30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
بادشادہ و حکام کے درست ہوجانے سے لوگ خود بخود درست ہوجاتے ہیں الناس علی دین ملوکھم لوگ بادشاہوں کے طریقہ پر ہوتے ہیں،مولویوں کے ہزار وعظ ایک طرف اور سلطان یا حکام کا صرف اچھا عمل ایک طرف،حکام کا عمل بہترین مبلغ ہے۔
|
3724 -[3] (مُتَّفق عَلَيْهِ) وَعَن ابنِ أَبِي بُرْدَةَ قَالَ: بَعَثَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ جَدَّهُ أَبَا مُوسَى وَمُعَاذًا إِلَى الْيَمَنِ فَقَالَ: «يَسِّرَا وَلَا تُعَسِّرَا وَبَشِّرَا وَلَا تُنَفِّرَا وَتَطَاوَعَا وَلَا تَخْتَلِفَا» |
روایت ہے حضرت ابوبردہ سے ۱؎ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے ان کے دادا ابو موسیٰ کو ۲؎ اور معاذ کو یمن کی طرف بھیجا تو فرمایا تم دونوں آسانی کرنا تنگی نہ کرنا اور خوشخبری دینا نفرت نہ پھیلانا۳؎ ایک دوسرے کی اطاعت کرنا آپس میں جھگڑنا مت۴؎ (مسلم،بخاری) |
۱؎ مصنف سے یہاں دھوکا ہوگیا ابن ابی بردہ کی بجائے ابوبردہ فرمادیا جیساکہ ابھی معلوم ہوگا،ان کا نام عبداللہ ابن ابوبردہ ابن ابو موسیٰ اشعری ہے۔(مرقات)
۲؎ صاحب مشکوۃ کے اس بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ حضرت ابو موسیٰ ابو بردہ کے دادا ہیں حالانکہ وہ ابو بردہ کے والد ہیں لہذا راوی عبد اللہ ابن ابوبردہ ہیں جیساکہ بخاری شریف میں بروایت مسلم ابن ابراہیم ہے۔خیال رہے کہ ابوبردہ کے بیٹے عبداﷲ اور یوسف،سعید اور بلال ہیں کل چار،بلال ابن ابوبردہ بصرہ کے حاکم رہے ان سے روایات بہت کم ہیں،ابوبردہ کا نام عامر ابن عبداﷲ ابن قیس ہے،عبداﷲ ابن قیس کی کنیت ابوموسیٰ ہے،قاضی شریح کے بعد عامر یعنی ابوبردہ کوفہ کے حاکم رہے جن کو حجاج نے معزول کردیا اور ابو موسیٰ اشعری مکہ معظمہ میں ایمان لائے،پھر حبشہ کی طرف پھر مدینہ منورہ ہجرت کی،حضرت عمر نے ۲۰ھ میں بصرہ کا حاکم مقرر کیا، آپ نے اھواز فتح کیا،حضرت عثمان نے منتقل کرکے کوفہ کا حاکم کردیا،آپ قتل عثمانی تک کوفہ رہے پھر مکہ معظمہ چلے آئے حضرت علی کے پنچ بننے کے بعد مکہ معظمہ میں رہے، ۵۲ھ میں وفات پائی۔(مرقات وغیرہ)چونکہ ابوبردہ کے سارے بیٹے ثقہ ہیں لہذا ان میں سے ہر ایک کی روایت مقبول ہے جہالتِ نام مضر نہیں۔
۳؎ ظاہر یہ ہے کہ دونوں بزرگوں کو سامنے بٹھاکر یہ نصیحت فرمائی یا تو ان دونوں کو ایک جگہ کا حاکم مقرر کیا علیٰحدہ علیٰحدہ محکموں کا یا مختلف علاقوں کا حاکم مقرر کیا،یمن پورے صوبہ کا نام ہے۔
۴؎ کیونکہ تم دونوں کا آپس میں جھگڑا رعایا کے جھگڑے وا ختلاف کا سبب ہوگا۔خیال رہے کہ یہاں اختلاف سے مراد جھگڑاوفساد ہے نہ کہ اجتہادی اختلاف،وہ تو صحابہ میں ہوا اور وہ اختلاف رحمت ہے،فرماتے ہیں صلی اللہ علیہ وسلم اختلاف امتی رحمتی۔
|
3725 -[4] (مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ) وَعَنِ ابْنِ عُمَرَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: " إِنَّ الْغَادِرَ يُنْصَبُ لَهُ لِوَاءٌ يَوْمَ الْقِيَامَةِ فَيُقَالُ: هَذِهِ غَدْرَةُ فُلَانِ بْنِ فُلَانٍ " |
روایت ہے حضرت ابن عمر سے کہ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا کہ بدعہد کے لیے قیامت کے دن جھنڈا گاڑھا جائے گا تو کہا جائے گا کہ یہ فلاں ابن فلاں کی بدعہدی ہے ۱؎ (مسلم،بخاری) |
۱؎ حدیث بالکل اپنے ظاہری معنے پر ہے۔واقعی بدعہد کے چوتڑوں پر جھنڈا لگا ہوگا یا جہاں بدعہد لوگ کھڑے کیے جائیں گے وہاں ہر ایک کے جھنڈے ہوں گے جن کی بلندی ان کی غداری کے مطابق ہوگی تاکہ ان کی رسوائی ہو۔خیال رہے کہ امت رسول اﷲ کے چھپے گناہ قیامت میں ظاہر نہ کیے جائیں گے علانیہ گناہوں کا وہاں اعلان ہوگا کہ جب انہوں نے خود ہی اپنے کو رسوا کیا تھا تو اب بھی رسوا ہوں لہذا حدیث واضح ہے یہ کہنے والا یا فرشتہ ہوگا جو اعلان کرتا ہوگا یا خود قیامت والے ہوں گے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع