30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
|
5200 -[46] وَعَنْهُ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «قَدْ أَفْلَحَ مَنْ أَخْلَصَ اللَّهُ قلبَه للإِيمان وجعلَ قلبَه سليما ولسانَه صَادِقا وَنَفْسَهُ مُطْمَئِنَّةً وَخَلِيقَتَهُ مُسْتَقِيمَةً وَجَعَلَ أُذُنَهُ مُسْتَمِعَةً وَعَيْنَهُ نَاظِرَةً فَأَمَّا الْأُذُنُ فَقَمِعٌ وَأَمَّا الْعَيْنُ فَمُقِرَّةٌ لِمَا يُوعَى الْقَلْبُ وَقَدْ أَفْلَحَ مَنْ جَعَلَ قَلْبَهُ وَاعِيًا» رَوَاهُ أَحْمَدُ وَالْبَيْهَقِيُّ فِي «شعب الْإِيمَان» |
روایت ہے انہیں سے کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا کہ کامیاب ہوگیا وہ جس نے اپنے دل کو ایمان کے لیے الله سے خالص کیا ہے اور اپنے دل کو سلامت رکھا ۱؎ اور اپنی زبان کو سچا،اپنے دل کو مطمئن۲؎ اور اپنی طبیعت کو سیدھا رکھا اور اپنے کان کو سننے والا اپنی آنکھ کو دیکھنے والا بنایا۳؎ لیکن کان تو وہ چین کی خبر ہے ۴؎ اور لیکن آنکھ تو وہ اس چیز کو قائم کرنے والی ہے جسے دل حفاظت کرتا ہے ۵؎ کامیاب ہوگیا وہ جس نے اپنے دل کو حفاظت کرنے والا بنایا۶؎(احمد،بیہقی شعب الایمان) |
۱؎ یعنی دل کو دل کی بیماریوں حسد،کینہ،بغض،بدعقیدگیوں اور غفلت کی چیزوں سے سلامت رکھا۔رب فرماتاہے :"اِلَّا مَنْ اَتَی اللہَ بِقَلْبٍ سَلِیۡمٍ"۔صوفیاء کرام فرماتے ہیں کہ سلیم کے معنی ہیں سانپ کا ڈسا ہوا۔دل وہ ہی پیارا ہے جسے عشق مولٰی کے سانپ نے ڈس کر دنیا سے مردہ کردیا۔
۲؎ نفس مطمئنہ وہ ہے جو اﷲ کی محبت اس کی اطاعت سے سرشار ہو۔طبیعت سیدھی وہ ہے جو تکلیف و آرام کسی حال میں یار کے دروازے سے نہ ہٹے،دنیا کی کوئی ہوا اسے جنبش نہ دے سکے۔
۳؎ یعنی اپنے کان سے یار کی بات سنے آنکھ سے قدرت کے نظارے کرے۔شعر
تجھی کو دیکھنا تیری ہی سننا تجھ میں گم ہونا حقیقت معرفت اہل طریقت اس کو کہتے ہیں
۴؎ قمع قاف کے فتحہ میم کے کسرہ سے برتن کے ڈھکنے میں رکھی ہوئی چیز یا برتن کا منہ کہ برتن میں جو چیز جاتی ہے اس کے منہ سے جاتی ہےجو نکلتی ہے اس کے منہ سے نکلتی ہے۔یعنی کان دل کا راستہ ہے اس راستہ سے اچھی باتیں دل تک پہنچتی ہیں۔
۵؎ یعنی آنکھ دل کا دوسرا راستہ ہے کہ اس کے ذریعہ دل تک چیزیں پہنچتی ہیں محبوب کو آنکھ دیکھتی ہے تو دل محبت کرتا ہے۔کسی نے کہا ہے شعر
دیکھا جو حسن یار طبیعت مچل گئی آنکھوں کا تھا قصور چھری دل پہ چل گئی
مطلب یہ ہے کہ جسے دل محفوظ رکھتا ہے اسے آنکھ ہی تو دل میں ثابت کرتی ہے،وہاں تک پہنچاتی ہے لہذا اپنے کان اور آنکھ کو صاف و پاک رکھو تاکہ ان راستوں سے دل تک اچھی چیزیں ہی پہنچا کریں۔
۶؎ القلب یا تو پیش سے ہے یعنی جس کے دل کو اﷲ کی طرف سے محافظ بنایا گیا،یا فتحہ سے ہے یعنی جس نے اپنے دل کو محافظ بنایا کہ دل میں الله رسول کی محبت اس کی اطاعت کا جذبہ محفوظ رکھا،نیز بزرگوں کی وعظ و نصیحت یا درکھی۔ایسے قلب کو یقین سے ترقی ہو کر عین الیقین بلکہ حق الیقین عطا ہوتا ہے،رب تعالٰی فرماتا ہے:"وَاعْبُدْ رَبَّکَ حَتّٰی یَاۡتِیَکَ الْیَقِیۡنُ"۔مفسرین فرماتے ہیں کہ اس آیت میں یقین سے مراد موت ہے کہ وہ یقینی چیز ہے،نیز موت سے ہر کافر کو اسلام کی حقانیت کا یقین ہوجاتا ہے۔
|
5201 -[47] وَعَنْ عُقْبَةَ بْنِ عَامِرٍ عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «إِذَا رَأَيْتَ اللَّهَ عَزَّ وَجَلَّ يُعْطِي الْعَبْدَ مِنَ الدُّنْيَا عَلَى مَعَاصِيهِ مَا يُحِبُّ فَإِنَّمَا هُوَ اسْتِدْرَاجٌ» ثُمَّ تَلَا رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:(فَلَمَّا نسوا ماذكروا بِهِ فَتَحْنَا عَلَيْهِمْ أَبْوَابَ كُلِّ شَيْءٍ حَتَّى إِذَا فَرِحُوا بِمَا أُوتُوا أَخَذْنَاهُمْ بَغْتَةً فَإِذَا هم مبلسون)رَوَاهُ أَحْمد |
روایت ہے حضرت عقبہ ابن عامر سے وہ نبی صلی الله علیہ وسلم سے راوی فرمایا جب تم دیکھو کہ الله تعالٰی کسی بندے کو اس کے گناہوں کے باوجود دنیا دے رہا ہے جو بھی وہ بندہ چاہتا ہے تو یہ ڈھیل ہے ۱؎ پھر رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے یہ آیت کریمہ تلاوت فرمائی کہ جب وہ بھول گئے جن کی انہیں نصیحت کی گئی تھی تو ہم نے ان پر ہر چیز کے دروازے کھول دیئے حتی کہ جب وہ لوگ دیئے ہوئے پر خوش ہوگئے تو ہم نے انہیں اچانک پکڑ لیا تو وہ مایوس ہوگئے۲؎ (احمد) |
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع