30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
۴؎ یعنی کوئی صاحب نہ ہٹے نہ اٹھے ہمارا کلام وہاں ہی بیٹھے سنے جہاں اس نے نماز پڑھی ہے۔
۵؎ یعنی نہ تو کوئی رحمت کی آیت نازل ہوئی ہے نہ عذاب کی آیت جسے سنانے کے لیے میں نے تم لوگوں کو جمع کیا ہو، نہ مال غنیمت کہیں سے آیا ہے جو تم میں تقسیم کرنا ہے،نہ دشمن کے مقابلہ کے لیے تم کو کہیں بھیجنا ہے آج تو ایک نئی بات ہی سنانا ہے۔
۶؎ حضرت تمیم ابن اوس مشہور صحابی ہیں،قبیلہ بنی عبدالدار سے ہیں،دار ایک بت کا نام تھا اس نسبت سے ان کے مورث اعلٰی کا نام عبدالدار تھا،بڑے عابد و زاہد شب زندہ دار تھے،اولًا مدینہ منورہ میں رہے،حضرت عثمان کی شہادت کے بعد شام میں قیام پذیر ہوئے وہاں ہی آپ کا مزار ہے،مسجد نبوی شریف میں سب سے پہلے چراغ جلانے والے بلکہ چراغ کرنے والے آپ ہی ہیں،اولًا آپ عیسائی تھے پھر یہ واقعہ دیکھا جو یہاں مذکور ہے،حضور کے ہاتھ پر ایمان لائے۔ (اکمال)آپ ۹ھ میں ایمان لائے،بڑے پایہ کے صحابی ہیں رضی الله عنہ۔
۷؎ یعنی ہماری خبر کی آنکھوں دیکھی تصدیق سن لو غالبًا حضرت تمیم داری اس مجمع میں موجود تھے حضور نے ان کی موجودگی میں یہ سب کچھ سنایا۔
۸؎ سفینہ تبریہ یعنی ریت کا جہاز اونٹ کو کہتے ہیں اور سفینہ بحریہ یعنی سمندری جہاز بڑی کشتی کو،نیز چھوٹی کشتی کو جو نہروں وغیرہ میں چلے زورق کہتے ہیں،بڑی کشتی کو سفینہ بحریہ،لخم یمن کا ایک قبیلہ ہے اور جذام ج کے پیش سے نجد کا ایک قبیلہ ہے۔(اشعہ،مرقات)
۹؎ بے فائدہ کام کو لعب کہتے ہیں،چونکہ دریامیں اتنے روز تک مارے مارے پھرنا بے فائدہ تھا اس لیے اسے لعب فرمایا۔
۱۰؎ معلوم ہوتا ہے کہ اس زمانہ میں بڑی کشتیوں کے اندر اس کے ساتھ چھوٹی کشتیاں رہتی تھیں،بڑی کشتی گہرے پانی میں رہتی تھی اور چھوٹی کشتی سے کنارہ تک آتے تھے۔اقرب جمع قارب کی بمعنی چھوٹی کشتی یہ جمع شاذ ہے فاعل کی جمع افعل کے وزن پر نہیں آتی الا شاذًا۔خلاصہ یہ ہے کہ جب ان لوگوں نے ایک ماہ کے بعد زمین دیکھی تو غنیمت سمجھ کر وہاں اترے اور چھوٹی کشتی کے ذریعہ کنارہ پر پہنچے۔
۱۱؎ اھلب بنا ہے ھلب سے بمعنی موٹے بال یا دم پر زیادہ بال ،یہاں پہلے معنی میں ہے یعنی اس جانور کے بال بہت تھے اور موٹے تھے ۔دابہ نر اور مادہ دونوں جانوروں کو کہا جاتا ہے،رب فرماتاہے:"وَمَا مِنۡ دَآبَّۃٍ فِی الۡاَرْضِ اِلَّا عَلَی اللہِ رِزْقُہَا"۔
۱۲؎ یعنی اس کے سر سے دم تک بال ہی بال تھے پتہ نہ لگتا تھا کہ سر کدھر ہے اور دم کدھر ہے گویا عجیب الخلقت مخلوق تھی۔
۱۳؎ یعنی میرا کام ہے لوگوں کی خبریں دجال تک پہنچاؤں جو اس کلیسہ میں بندھا ہوا ہے۔سیدنا عبد الله ابن عمرو ابن عاص فرماتے ہیں کہ یہ جانور وہ ہی دابۃ الارض تھا جو قریب قیامت نمودار ہوگا جس کا ذکر قرآن مجید میں ہے"اَخْرَجْنَا لَہُمْ دَآبَّۃً"۔
۱۴؎ یعنی ہم کو یہ خوف ہوا کہ شاید جناتی ہو اور ہم کو جس کے پاس بھیج رہی ہے وہ جن ہو ہم جنات میں پھنس نہ جائیں۔
۱۵؎ دیر بنا ہے دار سے اور دار بنا ہے دور سے بمعنی گول عمارت،چونکہ گرجا اکثر گول ہوتا ہے اس لیے اسے دیر کہتے ہیں۔غالبًا اس وقت دجال یہودیوں میں سے ہے جو ایک گرجے میں بندھا ہوا ہے جیساکہ آگے معلوم ہوگا۔
۱۶؎ یعنی اس سے پہلے ہم نے نہ تو اتنا قد آور آدمی دیکھا نہ ایسی مضبوط زنجیر دیکھی جس میں وہ بندھا تھا وہ بھی ہیبت ناک اس کی قید بھی ہیبت ناک۔
۱۷؎ یعنی تم میرے پاس آگئے ہو تم میری خبریں سن ہی لو گے اور میں تم کو سب کچھ اپنے متعلق بتا ہی دوں گا پہلے تم بتاؤ کہ تم لوگ کون ہو۔خیال رہے کہ یہ دجال ان لوگوں کے حالات پوچھنا چاہتا تھا نہ کہ ان کی حقیقت کیوں کہ اسے خبرتھی کہ یہ لوگ انسان ہیں اس لیے اس نے ما کہا من نہ کہا۔(اشعہ،مرقات)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع