30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
|
3769 -[12] عَنْ عَمْرِو بْنِ شُعَيْبٍ عَنْ أَبِيهِ عَنْ جَدِّهِ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «الْبَيِّنَةُ عَلَى الْمُدَّعِي وَالْيَمِينُ عَلَى الْمُدَّعَى عَلَيْهِ» . رَوَاهُ التِّرْمِذِيّ |
روایت ہے حضرت عمرو ابن شعیب سے وہ اپنے والد سے وہ اپنے دادا سے راوی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا گواہی مدعی پر ہے اور قسم مدعیٰ علیہ پر ۱؎ (ترمذی) |
۱؎ اس کی شرح پہلے کی جاچکی ہے کہ اگر مدعی کے پاس گواہ نہ ہوں اور مدعیٰ علیہ اس کے دعویٰ کا انکار کرے اور مدعی قسم کا مطالبہ کرے تو قسم مدعیٰ علیہ پر ہے۔
|
3770 -[13] وَعَنْ أُمِّ سَلَمَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: فِي رَجُلَيْنِ اخْتَصَمَا إِلَيْهِ فِي مَوَارِيثَ لَمْ تَكُنْ لَهُمَا بَيِّنَةٌ إِلَّا دَعْوَاهُمَا فَقَالَ: «مَنْ قَضَيْتُ لَهُ بِشَيْءٍ مِنْ حَقِّ أَخِيهِ فَإِنَّمَا أَقْطَعُ لَهُ قِطْعَةً مِنَ النَّارِ» . فَقَالَ الرَّجُلَانِ: كُلُّ وَاحِدٍ مِنْهُمَا: يَا رَسُولَ اللَّهِ حَقِّي هَذَا لِصَاحِبِي فَقَالَ: «لَا وَلَكِنِ اذْهَبَا فَاقْتَسِمَا وَتَوَخَّيَا الْحَقَّ ثُمَّ اسْتَهِمَا ثُمَّ لْيُحَلِّلْ كُلُّ وَاحِدٍ مِنْكُمَا صَاحِبَهُ» . وَفِي رِوَايَةٍ قَالَ: «إِنَّمَا أَقْضِي بَيْنَكُمَا برأيي فِيمَا لم يُنزَلْ عليَّ فِيهِ» . رَوَاهُ أَبُو دَاوُد |
روایت ہے حضرت ام سلمہ سے وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم سے راوی ان دو شخصوں کے بارے میں جو حضور کی طرف میراث کا مقدمہ لائے ۱؎ کہ اس کا ان کے پاس سوا ءدعویٰ کے کوئی گواہ نہ تھا تو فرمایا کہ میں جس کے لیے اس کے بھائی کے حق کا فیصلہ کر دوں تو میں اس کے لیے آگ کے ایک حصہ کا فیصلہ کرتا ہوں۲؎ اس پر ان دونوں شخصوں میں سے ہر ایک نے عرض کیا یارسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم میرا حق میرے اس صاحب کے لیے ہے ۳؎ تو فرمایا یوں نہیں لیکن جاؤ پھرتقسیم کرو اور حق کی تلاش کرو۴؎ پھر قرعہ ڈالو پھر تم میں سے ہر ایک اپنے ساجھی سے معافی مانگ لے ۵؎ اور ایک روایت میں یوں ہے کہ میں تمہارے درمیان اپنی رائے سے فیصلہ کرتا ہوں ان چیزوں میں جن میں مجھ پر نزول وحی نہیں ہوا ۶؎ (ابوداؤد) |
۱؎ یعنی ایک چیز کے متعلق دو صاحبوں نے دعویٰ کیا کہ میری ہے ہر ایک یہ کہتا تھا کہ مجھے یہ چیز میرے عزیز کی میراث میں ملی ہے اور کسی کے پاس گواہ تھے نہیں۔
۲؎ یعنی میرا شرعی فیصلہ جو ظاہر پر مبنی ہو وہ غیرمستحق کے لیے یہ چیز حلال نہ کردے گا اگر واقعی وہ سچا ہو تو لے ورنہ چھوڑ دے۔اس کی تحقیق پہلے ہوچکی کہ حضور انور کے فیصلے کتنی قسم کے ہیں اور کس فیصلہ کا کیا حکم ہے۔
۳؎ سبحان اﷲ! یہ تاثیر ہے اس زبان فیض ترجمان کی کہ ایک فرمان میں ان دونوں کے قال حال،خیال،سب اعمال بدل گئے۔
۴؎ یعنی یہ چیز دونوں صاحب آپس میں برابرتقسیم کرلو اورتقسیم میں حق کا خیال رکھو۔توخی بنا ہے وخیٌ سے بمعنی میانہ روی جس میں نہ جلدی ہو نہ دیر اور بمعنی قصدوتحری،یہاں دوسرے معنی میں ہے۔
۵؎ یہ درحقیقت صلح کرانا ہے فیصلہ نہیں۔سبحان اﷲ! کیا شاندارتصفیہ ہے ان دونوں میں ہر شخص کا خیال یہ تھا کہ یہ متروکہ چیز صرف میری ہے تو فرمایا کہ ہر ایک آدھی آدھی لے لو،تقسیم بالکل درست ہو اور تعیین کے لیے قرعہ ڈالو کہ کون سا حصہ کون لے،پھر تقویٰ و پرہیزگاری کے طور پر ایک دوسرے کو اپنے حق سے بری کردو کہ اگر میرا کچھ حق تیری طرف چلا گیا ہو میری طرف سے تجھے معاف اور اگر تیرا کچھ حق میری طرف آگیا ہو تو معاف کردے۔اس سے معلوم ہوا کہ مجہول حق سے براءت کردینا جائز ہے احناف کا یہ قول ہے۔(مرقات)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع