30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جس کا حسن الله کو بھی بھا گیا اس پیارے سے محبت کیجئے
|
5023 -[21] وَعَن أَسمَاء بنت يزِيد أَنَّهَا سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «أَلَا أُنَبِّئُكُمْ بِخِيَارِكُمْ؟» قَالُوا: بَلَى يَا رَسُولَ اللَّهِ قَالَ: «خِيَارُكُمُ الَّذِينَ إِذَا رُؤوا ذُكِر الله» رَوَاهُ ابْن مَاجَه |
روایت ہے حضرت اسماء بنت یزید سے انہوں نے رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا کہ کیا میں تمہیں بہترین مسلمان کی خبر نہ دوں ۱؎ صحابہ نے عرض کیا ہاں یارسول الله فرمایا تم میں بہترین وہ ہیں کہ جو جب دیکھے جائیں تو خدا یاد آجائے ۲؎(ابن ماجہ) |
۱؎ سبحان الله! یہ حضور کی سخا کے جلوے ہیں کبھی فقیر داتا سے سوال کرتے ہیں اور کبھی داتا خود فقیر سے اس کی حاجت پوچھ پوچھ کر حاجت روائی فرماتے ہیں۔اس فرمان عالی کی ضرورت تو لوگوں کو ہے مگر وہ ہماری ضرورتوں سے بھی خبردار ہیں۔ خیار جمع ہے خیر کی بمعنی افضل و بہترین اور رب تعالٰی کو زیادہ پیارے۔
۲؎ اس فرمان عالی کی شرح باب حفظ اللسان کی تیسری فصل کے آخر میں کردی گئی بعض لوگوں کے چہروں پر انوار ربانی تجلیات رحمانی ظاہر ہوتی ہیں ان کے اعمال و افعال سنت کے مطابق ہوتے ہیں انہیں دیکھ کر مؤمنوں کے ایمان تازہ ہوجاتے ہیں،فقیر کے دادا پیر حضور اشرفی میاں جیلانی قدس سرہ بالکل ہم شکل حضور غوث الثقلین تھے جہاں بیٹھ جاتے تھے مسلم وغیر مسلم زائرین کا ہجوم لگ جاتا تھا،بہت لوگ انہیں دیکھ کر ہی مسلمان ہوگئے،یہ ہے اس حدیث کی جیتی جاگتی تفسیر،بعض بزرگوں کے پاس بیٹھ کر قلب جاری ہوجاتا ہے۔
|
5024 -[22] وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: "لَوْ أَنَّ عَبْدَيْنِ تَحَابَّا فِي اللَّهِ عَزَّ وَجَلَّ وَاحِدٌ فِي الْمَشْرِقِ وَآخَرُ فِي الْمَغْرِبِ لَجَمَعَ اللَّهُ بَيْنَهُمَا يَوْمَ الْقِيَامَةِ. يَقُولُ: هَذَا الَّذِي كُنْتَ تُحِبُّهُ فِي " |
روایت ہے حضرت ابوہریرہ سے فرماتے ہیں فرمایا رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم نے کہ اگر دو شخص الله عزجل کی راہ میں محبت کریں اور ان میں سے ایک مشرق میں ہو دوسرا مغرب میں تو الله تعالٰی انہیں قیامت کے دن جمع فرمادے گا فرمائے گا ۱؎ یہ وہ ہے جس سے تو میری راہ میں محبت کرتا تھا ۲؎ |
۱؎ ہم مہجورین مشرق میں ہیں حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم مغرب میں الله تعالٰی حضور کا عشق دے تو ان شاءالله جنت بلکہ قیامت میں بھی حضور کا قرب نصیب ہوگا،آخرت کا قرب و بعد دنیا کے قلبی قرب وبعد کا نتیجہ ہوگا دعا ہے کہ مولیٰ۔شعر
زمانہ کی خوبی زمانہ کودے مجھے تیرے پیارے کا در چاہیے
بعض بدنصیب مدینہ میں رہ کر حضور سے دور ہیں بعض خوش نصیب مدینہ سے دور رہ کر بھی در حضور میں ہیں۔
۲؎ یہ ان محب و محبوبین کو قیامت اور جنت میں جمع فرما دینا اتفاقًا نہ ہوگا بلکہ یہ بتاکر جتاکر ہوگا کہ یہ قرب تیری اس محبت کا نتیجہ ہے۔معلوم ہوا کہ سارے اعمال سے زیادہ پیارا عمل محبوبوں سے محبت ہے کہ یہ ان کے قرب کا ذریعہ ہے۔خیال رہے کہ حضور سے محبت کی علامت یہ ہے کہ ان کے احکام،ان کے اعمال،ان کی سنتوں سے،ان کے قرآن،ان کے فرمان، ان کے مدینہ کی خاک سے محبت ہو،بے نماز بے روزہ بھنگی چرسی دعویٰ عشق رسول کریں جھوٹے ہیں محبت کی علامت اطاعت ہے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع