30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
|
5302 -[8] وَعَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: كُنْتُ خَلْفَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَوْمًا فَقَالَ:«يَا غُلَامُ احْفَظِ اللَّهَ يَحْفَظْكَ احْفَظِ اللَّهَ تَجِدْهُ تُجَاهَكَ وَإِذَا سَأَلْتَ فَاسْأَلِ اللَّهَ وَإِذَا اسْتَعَنْتَ فَاسْتَعِنْ بِاللَّهِ وَاعْلَمْ أَنَّ الْأُمَّةَ لَوِ اجْتَمَعَتْ عَلَى أَنْ يَنْفَعُوكَ بِشَيْءٍ لَمْ يَنْفَعُوكَ إِلَّا بِشَيْءٍ قَدْ كَتَبَهُ اللَّهُ لَكَ وَلَوِ اجْتَمَعُوا عَلَى أَنْ يَضُرُّوكَ بِشَيْءٍ لَمْ يَضُرُّوكَ إِلَّا بِشَيْءٍ قَدْ كَتَبَهُ اللَّهُ عَلَيْكَ رُفِعَتِ الأقلام وجفَّت الصُّحُف» رَوَاهُ أَحْمد وَالتِّرْمِذِيّ |
روایت ہے حضرت ابن عباس سے فرماتے ہیں کہ میں ایک دن رسول الله صلی الله علیہ و سلم کے پیچھے تھا ۱؎ تو فرمایا اے لڑکے حقوق الٰہی کی حفاظت کرو اﷲ تمہاری حفاظت کرے گا ۲؎ تو اسے اپنے سامنے پائے گا ۳؎ اور جب مانگو تو الله سے مانگو جب مدد مانگو تو اﷲ سے مانگو ۴؎ اور یقین رکھو کہ اگرپوری امت اس پر متفق ہوجائے کہ تم کو نفع پہنچائے تو وہ تم کو کچھ نفع نہیں پہنچاسکتی مگر اس چیز کا جو الله نے تمہارے لیے لکھ دی ۵؎ اور اگر اس پر متفق ہو جاویں کہ تمہیں کچھ نقصان پہنچادیں تو ہر گز نقصان نہیں پہنچاسکتے مگر اس چیز سے جو اﷲ نے لکھی ۶؎ قلم اٹھ چکے دفتر خشک ہوچکے ۷؎ (احمد،ترمذی) |
۱؎ یعنی میں حضور کے ساتھ ایک سواری پر سوار تھا بہت ہی قریب سے میں نے یہ فرمان عالی سنا ہے۔ خیال رہے کہ حضرت ابن عباس کی اکثر روایتیں ارسالًا ہوتی ہیں کہ صحابی واسطہ ہوتا ہے جسے آپ اکثر بیان نہیں کرتے یہ روایت اتصالًا ہے ۔(مرقات)آپ کی پیدائش ہجرت سے تین سال پہلے ہے ،حضور کی وفات کے وقت آپ کی عمر تیرہ سال تھی مگر اس امت کے بڑ ے عالم تھے،آپ نے دوبارہ جبریل کو دیکھا،آخری عمر شریف میں نابینا ہوگئے تھے،طائف میں قیام رہا، ۶۸ھ میں وفات پائی،۷۱ اکہتر سال عمر پائی ۔(مرقات)
۲؎ یعنی تم دنیا میں اپنے ہر کام ہر چیز میں احکام الہیہ کا لحاظ رکھو،جائز کام کرو ناجائز سے بچو،الله کی رضا کے کام کرو ناراضی کے کاموں سے بچو تو الله تعالٰی تم کو دینی و دنیاوی آفتوں سے بچائے گا۔
۳؎ یعنی ہر مصیبت میں رب تعالٰی کی رحمت تمہارے دل پر وارد ہوگی جس کے اثر سے تمہارے دل پر غم طاری نہ ہوگا۔
۴؎ یعنی ہر چھوٹی بڑی چیز ،اعلٰی ادنیٰ مدد الله تعالٰی سے مانگو،یہ خیال نہ کرو کہ اتنے بڑے دربار میں ایسی ادنی چیز کیوں مانگو،دوسرے کریم مانگنے سے ناراض ہوتے ہیں الله تعالٰی نہ مانگنے سے ناراض ہوتا ہے ۔خیال رہے کہ مجازی طور پر بادشاہ،حاکم،اولیاء،حضرت محمد مصطفی صلی الله علیہ و سلم سے کچھ مانگنا خدا تعالٰی سے ہی مانگنا ہے کہ یہ حضرات الله تعالٰی کے خدام الله کے حکم سے الله کی نعمت دیتے ہیں،ان سے مانگنا بالواسطہ رب سے ہی مانگنا ہے لہذا یہ حدیث ان قرآنی آیات اور احادیث کے خلاف نہیں جن میں بندوں سے مانگنے کا ذکر یا حکم ہے۔
۵؎ یعنی ساری دنیا مل کر تم کو نفع نہیں پہنچاسکتی اگر کچھ پہنچائے گی تو وہ ہی جو تمہارے مقدر میں لکھا ہے۔ اس سے معلوم ہوا کہ الله تعالٰی کا لکھا ہوا نفع دنیا پہنچاسکتی ہے۔طبیب کی دوا شفا دے سکتی ہے ،سانپ کا زہر جان لے سکتا ہے مگر یہ الله تعالٰی کا طے شدہ اس کی طرف سے،حضرت یوسف کی قمیص نے دیدۂ یعقوبی کو شفا بخشی، حضرت عیسیٰ مردے زندہ،بیمار اچھے کرتے تھے مگر الله کے اذن سے۔
۶؎ لکھنے سے مراد لوح محفوظ میں لکھنا ہے اگرچہ وہ تحریر قلم نے کی مگر چونکہ الله کے حکم سے کی تھی اس لیے کہا گیا کہ الله نے لکھا۔ مطلب ظاہر ہے کہ اگر سارا جہاں مل کر تمہیں کوئی نقصان دے توو ہ بھی طے شدہ پروگرام کےما تحت ہوگا کہ لوح محفوظ میں یوں ہی لکھا جاچکا تھا ۔خلاصہ یہ ہے کہ حقیقی نافع،حقیقی ضار الله تعالٰی ہی ہے دنیا اس کی مظہر ہے۔شعر
گرچہ تیراز کماں ہمی گزرد از کماں دار بیند اہل خرد
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع