہلہ: آپ کا نام سائب ابن خلاد ہے آپ کا ذکر گزر چکا ہے۔
س۔۔۔تابعین عظام
(۱)سعید ابن مسیب: آپ کی کنیت ابو محمد ہے،قرشی مخزومی ہیں،مدنی ہیں،خلافت فاروقی میں پیدا ہوئے جبکہ آپ کی خلافت کو دو سال گزرے تھے آپ کو سید التابعین کہا جاتا ہے،فقہ حدیث،زہد،تقوی ورع میں یکتاتھے،حضرت ابوہریرہ کی احادیث،عمر فاروق کےفیصلوں کے سب سے بڑے عالم تھے۔صحابہ کرام کی بڑی جماعت سے ملاقات ہے بہت تابعین آپ کے شاگر د ہیں۔مکحو ل فرماتے ہیں کہ میں نے طلب علم میں زمین چھان ماری ابن مسیب سے بڑا عالم نہ پایا،آپ نے چالیس حج کئے ۹۳ ترانوے میں وفات ہوئی۔
(۲) سعید ابن عبد العزیز: آپ تنوخی ہیں،دمشق میں امام اوزاعی کے ہم زمانہ ہیں،شام کے رہنے والے،امام احمد فرماتے ہیں کہ شام میں ان سے بہتر محدث نہیں آپ نماز میں گریہ وزاری کرتے تھے۔فرماتے تھےکہ جب میں نماز میں کھڑا ہوتاہوں تو دوزخ میرے سامنے ہوتی ہے،ستر سال سے زیادہ عمر پائی ۶۷سرسٹھ میں وفات ہوئی۔
(۳)سعید ابن ابی الحسن: ابو الحسن کا نام یسار ہے آپ بصری ہیں،آپ کی وفات اپنے بھائی سے ایک سال پہلے ہوئی ۱۰۹ ایک سو نو میں وفات ہے۔
(۴)سعید ابن حارث: آپ حارث ابن معلی کے بیٹے انصاری ہیں،مدینہ منورہ میں قاضی رہے مشہور تابعی ہیں۔
(۵)سعید ابن ابی ہند: آپ حضرت سمرہ کے آزاد کردہ ہیں،بہت صحابہ سے ملاقات ہے۔
(۶)سعید ابن جبیر: آپ اسدی کوفی ہیں،شاندار تابعی ہیں،شعبان ۹۳ ترانوے میں آپ کو حجاج ابن یوسف نے قتل کیا اس سال رمضان یا شوال میں حجاج مرگیا آپ کے قتل کے بعد حجاج کسی کو قتل نہ کرسکا۔جب حجاج نے آپ کو قتل کرنا چاہا تو پہلے بہت بحث مباحثہ کیا،پھر جلاد کو قتل کا حکم دیا آپ اس حکم پر بہت ہنسے وجہ پوچھی تو فرمایا تیرے ظلم اور رب تعالٰی کے حلم پر ہنستا
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع