30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۲۰)حارثہ ابن وہب: آپ خزاعی ہیں،عبید الله ابن عمر ابن خطاب کے اخیافی بھائی،آپ کا شمار اہلِ کوفہ میں سے ہے۔
(۲۱)حارثہ ابن نعمان: آپ فضلاء صحابہ میں سے ہیں،غزوہ بدر احد اور تمام غزوات میں شامل ہوئے،آپ ہی کا وہ واقعہ ہے کہ ایک بار حضور صلی اللہ علیہ و سلم آپ پر گزرے حضور کے ساتھ ایک صاحب اور بھی تھے آپ نے سلام کیا ان صاحب نے جواب دیا جب آپ واپس ہوئے تو حضور صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ کیا تم نے میرے پاس والے شخص کو دیکھا تھا میں نے عرض کیا ہاں،فرمایا وہ جناب جبریل تھے انہوں نے تمہارے سلام کا جواب دیا،آخر میں آپ نابینا ہوگئے آپ مشہور صحابی ہیں۔
(۲۲)حارث ابن حارث: آپ اشعری ہیں،اہلِ شام میں آپ کا شمار ہے۔
(۲۳)حارث ابن ہشام: آپ مخزومی ہیں،ابوجہل ابن ہشام کے بھائی ہیں،حجاز میں بڑے شریف شمار ہوتے تھے،فتح مکہ کے دن ایمان لائے آپ کے لیے حضرت ام ہانی بنت ابو طالب نے حضور انور سے امان مانگی حضور نے امان دے دی اور آپ کو سو اونٹ عطا فرمائے،آپ مکہ معظمہ سے شام چلے گئے تھے،شوق جہاد میں وہاں ہی رہے،۱۵ پندرہ جنگ یرموک میں خلافت فاروقی میں شہید ہوئے۔
(۲۴)حارث ابن کلدہ: آپ ثقفی ہیں،طبیب ہیں،ابوبکر صدیق کے آزادکردہ غلام ہیں۔حق یہ ہے کہ آپ صحابی ہیں اول اسلام میں آپ کی وفات ہوئی۔
(۲۵)ابو حبہ: آپ کا نام ثابت ابن نعمان ہے،انصاری بدری ہیں،آپ کے نام میں اختلاف ہے،بدر میں شریک ہوئے،احد میں شہید ہوئے۔
(۲۶)ابوحمید: آپ کا نام عبدالرحمن ابن سعد ہے، انصاری خزرجی ساعدی ہیں،آپ سے ایک جماعت نے احادیث لیں وفات امیر معاویہ کے آخری دور میں ہوئی۔
(۲۷)ابوحذیفہ: آپ کا نام ہشم یا ہشیم ہے،عتبہ ابن ربیعہ کے بیٹے ہیں،غزوہ بدر،احد اور تمام غزوات میں شریک ہوئے،۵۳ تریپن سال عمر ہوئی،غزوہ یمامہ میں شہید ہوئے خلافت صدیقی میں۔
(۲۸)ابو حنظلیہ: آپ کا نام سہیل ابن عبدالله ہے حنظلیہ ہیں،حنظلیہ آپ کی پر دادی کا نام ہے۔
ح۔۔۔تابعین عظام
(۱)حارث ابن سوید: آپ تمیمی کوفی ہیں،فضلاء تابعین میں سے ہیں،حضرت عبداﷲ ابن زبیر کے آخر دور میں وفات پائی۔
(۲)حارث ابن مسلم: آپ تمیمی ہیں،آپ کی احادیث اہلِ شام میں مشہور ہیں۔
(۳)حارث ابن اعور: آپ عبداﷲ اعور کے بیٹے ہیں،حارثی ہیں،ہمدانی ہیں،حضرت علی مرتضٰی کے خاص صحبت یافتہ ہیں، آپ علم فقہ علم فرائض میں بہت مشہور تھے لوگ آپ سے بڑی محبت کرتے تھے،۶۵ پینسٹھ میں کوفہ میں آپ نے وفات پائی۔
(۴)حارث ابن شہاب: آپ حرمی ہیں،لوگوں نے آپ کو ضعیف کہا ہے۔
(۵)حارث ابن وجیہ: آپ راسی یعنی بنی راس سے ہیں،مالک ابن دینار سے احادیث نقل کرتے ہیں۔
(۶)حارثہ ابن مضرب: آپ عبدی کوفی ہیں،مشہور تابعی ہیں،حضرت علی اور ابن مسعود سے احادیث روایت کرتے ہیں۔
(۷)حارثہ ابن ابی الرجال: آپ نے اپنے والد اور اپنی دادی عمرہ سے روایت لیں مگر آپ محدثین کے نزدیک ضعیف ہیں۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع