30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
|
5192 -[38] وَعَن مقدامِ بْنِ مَعْدِي كَرِبَ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «مَا مَلَأَ آدَمِيٌّ وِعَاءً شَرًّا مِنْ بَطْنٍ بِحَسْبِ ابْنِ آدَمَ أُكُلَاتٌ يُقِمْنَ صُلْبَهُ فَإِنْ كَانَ لَا مَحَالَةَ فَثُلُثٌ طَعَامٌ وَثُلُثٌ شَرَابٌ وَثُلُثٌ لِنَفَسِهِ» . رَوَاهُ التِّرْمِذِيّ وَابْن مَاجَه |
روایت ہے حضرت مقدام ابن معد یکرب سے فرماتے ہیں کہ میں نے رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ کسی آدمی نے بمقابلہ پیٹ کے بدترین برتن کوئی نہ بھرا ۱؎ انسان کے لیے چند لقمے کافی ہیں جو اس کی پیٹھ کو سیدھا رکھیں۲؎ پھر اگر زیادہ کی ضرورت ہی ہو ۳؎ تو تہائی پیٹ کھانااور تہائی پیٹ پانی اور تہائی پیٹ اپنی سانس کے لیے ۴؎ (ترمذی،ابن ماجہ) |
۱؎ زیادہ پیٹ بھرنے سے مختلف بیماریاں پیدا ہوتی ہیں،نوے فیصدی بیماریاں پیٹ سے ہوتی ہیں پھر اس سے سخت غفلت پیدا ہوتی ہے دل میں نور نہیں آتا۔
۲؎ کیونکہ کھانا اس لیے ہوتا ہے کہ اس سے عبادات،ریاضات کی قوت پیدا ہو،یہ قوت بقدر ضرورت لقموں سے حاصل ہوجاتی ہے۔شعر
خوردن برائے زیسن و ذکر کردن است تو معتقد کہ زیستن از بہر خوردن است
۳؎ یعنی اگر تم چند لقموں پر صبر نہ کرسکو زیادہ کھانے کی رغبت ہو تو پیٹ کے تین حصے کرلو۔
۴؎ ایک حصہ کھانے کے لیے،ایک حصہ پانی کے لیے،ایک حصہ سانس آنے جانے کے لیے ان شاءاﷲ بہت کم بیمار ہوگے۔
صوفیاء فرماتے ہیں کہ قدرے بھوکا رہنے میں دس فائدہ ہیں: جسمانی صحت،دل کی صفائی ،طبیعت کی ہشاشی بشاشی یعنی چستی، دل کی نرمی، طبیعت میں انکسار و عجز،تکبرو غرور کا ٹوٹنا، گناہوں کی کمی، درمیانی درجہ کی نیند،عبادات کا شوق ،ذکر الٰہی میں لذت و ذوق وغیرہ۔(مرقات)
|
5193 -[39] وَعَنِ ابْنِ عُمَرَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ سَمِعَ رَجُلًا يَتَجَشَّأُ فَقَالَ: «أَقْصِرْ مِنْ جُشَائِكَ فَإِنَّ أَطْوَلَ النَّاسِ جُوعًا يَوْمَ الْقِيَامَةِ أَطْوَلُهُمْ شِبَعًا فِي الدُّنْيَا» . رَوَاهُ فِي «شرح السّنة» . وروى التِّرْمِذِيّ نَحوه |
روایت ہے حضرت ابن عمر سےکہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ایک شخص کو ڈکاریں لیتے سنا ۱؎ تو فرمایا کہ اپنی ڈکاریں کم لیں۲؎ کیونکہ قیامت کے دن لوگوں میں بڑا بھوکا وہ ہوگا جو دنیا میں بہت زیادہ شکم سیر ہونے والا ہو ۳؎ (شرح سنہ)اور ترمذی نے اس کی مثل روایت کی۔ |
۱؎ یہ صاحب حضرت وہب ابن عبداﷲ یا وہب ابن ابو جحیفہ سوائی تھے، بہت لمبی لمبی ڈکاریں لے رہے تھے کھانے سے سیر ہو کر آئے تھے۔
۲؎ یعنی تھوڑا کھایا کرو تاکہ ڈکاریں تھوڑی اور چھوٹی آویں اس کے بعد انہوں نے پیٹ بھر کر کھانا نہ کھایا۔
۳؎ یعنی دنیا میں بہت کھانے والے قیامت میں بہت کم اعمال لے کر آئیں گے کیونکہ ان کے وقت کا زیادہ حصہ تو کھانا کھانے ہضم کرنے،ہضم نہ ہونے کی صورت میں علاج معالجہ میں گزرا اعمال کب کرتے۔شیخ سعدی فرماتے ہیں شعر
اندروں از طعام خالی دار تادر و نور معرفت بینی
حریص دنیا کے اوقات دو کاموں میں خرچ ہوتے ہیں:دنیا کمانا اور کمائی دنیا کی حفاظت کرتے رہنا،اسے رب کی طرف دھیان کرنے کا وقت بہت کم ملتاہے۔
|
5194 -[40] وَعَن كَعْب بن عِياضٍ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «إِنَّ لِكُلِّ أُمَّةٍ فِتْنَةً وَفِتْنَةُ أُمتي المالُ» . رَوَاهُ التِّرْمِذِيّ |
روایت ہے حضرت کعب ابن عیاض سے فرماتے ہیں میں نے رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ ہر امت کا کوئی فتنہ ہے اور میری امت کا فتنہ مال ہے ۱؎ (ترمذی) |
۱؎ یعنی گزشتہ امتوں کی آزمائشیں مختلف چیزوں سے ہوئیں،میری امت کی سخت آزمائش مال سے ہوگی،رب تعالٰی مال دے کر آزمائے گا کہ یہ لوگ اب میرے رہتے ہیں یا نہیں،اکثر لوگ اس امتحان میں ناکام ہوں گے کہ مال پا کر غافل ہوجائیں گے۔اس کا تجربہ برابر ہورہا ہے،اکثر قتل غارت غفلت مال کی وجہ سے ہوتا ہے،ستر فیصدی گناہ مال کی بنا پر ہوتے ہیں۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع