30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
|
4157 -[9] وَعَن أبي رافعٍ قَالَ: رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أذَّنَ فِي أُذُنِ الحسنِ ابنِ عليٍّ حِينَ وَلَدَتْهُ فَاطِمَةُ بِالصَّلَاةِ. رَوَاهُ التِّرْمِذِيُّ وَأَبُو دَاوُدَ. وَقَالَ التِّرْمِذِيُّ: هَذَا حَيْثُ حسن صَحِيح |
روایت ہے حضرت ابو رافع سے فرماتے ہیں میں نے رسول الله صلی الله علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ نے حسن ابن علی کے کان میں نماز کی اذان کہی جب کہ انہیں جناب فاطمہ نے جنا ۱؎ (ترمذی،ابوداؤد)اور ترمذی نے کہا یہ حدیث صحیح ہے۔ |
۱؎ یعنی حضور انور صلی الله علیہ وسلم نے حضرت حسن کی ولادت کے وقت ان کے کان میں بعینہ وہی اذان کہی جو اذان نماز کے لیے کہی جاتی ہے۔حضرت حسن ابن علی رضی الله عنہ سے مرفوعًا مروی ہے کہ جس بچہ کے داہنے کان میں اذان اور بائیں کان میں تکبیر کہی جائے تو اسے ان شاءالله ام الصبیان کی بیماری نہیں ہوتی۔(مسند ابویعلی موصلی و مرقات)حضرت عمر بن عبد العزیز یہ ہی عمل کرتے تھے،یہ سنت ہے۔(مرقاۃ) اس سے بچہ کے کان میں پہلی آواز الله کے نام کی پہنچتی ہے،نیز اذان کی آواز سے شیطان بھاگتا ہے۔(اشعۃ اللمعات)اس سے معلوم ہوا کہ اذان صرف نماز کے لیے نہیں ہے اور موقعہ پربھی سنت ہے اس لیے بعد دفن قبر پر اذان دی جاتی ہے،اذان کے مواقع ہم باب الاذان میں بیان کرچکے ہیں۔
|
4158 -[10] عَن بُريدةَ قَالَ: كُنَّا فِي الْجَاهِلَيَّةِ إِذَا وُلِدَ لِأَحَدِنَا غلامٌ ذَبَحَ شاةٌ ولطَّخَ رأسَه بدمه فَلَمَّا جَاءَ الْإِسْلَامُ كُنَّا نَذْبَحُ الشَّاةَ يَوْمَ السَّابِعِ وَنَحْلِقُ رَأْسَهُ وَنُلَطِّخُهُ بِزَعْفَرَانٍ. رَوَاهُ أَبُو دَاوُد وَزَاد رزين: ونُسمِّيه |
روایت ہے حضرت بریدہ سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ ہم تھے دور جاہلیت میں کہ جب ہم میں سے کسی کے بچہ پیدا ہوتا تو وہ بکری ذبح کرتا اور اس کے سر کو بکری کے خون سے لتھیڑ دیتا پھر جب اسلام آیا تو ہم ساتویں دن بکری ذبح کرتے تھے اور بچہ کا سر منڈواتے اسے زعفران سے لتھیڑتے ۲؎ (ابوداؤد)اور رزین نے زیادہ کیا کہ نام رکھتے۔ |
۱؎ آپ بریدہ ابن حصیب اسلمی ہیں،غزوہ بدر سے پہلے ایمان لائے،مشہور صحابی ہیں،آپ کے حالات بارہا بیان ہوچکے۔
۲؎ یعنی کہ ا سلام میں بچہ کے سر پر بکری کا خون نہیں لیپتے کہ وہ نجس ہے اس کی بجائے زعفران سے بچہ کا سر لیپ دیتے ہیں مگر سر مونڈنے کے بعد۔یوں ہی بعض صوفیاء مرغ کے خون سے بعض تعویذ لکھتے ہیں مگر چاہیے کہ ایسےتعویذ مرغ کے دل کو زعفران و گلاب میں پیس کر لکھے جاویں۔یہاں اشعۃ اللمعات میں فرمایا کہ حضور صلی الله علیہ وسلم نے بعد ظہور نبوت اپنا عقیقہ خود کیا۔والله اعلم! عقیقہ کا گوشت اگر کچا تقسیم کردیں تو بھی درست ہے،اگر پکا تقسیم کریں یا کھلا دیں تب بھی درست ہے۔والله و رسولہ اعلم!
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع