30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
|
5240 -[10] (مُتَّفق عَلَيْهِ) وَعَن عمر قَالَ: دَخَلْتُ عَلَى رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَإِذَا هُوَ مُضْطَجِعٌ عَلَى رِمَالِ حَصِيرٍ لَيْسَ بَيْنَهُ وَبَيْنَهُ فِرَاشٌ قَدْ أَثَّرَ الرِّمَالُ بِجَنْبِهِ مُتَّكِئًا عَلَى وِسَادَةٍ مِنْ أَدَمٍ حَشْوُهَا لِيفٌ. قُلْتُ: يَا رَسُولَ اللَّهِ: ادْعُ اللَّهَ فَلْيُوَسِّعْ عَلَى أُمَّتِكَ فَإِنَّ فَارِسَ وَالرُّومَ قَدْ وُسِّعَ عَلَيْهِمْ وَهُمْ لَا يَعْبُدُونَ اللَّهَ. فَقَالَ: «أَوَ فِي هَذَا أَنْتَ يَا ابْنَ الْخطاب؟ أُولئكَ قوم عجلت لَهُم طيبتاتهم فِي الْحَيَاةِ الدُّنْيَا» . وَفِي رِوَايَةٍ: «أَمَا تَرْضَى أَنْ تَكُونَ لَهُمُ الدُّنْيَا وَلَنَا الْآخِرَةُ؟» . |
روایت ہے حضرت عمر سے فرماتے ہیں کہ میں رسول الله صلی الله علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپ تنگوں والی چٹائی پر لیٹے ہوئے تھے ۱؎ آپ کے اور اس چٹائی کے درمیان کوئی بستر نہ تھا اورتنگے آپ کی کروٹ میں اثر کر گئے تھے چمڑے کے تکیے پر ٹیک لگائے جس کا بھراؤ کھجور کی چھال سے تھا ۲؎ میں نے کہا یارسول اللہ(صلی الله علیہ وسلم)رب سے دعا فرمایئے کہ وہ آپ کی امت پر وسعت فرمادے ۳؎ کیونکہ فارس روم پر بڑی وسعت کی گئی ہے حالانکہ وہ الله کی عبادت نہیں کرتے ۴؎ فرمایا اے ابن خطاب تم اس خیال میں ہو ۵؎ یہ وہ قوم ہے جن کے لیے دنیاوی زندگی میں ان کی نعمتیں دے دی گئی ۶؎ اور ایک روایت میں یوں ہے کہ کیا تم اس سے راضی نہیں کہ دنیا ان کے لیے ہو اور آخرت ہمارے لیے ۷؎ (مسلم،بخاری) |
۱؎ حصیر چٹائی رومال کھجور کے پتوں سے بنی ہوئی،ان پتوں کو اردو میں پنگے کہتے ہیں۔
۲؎ یہ ہے حضور صلی الله علیہ وسلم کی سادہ زندگی تکیہ شریف کا غلاف چمڑے کا تھا جس میں بجائے روئی کے کھجور کی نرم چھال یعنی درخت کھجور کا نرم گودا تھا۔
۳؎ اس عرض و معروض میں یا تو امت کا ذکر زائد ہے۔مطلب یہ ہے کہ آپ پر وسعت فرمادے مگر بے ادبی کے خوف سے امت کا نام لیا ،یا مطلب یہ ہے کہ حضور آپ کی امت اس فقر وفاقہ میں آپ کی پیروی نہ کرسکے گی،دعا فرمائیں کہ ان پر الله تعالٰی دنیا و سیع کرے انہیں دنیا میں عیش و عشرت نصیب ہو مگر پہلا احتمال زیادہ قوی ہے جیسا کہ جواب عالی سے معلوم ہورہا ہے ۔حضور صلی الله علیہ وسلم کی امت پر حضور کے صدقہ سے دنیا بہت ہی فراخ ہوئی،تمام دنیا کے بادشاہ مسلمان بنادیئے گئے جیسا کہ تواریخ جاننے والوں سے پوشیدہ نہیں۔
بوریا ممنون خواب راحتش تاج کسریٰ زیر پائے امتش
۴؎ یعنی روم و فارس کے بادشاہ کافر ہیں مگر انہیں دنیا بہت دی گئی ہے،وہ عیش و آرام میں ہیں حضور صلی الله علیہ وسلم تو اﷲ کے محبوب ہیں حضور کا عیش و آرام ان سے زیادہ چاہیے۔
۵؎ یعنی تمہاری رائے تو ایسی شاندار ہوتی ہے اس کے موافق قرآنی آیات نازل ہوئی ہیں تم جیسا پختہ اور درست رائے والا کوئی ہی ہوگا، تم بھی یہاں دھوکہ کھا گئے اور کسریٰ و قیصر کی عیش و عشرت والی زندگی کی آرزو رائے ہمارے واسطے کرنے لگے اس لیے یہاں ابن خطاب کے خطاب سے یاد فرمایا نام شریف نہ لیا،ابن خطاب فرمانے میں بھی عجیب ناز و انداز ہے۔
۶؎ یعنی ان کفار کو دنیاوی عیش و آرام عطا فرمانا الله تعالٰی کی رحمت نہیں بلکہ عذاب ہے کہ اس کی وجہ سے وہ آخرت کی نعمتوں سے محروم ہوگئے،کفر و فسق کے باوجود نعمتیں ملنا ان پر الله کا عذاب ہے۔
۷؎ یعنی کفار کے لیے صرف دنیا ہو ہمارے لیے آخرت بھی ہو ۔صوفیاء کے نزدیک دنیا وہ ہے جو الله سے غافل کردے،جو مال و دولت آخرت کا توشہ بن جائے وہ دین ہے لہذا اسی حدیث کی بنا پر دولت عثمانی پر اعتراض نہیں ہوسکتا وہ تو عین دین تھی،نیز الله تعالٰی نے بعد میں حضور انور صلی الله علیہ وسلم کو بہت دولت عطا فرمائی جو حضور نے اپنے ہاتھوں سے بانٹیں اب بھی ہم سب حضور کے آستانہ سے پل رہے ہیں،بہرحال یہ حدیث بالکل واضح ہے مؤمن کی دنیا اور ہے کافر کی دنیا اور۔شعر
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع