30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
(۵)اسید ابن حضیر: آپ انصاری اوسی ہیں،آپ دوسری بیعت عقبہ میں شریک ہیں،آپ نقیبوں میں سے تھے،دونوں بیعت عقبہ میں ایک سال کا فاصلہ ہے،آپ بدر وغیرہ تمام غزوات میں شریک ہوئے،آپ سے جماعت صحابہ نے روایت لیں،مدینہ منورہ میں ۲۰ھ بیس میں خلافت فاروقی میں وفات ہوئی،بقیع میں دفن ہوئے۔
(۶)ابو اسید: آپ کا نام ابو اسید ابن مالک ابن ربیعہ ہے،انصاری ہیں،ساعدی ہیں،تمام غزوات میں شریک ہوئے،اپنی کنیت میں مشہور ہیں،آپ سے بہت مخلوق نے روایات کی، ۶۰ھ ساٹھ میں وفات ہوئی اٹھتر سال کی عمر ہوئی،آخر میں نابینا ہوگئے تھے،آپ سب سے آخری بدری ہیں کہ آپ کی وفات سے زمین بدری صحابہ سے خالی ہوگئی۔
(۷)اسلم: آپ کی کنیت ابو رافع ہے،حضور صلی اللہ علیہ و سلم کے غلام،آپ کا ذکر رے کی تختی میں ہوگا۔
(۸)اسمر: آپ اسمر ابن مضرس ہیں،طائی ہیں،آپ کا شمار بصرہ کے بدویوں میں ہے صحابی ہیں۔
(۹)اشعث ابن قیس: آپ اشعث ابن قیس ابن معدیکرب،کنیت ابو محمد ہے،کندی ہیں،کندہ کے وفد میں حضور صلی اللہ علیہ و سلم وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے،اس وفد کے سردار تھے،یہ واقعہ ۱۰ میں ہوا،آپ زمانہ جاہلیت میں بھی اپنی قوم کے محترم سردار تھے،اسلام میں بھی بڑے معزز حضور کی وفات کے بعد اسلام سے مرتد ہوگئے تھے پھر خلافت صدیق میں دوبارہ مسلمان ہوئے،آخر میں کوفہ میں رہے وہاں ہی وفات ہوئی،امام حسن ابن علی نے جنازہ پڑھایا ۴۰ چالیس میں وفات ہوئی۔
(۱۰)اشیم ضبابی: آپ قبیلہ ضباب ابن کلاب کے اولاد سے ہیں،آپ سے علم فرائض میں صرف ایک حدیث مروی ہے۔
(۱۱)ابراہیم ابن رسول الله صلی الله علیہ وسلم: آپ حضرت ماریہ قبطیہ کے بطن شریف سے مدینہ منورہ ذی الحجہ ۸ھ میں پیدا ہوئے،سولہ مہینہ عمر پائی اور جنت البقیع میں دفن ہوئے۔
(۱۲)الاعز المازنی: آپ اعز ابن مزنی ہیں،صحابی ہیں،اہل کوفہ سے ہیں،آپ سے حضرت ابن عمر اور معاویہ ابن قرہ نے روایات کیں۔
(۱۳)ابیض: آپ ابیض ابن جمال ماربی السبائی ہیں،یمن میں قیام رہا،آپ مارب کے رہنے والے ہیں جو یمن کا ایک شہر ہے صنعاء کے قریب۔
(۱۴)اقرع ابن حابس: آپ تمیمی ہیں،فتح مکہ کے بعد بنی تمیم کے وفد میں حضور انور کی خدمت میں حاضر ہوئے،زمانہ جاہلیت اور اسلام میں بڑی عزت والے تھے خراسان کے لشکر میں موجود تھے۔
(۱۵)ابوالازہر: آپ انماری ہیں،شام میں قیام رہا،آپ سے خالد ابن معدان وغیرہم نے روایات لیں۔
(۱۶)اکیدردومہ: آپ اکیدر ابن عبدالملک ہیں،آپ کو دومۃ الجندل کہا جاتا ہے،آپ نے حضور کی خدمت میں ہدایا بھیجے، حضور انور نے آپ سے خط و کتابت کی ان کا ذکر باب الجزیہ میں آتا ہے۔اکیدر تصغیر ہے اکدر کی،دومہ شام و حجاز کے درمیان ایک شہر ہے۔
(۱۷)اوس ابن اوس: آپ کو اوس ابن ابی اوس بھی کہا جاتا ہے،قبیلہ بنی ثقیف سے ہیں،عمرو ابن اوس کے والد ہیں۔
(۱۸)ایاس ابن بکیر: آپ قبیلہ بنی لیث سے ہیں،بدر وغیرہ غزوات میں شریک ہوئے،جب حضور دار ارقم میں تھے تو ایمان لائے،۳۴ چونتیس میں وفات پائی۔
(۱۹)ایاس ابن عبداللہ: آپ دوسی مدنی ہیں،آپ کی صحابیت میں اختلاف ہے،آپ سے صرف ایک حدیث مروی ہے بیوی کو مارنے کے متعلق۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع