30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
۵؎ حضورصلی اللہ علیہ و سلم اس کا سوال بھول نہ گئے تھے،دوبارہ سوال کرنا اظہار اہتمام کے لیے ہے تاکہ اسے یہ جواب خوب یاد رہے۔ (مرقات)
۶؎ یہاں قرض کے متعلق شارحین کے کئی قول ہیں:بعض نے فرمایا کہ قرض سے مراد بندے کے سارے مارے ہوئے حقوق ہیں چوری،خیانت،غصب،قتل وغیرہ۔مرقات نے فرمایا کہ قرضہ سے وہ قرضہ مراد ہے جس کے ادا کرنے کی نیت نہ ہو،اگر ادا کرنے کی نیت تھی مگر موقعہ نہ ملا کہ شہید ہوگیا وہ قرض خود قرض خواہ سے معاف کرادیا جائے گا مگر دریا کا شہید اس کا قرضہ بھی معاف ہو جاتا ہے اور اس کی روح بلاواسطہ خود رب تعالٰی قبض فرماتاہے حضرت ملک الموت کے سپرد نہیں فرماتا۔(مرقاۃ)
۷؎ یعنی ابھی وحی الٰہی آئی جس میں مجھ سے یہ فرمایا گیا۔اس سے دو مسئلے معلوم ہوئے:ایک یہ کہ حضور پر صرف قرآن کریم کی ہی وحی نہ ہوئی اس کے علاوہ اور بھی وحی ہوئی ہیں۔دوسرے یہ کہ ہر وحی کو صحابہ کرام دیکھا نہ کرتے تھے،بعض وقت ان حضرات نے وحی آتے دیکھی،بلکہ بعض اوقات جبرائیل امین کو بھی دیکھا اور بعض وقت کچھ بھی نہ دیکھا،رب تعالٰی نے اپنے محبوب سے باتیں کرلیں پاس والوں کو خبر بھی نہ ہوئی،اس وقت جو وحی آئی یہ اسی دوسری قسم کی تھی،بعض شارحین نے فرمایا کہ یہ وحی پہلے آچکی تھی مگر یہ درست نہیں،ورنہ حضور صلی اﷲ علیہ وسلم اس سائل سے یہ پہلے ہی فرمادیتے دوبارہ بلانے اور سوال پوچھنے کی حاجت نہ ہوتی۔
|
3806 -[20] وَعَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «الْقَتْلُ فِي سَبِيلِ اللَّهِ يُكَفِّرُ كُلَّ شَيْءٍ إِلَّا الدّين» . رَوَاهُ مُسلم |
روایت ہے حضرت عبداﷲ ابن عمرو ابن عاص سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا اﷲ کی راہ میں قتل ہونا(یا قتل کرنا) ۱؎ ہر چیز کو مٹا دیتا ہے سواءقرض کے ۲؎(مسلم) |
۱؎ ظاہر یہ ہے کہ یہاں قتل مصدر مجہول ہے بمعنی قتل کیا جانا،شہید ہونا،اس کی تائید گزشتہ حدیث کررہی ہے،اور ہو سکتا ہے کہ قتل سے مراد قتل کرنا،یعنی جہاد کرنا ہو۔
۲؎ اس کی شرح ابھی ہوچکی۔قرض سے مراد وہ قرض ہے جس کا مطالبہ کرنے کا حق بندے کو ہو خواہ بیوی کا دین،مہر ہو،یا کسی سے لیا ہوا قرض،یا ماری ہوئی امانت،یا غضب کیا ہوا مال کہ یہ ہی بندوں کے حقوق ہیں،اپنے ذمہ رہی ہوئی زکوۃ فطرانہ،قربانی،ذمہ کی نذر یا روزہ نماز وغیرہ مراد ہیں،مرقات نے یہاں ان سب چیزوں کو دین مانا ہے مگر یہ قوی نہیں،ورنہ پھر تو کوئی گناہ معاف نہ ہونا چاہیےکیونکہ ہر گناہ رب تعالٰی کا وہ قرض ہے جو بندے نے مار لیا۔
|
3807 -[21] (مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ) وَعَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: " يَضْحَكُ اللَّهُ تَعَالَى إِلَى رَجُلَيْنِ يَقْتُلُ أَحَدُهُمَا الْآخَرَ يَدْخُلَانِ الْجَنَّةَ: يُقَاتِلُ هَذَا فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَيُقْتَلُ ثُمَّ يَتُوبُ اللَّهُ على الْقَاتِل فيستشهد " |
روایت ہے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ اﷲ تعالٰی ان دو شخصوں سے بہت خوش ہوتا ہے ۱؎ جن میں سے ایک دوسرے کو قتل کرے پھر دونوں جنت میں پہنچیں ۲؎ کہ یہ اﷲ کی راہ میں جہاد کرے تو مارا جائے پھر اﷲ قاتل کو توبہ کی توفیق دے دے پھر وہ شہید کردیا جائے ۳؎(مسلم،بخاری) |
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع