30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
الله تعالٰی کے دیدار کا بیان ۱؎
۱؎ دیدار الٰہی کے متعلق چند مسائل اعتقادیہ یاد رکھو: (۱)دنیا میں بندے الله تعالٰی کو بصیرت یعنی نور قلبی سے دیکھتے ہیں اسے جانتے پہچانتے ہیں،آخرت میں اسے بصارت یعنی نور نگاہ سے دیکھیں گے کہ وہاں بصارت میں بصیرت ہوگی(۲)دنیا میں آنکھوں سے خدا تعالٰی کا دیدار ممکن ہے مگر واقع نہیں اس لیے موسیٰ علیہ السلام نے دیدار کی دعا کی،ناممکن کی دعا ناجائز ہے نبی ناجائز کام نہیں کرتے(۳)حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم نے معراج میں الله تعالٰی کا دیدار انہیں آنکھوں سے کیا اور خوب اچھی طرح کیا،اس مسئلہ میں اختلاف ہے مگر صحیح یہ ہی ہے(۴)جو شخص دعویٰ ولایت کرتے ہوئے کہے کہ میں نے خدا تعالٰی کو آنکھوں سے دیکھا ہے یا دیکھتا ہوں وہ کافر ہے کہ اپنے کو وہ نبیوں سے افضل کہتا ہے(۵)قیامت میں ہر مؤمن و کافر کو رب کا دیدار ہوگا مؤمن کو رحمت کی شان میں اور کافر کو غضب و قہر کی شان میں(۶)قیامت کے بعد صرف مؤمنوں کو جنت میں دیدار الٰہی ہوا کرے گا کفار کو دوزخ میں نہ ہوگا"کَلَّاۤ اِنَّہُمْ عَنۡ رَّبِّہِمْ یَوْمَئِذٍ لَّمَحْجُوۡبُوۡنَ"(۷)حق یہ ہے کہ جنت میں ہر مؤمن کو دیدار الٰہی ہو اکرے گا مرد ہوں یا جنتی عورتیں۔عورتوں کے متعلق اختلاف ہے مگر حق یہ ہے کہ انہیں بھی دیدار ہوگا (۸)دنیا میں خواب میں دیدار الٰہی ہوسکتا ے بلکہ ہوتا ہے،ہمارے امام اعظم نے ایک سوبار رب کو خواب میں دیکھا،امام احمد ابن حنبل نے خواب میں دیکھا پوچھا الٰہی کون سی عبادت افضل ہے ؟فرمایا تلاوت قرآن،دوسری بار پھر دیکھا پوچھا الٰہی معنی سمجھ کر تلاوت افضل ہے یا بغیر سمجھے بھی،فرمایا ہر طرح افضل ہے۔(اشعۃ اللمعات)
|
5655 -[1] (مُتَّفق عَلَيْهِ) عَن جَرِيرِ بْنِ عَبْدُ اللَّهِ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «إِنَّكُمْ سَتَرَوْنَ رَبَّكُمْ عِيَانًا» . وَفِي رِوَايَةٍ: قَالَ: كُنَّا جُلُوسًا عِنْدَ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَنَظَرَ إِلَى الْقَمَرِ لَيْلَةَ الْبَدْرِ فَقَالَ: «إِنَّكُمْ سَتَرَوْنَ رَبَّكُمْ كَمَا تَرَوْنَ هَذَا الْقَمَرَ لَا تُضَامُونَ فِي رُؤْيَتِهِ فَإِنِ اسْتَطَعْتُمْ أَنْ لَا تُغْلَبُوا عَلَى صَلَاةٍ قَبْلَ طُلُوعِ الشَّمْسِ وَقَبْلَ غُرُوبِهَا فَافْعَلُوا» ثُمَّ قَرَأَ (وَسَبِّحْ بِحَمْدِ رَبِّكَ قَبْلَ طُلُوعِ الشَّمْسِ وَقَبْلَ غُرُوبهَا) |
روایت ہے حضرت جریر ابن عبدالله سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی الله علیہ و سلم نے کہ تم اپنے رب کو ظاہر ظہور دیکھو گے ۱؎ اور ایک روایت میں ہے کہ ہم رسول الله صلی الله علیہ و سلم کے پاس بیٹھے تھے کہ حضور انور نے چودھویں شب میں چاند کو دیکھا ۲؎ پھر فرمایا کہ تم اپنے رب کو ایسے دیکھو گے جیسے چاند کو دیکھ رہے ہو تم اس کے دیکھنے میں شک نہیں کرتے۳؎ تو اگر تم یہ کر سکو کہ سورج نکلنے سے پہلے اور سورج ڈوبنے سے پہلی والی نماز پر مغلوب نہ ہو تو کرو۴؎ پھرحضور نے یہ قراءت کی سورج نکلنے سے پہلے اور سورج ڈوبنے سے پہلے اپنے رب کی تسبیح کرو اس کی حمد کے ساتھ ۵؎ (مسلم،بخاری) |
۱؎ یہ حدیث عامۃ المسلمین کی دلیل ہے کہ مؤمن رب تعالٰی کو محشر میں بھی آنکھوں سے دیکھیں گے اور جنت میں بھی دیکھا کریں گے، خوارج اور معتزلہ اس کے منکر ہیں،یہ حدیث ان کی سخت تردید کررہی ہے اس پر سوالات وجوابات علم کلام کی کتب میں تفصیل وار مذکور ہیں۔خیال رہے کہ یہ دیدار بغیر کسی جہت و سمت کے ہوگا کیونکہ الله تعالٰی جہت و سمت سے پاک ہے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع