30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
۴۰؎ موسیٰ علیہ السلام کی امت پر دن رات میں صرف دو نمازیں فرض تھیں جنہیں وہ ادا نہ کرسکے اس لیے آپ یہ فرما رہے ہیں اگر موسیٰ علیہ السلام کی ہر بات مانی جاتی تو غالبًا ہفتہ میں ایک نماز رہتی۔
۴۱؎ خیال رہے کہ الله تعالٰی ارحم الراحمین ہے حضور صلی الله علیہ و سلم رؤف ر حیم ہیں مگر امت محمدیہ پر رحم آیا جلال والے نبی موسیٰ علیہ السلام کو،آخر یہ کیوں؟ اس کی چند وجہیں ہیں: ایک یہ کہ رب چاہتا تھا کہ دکھادیا جاوے کہ الله کے مقبول بندے بعد وفات لوگوں کی مدد کرسکتے ہیں،دیکھو موسیٰ علیہ السلام نے اپنی وفات سے تین ہزار سال بعد مسلمانوں کی مدد یہ کی کہ پچاس نمازوں کی پانچ کرا دیں۔دوسرے یہ کہ بتا دیا جاوے کہ الله تعالٰی جسے دیتا ہے اپنے مقبولوں کے ذریعہ وسیلہ سے دیتا ہے،رب نے یہ رعایت دی کہ پچاس نمازوں کی پانچ کر دیں مگر موسیٰ علیہ السلام کے وسیلہ سے۔تیسرے یہ کہ موسیٰ علیہ السلام بھی رب سے عرض و معروض کرتے ہیں تو حضور محمد مصطفی صلی الله علیہ و سلم کے وسیلہ سے،دیکھو جناب موسیٰ علیہ السلام نے خود ہی رب سے یہ نہ کہہ دیا کہ پچاس نمازیں زیادہ ہیں بلکہ حضور صلی الله علیہ و سلم کی معرفت کہا۔اے لوگو! تم بھی حضور کے توسل سے رب سے عرض و معروض کیا کرو۔چوتھے یہ کہ حضور صلی الله علیہ و سلم کی بارگاہِ الٰہی میں ایسی باریابی ہے کہ بار بار حاضر ہوسکتے ہیں،دیکھو حضور نے یہاں سے ہی دعا نہ کردی بلکہ بار بار حضرت موسیٰ علیہ السلام اور رب تعالٰی کے درمیان آتے جاتے رہے اس لیے رب تعالٰی نے پانچ پانچ نمازیں کم کیں ایک بار ہی پینتالیس کم نہ کردیں۔پانچویں یہ کہ موسیٰ علیہ السلام چاہتے تھے کہ محبوب بار بار رب کو دیکھ کر آتے ہیں اور میں محبوب کو ان کی آنکھوں کو بار بار دیکھتا ہوں رخسار مصطفی جمال کبریا کا آئینہ تھے۔طور والی دعائے دیدار آج قبول ہو رہی ہے،وہ تمنا آج پوری ہورہی ہے امت کا بہانہ تھا کام اپنا بنانا تھا اس لیے اس کے لیے حضرت موسیٰ علیہ السلام منتخب ہوئے۔غرضیکہ اس واقعہ میں بہت سی حکمتیں ہیں جو رب ہی جانے یا اس کے محبوب صلی الله علیہ و سلم۔
۴۲؎ یہاں دس دس نمازوں کی معافی کا ذکر ہے،دوسری روایت میں ہے کہ رب نے آدھی نمازیں معاف کردیں،ایک اور روایت میں ہے کہ پانچ پانچ نمازیں معاف فرمائیں یہ آخری روایت مفصل ہے باقی دونوں روایتیں مجمل ہیں یعنی چند بار میں آدھی نمازیں معاف ہوئیں یا دوبار میں دس نمازیں معاف فرمائیں۔تفصیل یہ ہے کہ پانچ پانچ نمازیں معاف ہوئیں اور حضور انور اسی رات دس دفعہ بارگاہِ الٰہی میں حاضر ہوئے ایک دفعہ تو پہلی بار اور نو دفعہ حضرت موسیٰ اور رب تعالٰی کے درمیان تب نمازیں پچاس کی پانچ ہوئیں۔
۴۳؎ یعنی میں نے آخر بار میں موسیٰ علیہ السلام کہا کہ نمازیں پینتالیس معاف ہوگئیں اور پانچ باقی رہیں۔اس سے معلوم ہوا کہ حکم شرعی عمل بلکہ مکلفین کی خبر سے پہلے بھی منسوخ ہوسکتا ہے،دیکھو معاف شدہ پینتالیس نمازوں کا حکم ہوا مگر مسلمانوں نے نہ تو ان پر عمل کیا نہ ادا کیں کہ منسوخ ہوگئیں،صرف حضور انور کے علم میں آئیں نسخ سے پہلے حضور کا علم ہی کافی ہے۔
۴۴؎ یعنی عام مسلمان پانچ نمازوں کی پابندی نہیں کرسکیں گے اس میں سستی کیا کریں گے،حضرت موسیٰ علیہ السلام کا یہ فرمان بالکل درست ہوا،دیکھ لو آج مسلمان زکوۃ،حج،جہاد،مسجدوں کی تعمیر بڑے شوق سے کرتے ہیں،روزے کے لیے بچے ضدیں کرتے ہیں مگر نماز کا پابند کوئی کوئی ہی ہے،رب تعالٰی فرماتاہے:"وَ اِنَّہَا لَکَبِیۡرَۃٌ اِلَّا عَلَی الْخٰشِعِیۡنَ"یہاں طاقت سے مراد قوت نہیں بلکہ رغبت والی طاقت مراد ہے۔لہذا اس فرمان موسوی پر کوئی اعتراض نہیں نہ تو رب نے طاقت سے زیادہ نمازوں کا ہم کو مکلف کیا ہے اور نہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کا یہ فرمان غلط ہوا،طاقت واستطاعت کی بہت سی قسمیں ہیں۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع