30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
|
2734 -[7] (مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ) وَعَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا قَالَتْ: لَمَّا قَدِمَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الْمَدِينَةَ وُعِكَ أَبُو بَكْرٍ وَبِلَالٌ فَجِئْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فَأَخْبَرْتُهُ فَقَالَ: «اللَّهُمَّ حَبِّبْ إِلَيْنَا الْمَدِينَةَ كَحُبِّنَا مَكَّةَ أَوْ أَشَدَّ وَصَحِّحْهَا وَبَارِكْ لَنَا فِي صاعها ومدها وانقل حماها فاجعلها بِالْجُحْفَةِ» |
روایت ہے حضرت عائشہ سے فرماتی ہیں کہ جب رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ تشریف لائے تو حضرت ابوبکر و بلال کو بخار آگیا ۱؎ میں رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کی خدمت میں حاضر ہوئی میں نے حضور انور کو یہ خبر دی تو فرمایا الٰہی مدینہ ہمیں ایسا پیارا کردے جیسے مکہ پیارا تھا یا اس سے بھی زیادہ اور اسے صحت بخش بنا دے اور اس کے صاع و مد میں ہمیں برکت دے اور یہاں کے بخار کو منتقل کرکے حجفہ میں بھیج دے ۲؎(مسلم،بخاری) |
۱؎ اور یہ دونوں حضرات بخار کی شدت میں مکہ معظمہ کو بہت یاد کرتے تھے۔چنانچہ حضرت بلال یہ شعر پڑھا کرتے تھے۔شعر
الا لیت شعری ھل ابیتن لیلۃ بواد و عندی اذخر و جلیل
وھل اردن یوما میاہ مجنۃ وھل تبدون بی شامۃ والفیل
غرضکہ مکہ کی آب و ہوا اور شیریں پانی حتی کہ وہاں کے گھاس و پہاڑ بھی یاد ہوتے تھے۔
۲؎ حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم کی یہ تمام دعائیں قبول ہوئیں۔چنانچہ آج بھی ہر مسلمان کو بمقابلہ مکہ مکرمہ کے مدینہ منورہ زیادہ پیارا ہے اور مدینہ پاک کی آب و ہوا بہت ہی صحت بخش ہےحتی کہ وہاں کی خاک خاک شفا کہلاتی ہے،وہاں کی روزی میں بڑی برکت ہے۔حجفہ حرمین طیبین کے درمیان چھوٹی سی بستی ہے جہاں اس زمانہ میں یہود آباد تھے،اب بھی وہاں کی آب و ہوا نرا بخار ہے کہ اگر پرندہ وہاں سے گزر جائے تو بیمار پڑ جاتا ہے۔(لمعات)یہ حدیث امام مالک کی دلیل ہے کہ مدینہ منورہ افضل ہے۔
|
2735 -[8] وَعَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ فِي رُؤْيَا النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ فِي الْمَدِينَةِ: " رَأَيْتُ امْرَأَةً سَوْدَاءَ ثَائِرَةَ الرَّأْسِ خَرَجَتْ مِنَ الْمَدِينَةِ حَتَّى نَزَلَتْ مَهْيَعَةَ فَتَأَوَّلْتُهَا: أَنَّ وَبَاءَ الْمَدِينَةِ نُقِلَ إِلَى مَهْيَعَةَ وَهِيَ الْجُحْفَةُ ". رَوَاهُ البُخَارِيّ |
روایت ہے حضرت عبداﷲ ابن عمر سے نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم کی خواب کے متعلق جو مدینہ کے بارے میں دیکھی ۱؎ فرمایا میں نے ایک کالی بال بکھیرے عورت دیکھی کہ مدینہ سے نکلی حتی کہ مہیعہ ہی اتر گئی ۲؎ ہم نے اس کی تعبیر یہ کی کہ مدینہ منورہ کی وباء مہیعہ کی طرف منتقل ہوگئی،مہیعہ حجفہ کا نام ہے ۳؎(بخاری) |
۱؎ یعنی حضرت ابن عمر نے حضور کی خواب کا ایک بڑا واقعہ بیان کیا جس میں الفاظ یہ بھی ہیں جو یہاں منقول ہیں۔
۲؎ مہیعہ کے معنے ہیں وسیع زمین یا فراخ بستی جب سیلابوں نے اس بستی کو برباد کردیا تو اس کا نام حجفہ ہوگیا،یعنی کٹی ہوئی زمین۔ (مرقات)غالبًا یہ خواب اس دعا شریف کے بعد دیکھی ہوگی جو پہلے گزری۔
۳؎ یہاں وباء سے مراد طاعون،ہیضہ وغیرہ وبائی بیماریاں نہیں بلکہ خرابی آب و ہوا کی بنا پر عام بیماریاں مراد ہیں لہذا اس حدیث پر یہ اعتراض نہیں کہ جہاں وباء ہو وہاں جانا منع ہے،پھر حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم ہجرت فرما کر مدینہ منورہ کیوں تشریف لائے ؟ یہاں مرقات نے فرمایا کہ اب حجفہ کا یہ حال ہے کہ وہاں ایک مقام غدیر خمّہ ہے وہاں کوئی شخص بلوغ تک زندہ نہیں رہتا،اس سے پہلے ہی بیماریوں کا شکار ہوکر ہلاک ہوجاتا ہے لہذا اب وہ جگہ ویران ہے۔اس سے معلوم ہوا کہ جیسے کفار کی بستیوں پر بمباری و تیراندازی کرسکتے ہیں ایسے ہی وہاں کے لیے بیماری کی بددعا بھی کر سکتے ہیں لہذا حدیث پر یہ اعتراض نہیں کہ حضور انور صلی اللہ علیہ و سلم نے اپنے مدینہ کی وباء دوسروں پر کیوں منتقل فرمادی۔
|
2736 -[9] (مُتَّفَقٌ عَلَيْهِ) وَعَنْ سُفْيَانَ بْنِ أَبِي زُهَيْرٍ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ يَقُولُ: «يُفْتَحُ الْيَمَنُ فَيَأْتِي قومٌ يبُسُّونَ فيَتَحمَّلونَ بأهليهم وَمن أطاعهم وَالْمَدِينَةُ خَيْرٌ لَهُمْ لَوْ كَانُوا يَعْلَمُونَ وَيُفْتَحُ الشَّامُ فَيَأْتِي قَوْمٌ يَبُسُّونَ فَيَتَحَمَّلُونَ بِأَهْلِيهِمْ وَمَنْ أَطَاعَهُمْ وَالْمَدِينَةُ خَيْرٌ لَهُمْ لَوْ كَانُوا يَعْلَمُونَ وَيُفْتَحُ الْعِرَاقُ فَيَأْتِي قَوْمٌ يَبُسُّونَ فَيَتَحَمَّلُونَ بِأَهْلِيهِمْ وَمَنْ أَطَاعَهُمْ وَالْمَدِينَةُ خَيْرٌ لَهُمْ لَوْ كَانُوا يعلمُونَ» |
روایت ہے حضرت سفیان ابن ابی زہیر سے فرماتے ہیں میں نے رسول اﷲ صلی اللہ علیہ و سلم کو فرماتے سنا کہ عنقریب یمن فتح ہوگا تو ایک قوم دوڑتی ہوئی خوشی خوشی آئے گی ۱؎ اور اپنے بال بچوں اور اپنے خدام کو وہاں لے جائے گی حالانکہ اگر وہ سمجھتے تو مدینہ ان کے لیے بہتر تھا ۲؎ اور شام فتح ہوگا تو ایک قوم خوشی خوشی دوڑتی آئے گی تو گھر والوں اور خدام کو وہاں لے جائے گی حالانکہ ان کے لیے مدینہ اچھا تھا اگر وہ جانتے اور عراق فتح ہوگا ۳؎ تو ایک قوم خوشی خوشی دوڑتی آئے گی اور اپنے بال بچوں اور خادموں کو لے جائے گی حالانکہ مدینہ ان کے لیے بہتر تھا اگر جانتے ۴؎(مسلم، بخاری) |
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع