30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۱۱)سہل ابن سعد: آپ ساعدی انصاری ہیں،آپ کی کنیت ابو العباس ہے،آپ کا نام پہلے حزن تھا حضور انور نے سہل رکھا، حضور انور کی وفات کے وقت آپ پندرہ سال کے تھے،آپ کی وفات ۹۱ میں مدینہ منورہ میں ہوئی،مدینہ منورہ میں آخری صحابی آپ ہی فوت ہوئے کہ آپ کی وفات سے مدینہ صحابہ سے خالی ہوگیا۔
(۱۲)سہل ابن حنیف: آپ انصاری اوسی ہیں،بدر وغیرہ تمام غزوات میں شریک ہوئے،حضور کے بعد حضرت علی کے ساتھ رہے،مدینہ پاک پھر فارس کے حاکم رہے، ۳۸ھ میں کوفہ میں وفات پائی۔
(۱۳)سہل ابن بیضاء: آپ اور آپ کے بھائی سہیل دونوں کی ماں کا لقب بیضاء ہے نام وعد،والد کا نام وہب ابن ربیعہ ہے،آپ مکہ معظمہ میں ایمان لاچکے تھے مگر اپنا ایمان چھپائے رہے حتی کہ بدر میں کفار کے ساتھ آئے اور قید ہوگئے مگر حضرت عبدالله ابن مسعود نے گواہی دی کہ میں نے انہیں مکہ میں نماز پڑھتے دیکھا تب چھوڑ دیئے گئے،مدینہ منورہ میں آپ کی وفات ہوئی حضور انور نے آپ کا اور آپ کے بھائی سہیل کا جنازہ مسجد نبوی میں پڑھایا۔
(۱۴)سہل ابن ابی حیثمہ: آپ کی کنیت ابو محمد یا ابو عمارہ ہے،انصاری اوسی ہیں،۳ ہجری میں پیدا ہوئے،کوفہ میں قیام رہا،آپ کا شمار اہلِ مدینہ سے ہے،مصعب ابن عمیر کے زمانہ میں آپ کی وفات ہے۔
(۱۵)سہل ابن حنظلیہ: خیال رہے کہ حنظلیہ یا تو آپ کی دادی ہیں یا ماں،آپ کے والد کا نام ربیع ابن عمرو ہے حضرت سہیل بیعت الرضوان میں شریک تھے،آپ دنیا سے کنارہ کش عبادات ریاضات میں مشغول تھے اولاد کوئی نہیں ہوئی، امیر معاویہ کے زمانہ میں آپ کی وفات ہوئی۔
(۱۶)سہیل ابن عمرو: قرشی عامری ہیں،جندل کے والد ہیں،قریش کے سردار ہیں،غزوہ بدر میں مسلمانوں کے ہاتھوں قید ہوئے،حضرت عمر نے عرض کیا کہ اس کے دانت نکال دیئے جاویں تاکہ یہ کبھی آپ کے خلاف تقریریں نہ کرسکے یہ بہت اعلٰی مقرر تھے،حضور انور نے فرمایاکہ جلدی نہ کرو عنقریب یہ درست ہوجائے گا،یہ صلح حدیبیہ میں حضور کی بارگاہ میں کفار کے نمائندے بن کر آئے تھے،حضور انور کی وفات کے بعد جب لوگ مرتد ہونے لگے تو آپ نے ارتداد سے روکا،۱۸ اٹھارہ میں عمواس کی طاعون میں وفات ہوئی،بعض نے فرمایا کہ جنگ یرموک میں شہید ہوئے،آپ کے فضائل بہت ہیں۔
(۱۷)سہیل ابن بیضاء: آپ قرشی ہیں،پرانے مسلمان ہیں،دو ہجرتوں والے ہیں،پہلے مکہ معظمہ سے حبشہ کو ہجرت کی،پھر وہاں سے مدینہ منورہ،بدر وغیرہ تمام غزوات میں شریک ہوئے،حضور کی حیات شریف میں وفات پائی ۹ نو ہجری میں جب کہ حضور انور غزوہ تبوک سے واپس ہوئے،اولاد کوئی نہیں۔
(۱۸)سمرہ ابن جندب: آپ انصار کے حلیف تھے،حافظ قرآن تھے،حضور انور سے بڑے فیوض پائے،۵۹ انسٹھ میں بصرہ میں وفات پائی۔
(۱۹)سلیمان ابن صرد: آپ کی کنیت ابو المطرف ہے،خزاعی ہیں،عالم عابد ہیں،کوفہ میں رہے،ترانوے سال عمر ہوئی۔
(۲۰)سلیمان ابن بریدہ: آپ اسلمی ہیں،بہت صحابہ سے روایات لیتے ہیں،۱۵ پندرہ میں وفات ہوئی۔
(۲۱)سلمہ ابن اکوع: آپ کی کنیت ابو مسلم ہے،اسلمی ہیں،مدنی ہیں،بیعت الرضوان میں شامل ہوئے،بڑے بہادر تھے، پیدل کی لڑائی میں مشہور تھے،اسی برس عمر پائی،مدینہ منورہ میں۷۴ چوہتّر میں وفات ہوئی۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع