30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۱۴)ابو رمشہ: آپ ابن رفاعہ ابن یثربی ہیں،تمیمی ہیں،القیس ابن زید ابن مناۃ ابن تمیم کی اولاد سے ہیں،آپ کے نام میں بہت اختلاف ہے عمارہ نام ہے یا کچھ اور آپ اپنے والد کے ساتھ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کی بارگاہ میں حاضر ہوئے،آپ کا شمار اہلِ کوفہ میں ہوتا ہے۔
(۱۵)ابو رزین: آپ لقیط عامر ابن صبرہ ہیں،آپ کا ذکر لام میں ہوگا۔
(۱۶)ابو ریحانہ: آپ شمعون ابن یزید کے بیٹے ہیں،قرظی ہیں یعنی بنی قریظہ کے حلیف ہیں ورنہ انصاری ہیں۔آپ حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے خادم ہیں،آپ کی بیٹی کا نام ریحانہ ہے بڑے عالم زاہد تارک الدنیا تھے آخر میں شام میں قیام رہا۔
ر۔۔۔تابعین عظام
(۱)ابو رجاء: آپ کا نام عمران ابن تمیم ہے،عطاردی ہیں،حضور انور کی زندگی پاک میں ایمان لائے مگر زیارت نہ کرسکے عالم باعمل تھے حضرت عمر سے روایات لی ہیں،۱۰۷ ایک سو سات میں وفات ہے بڑے قاری تھے قرات میں مشہور ہیں۔
(۲)ربیعہ ابن ابی عبدالرحمن: آپ جلیل القدر تابعی ہیں،فقہاء مدینہ سے تھے،آپ سے امام مالک اور سفیان ثوری وغیرہم نے روایات لیں،۱۳۶ ایک سوچھتیس میں وفات ہے۔
(۳)رعل ابن مالک: آپ رعل ابن مالک ابن عوف ہیں،اسی قبیلہ رعل سے ہیں جن پر حضور انور نے بہت روز قنوت نازلہ پڑھی،آپ کی قوم نے قراء کو شہید کیا تھا۔
ر۔۔۔صحابیات
(۱)ربیع بنت معوذ: آپ مشہور صحابیہ ہیں،انصاریہ ہیں،مدینہ منورہ اور مصر میں آپ کی احادیث بہت مشہور ہیں۔
(۲)ربیع بنت براء: آپ حضرت انس بن مالک کی پھوپھی ہیں اور حارثہ ابن سراقہ کی والدہ انصاریہ ہیں مگر بخاری شریف میں ہے کہ آپ ربیع بنت نضر کی والدہ ہیں۔
(۳)رمیصاء: آپ ام سلیم بنت ملحان کی والدہ ہیں اور ام سلیم حضرت انس ابن مالک کی ماں ہیں،ان کا ذکر سین کی تختی میں آوے گا۔
ز۔۔۔صحا بہ کرام
(۱)زید ابن ثابت: آپ انصاری ہیں،حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے کاتب ہیں،ہجرت کے بعد سے وفات پاک تک کاتب رہے،صحابہ کرام میں بڑے فقیہ ہیں،علم میراث کے امام ہیں،قرآن مجید جمع کرنے والی جماعت کے امیر ہیں کہ آپ نے اپنی جماعت کے ساتھ خلافت صدیقی میں قرآن مجید جمع کیا اور عہد عثمانی میں اسے مصاحف میں نقل فرمایا،آپ سے بڑی مخلوق نے احادیث روایت کیں،پچاس سال عمر پائی ۴۵ پینتالیس میں وفات شریف ہوئی۔
(۲)زید ابن ارقم: آپ کی کنیت ابو عمرو ہے،انصاری خزرجی ہیں،آخر میں کوفہ میں رہے،۶۶چھیاسٹھ میں وہاں ہی وفات ہوئی۔آپ کا نسب یوں ہے زید ابن ارقم ابن زید ابن قیس ابن نعمان آپ ہی کے ذریعہ عبدالله ابن ابی کا نفاق ظاہر ہوا، آپ ہی کی تصدیق میں سورۂ منافقین نازل ہوئی،مختار ابن عبدالملک ابن مروان کے زمانہ ۶۶ میں وفات ہوئی۔(مترجم)
(۳)زید ابن خالد: آپ جہنی ہیں،کوفہ میں رہے وہاں ہی وفات پائی،پچاس سال عمر ہوئی،۷۸ اٹھتّر میں وفات ہوئی۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع