30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
۱؎ آپ قتادہ ابن وعامہ ہیں،کنیت ابو الخطاب ہے، نابینا تھے،حضرت انس اور عبد اللہ ابن حسن صدیق سے ملاقات ہے،، تابعی ہیں، ۱۰۷ھ ایک سو سات ہجری میں وفات ہوئی۔(اکمال)
۲؎ غزوہ بدر میں ستر۷۰ کفار ہلاک کردیئے تھے اور ستر قیدی۔ہلاک شدگان میں چوبیس بڑے چوٹی کے سردار تھے جن کی نعشیں خصوصیت سے یہاں پھینکوائی گئی تھیں۔صنادید جمع ہے صندید کی،صندید کے معنی ہیں رئیس سردار،بہادر،اشرف عظیم یہاں تمام معنی بن سکتے ہیں۔
۳؎ طوی ط کے فتحہ اور واؤ کے کسرہ ی کے شد سے بمعنی من والا کنواں جس کا کنارہ گول دیوار سے گھیر دیا گیا ہو تاکہ اس میں کوئی گر نہ جائے یا تو پہلے ہی سے وہ کنواں گندا تھا کہ وہاں نجاسات ڈالی جاتی تھیں یا آج ان خبیثوں کی نعشیں ڈالنے کی وجہ سے گندا ہوگیا۔بعض روایات میں ہے کہ وہ قلیب یعنی کنوئیں کے جھیرے میں ڈالے گئے تھے،ہوسکتا ہے کہ بعض نعشیں کنوئیں میں ڈالی گئی ہوں اور بعض جھیرے میں۔
۴؎ یعنی طریقہ مبارکہ یہ تھا کہ فتح فرمانے کے بعد فورًا واپس نہ ہوجاتے تھے بلکہ تین دن اسی میدان میں قیام فرماتے،پھر وہاں سے واپس ہوتے۔عرصہ وہ جنگل جس میں کوئی عمارت نہ ہو۔
۵؎ یعنی واپسی کے لیے سواریاں تیار کی گئیں ان پر سامان سفر رکھ دیا گیا۔
۶؎ جس کنوئیں میں ان سرداروں کی نعشیں پڑی تھیں اس کنوئیں کے کنارے پر قیام فرمایا اب وہ کنواں ناپید ہوگیا ہے۔میں کئی بار بدر شریف میں حاضر ہوا،تمام تاریخی مقامات کی زیارات کیں مگر یہ کنواں نظر نہ آیا۔ معلوم ہوا کہ وہ گم ہوکر رہ گیا ہے۔
۷؎ یعنی ابوجہل امیہ ابن خلف وغیرہم میں سے ہر ایک کو الگ الگ نام لے کر پکارا اور کلام سب سے مجموعۃً کیا۔اس سے معلوم ہوا کہ مردوں کو پکارنا جائز ہے اگرچہ مردے کفار ہی ہوں اور ان سے کلام کرنا درست ہے۔حضرت ابراہیم علیہ السلام نے تو ذبح کیے ہوئے جانوروں کوپکارا"ثُمَّ ادْعُہُنَّ یَاۡتِیۡنَکَ سَعْیًا"۔ زیارات قبور کے موقعہ پر مردوں کو پکارکر سلام کرنا ان سے کلام کرنا سنت ہے۔
۸؎ سوال تقریری ہے۔یعنی اب تو یقینًا تم کو یہ آرزو ہے کہ کاش ہم نے اسلام قبول کرلیا ہوتا اور اﷲ رسول کی اطاعت کی ہوتی جو واقعہ تھا حضور نے وہی بیان فرمادیا۔خیال رہے کہ بعد موت روح اپنے مقام پر پہنچادی جاتی ہے مؤمن کی اچھے مقام پر،کافر کی روح عذاب کے مقام پر مگر روح جہاں بھی ہو اسے قبر اور جسم سے تعلق ضرور رہتا ہے جیسے سونے کی حالت میں روح سیرانی عالم کی سیر کرتی ہے مگر سونے والے کے جسم سے تعلق رکھتی ہے کہ جہاں جسم کو ہاتھ لگا یا اسے آواز دی روح کو خبر ہوگئی اس لیے قبر پر جاکر اسلام و کلام کیا جاتا ہے۔اس کی تحقیق ہم نے اپنی تفسیرنعیمی پارہ دوم بل احیاء کی تفسیر میں بھی کی ہے اور اسی مرآت باب الجمعہ مسئلہ حیات النبی میں بھی کی ہے۔حیات اموات اور حیات شہداء حیات النبی کا فرق وہاں مطالعہ کرو۔
۹؎ اس وعدے سے مراد بعض وہ ربانی وعدے ہیں جن کا ظہور دنیا میں ہوچکا ہے۔بدر میں تھوڑے مسلمانوں کا بہت طاقتور مسلح کفار پر غلبہ،فرشتوں کا مسلمانوں کی مدد کے لیے اترنا وغیرہ۔وہ وعدے مراد نہیں جن کا ظہور بعد موت یا بعد قیامت ہوگا کہ وہ وعدے تو پورے ہوں گے ابھی پورے ہوئے نہیں۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع