30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
۱؎ حق یہ ہے کہ یہاں قیدی سے مراد وہ شخص ہے جو حق اﷲ یا حق العبد میں گرفتار ہو اور آزاد فرمانے سے اس کے حق ادا کردینا یا کرادینا مراد ہے ورنہ اس زمانہ پاک میں سوائے ان کفار کے جو غزوہ جہاد میں قید ہو کر آئے اورکسی کو قید نہ کیا جاتا تھا اور ایسے قیدیوں کو حضور انورصلی اللہ علیہ وسلم نے کسی رمضان میں آزاد نہ کیا کہ ان کو چھوڑ دینا فتنہ سے خالی نہ تھا وہ پھر جاکر مسلمانوں کے مقابل ہوتے۔احناف کے نزدیک جنگ کے کفار قیدیوں کو چھوڑنا منسوخ ہے ان کے لیے یا قتل ہے یا غلام بنانا یا فدیہ پر چھوڑنا"فَاِمَّا مَنًّۢا بَعْدُ" منسوخ ہے اس کا ناسخ ہے"فَاقْتُلُوا الْمُشْرِکِیۡنَ حَیۡثُ وَجَدۡتُّمُوۡہُمْ"ہاں شوافع کے ہاں آزاد کرنے کا بھی حق ہے،یہ معنے جو ہم نے عرض کئے متفق علیہ ہیں۔
۲؎ یوں تو سرکار ہمیشہ ہی ہر سائل کو دیتے تھےکریم ہیں،سخی ہیں،داتا ہیں مگر ماہ رمضان میں آپ کی سخاوت کا سمندر موجیں مارتا تھا۔یہاں دوباتیں خیا ل میں رکھیئے:ایک یہ کہ امیروں سے صرف مال مانگے جاتے ہیں مگر حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم سے مال،اعمال،کمال،رضائے رب ذوالجلال اور جنت،نیز دوزخ سے پناہ،ایمان پر خاتمہ سب کچھ ہی مانگا جاتا ہے،حضرت ربیعہ نے حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم سے جنت مانگی،حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم یوں تو ہمیشہ خصوصًا رمضان میں ہر سائل کو اس کی منہ مانگی مراد دیتے تھے۔دوسرے یہ کہ سرکار کی یہ بخششیں صرف اس زمانہ سے خاص نہیں تا قیامت ان کا دروازہ ہر فقیر کے لیے کھلا ہے،کیوں نہ ہو کہ رب تعالٰی نے فرمایا:"وَ اَمَّا السَّآئِلَ فَلَا تَنْہَرْ"سائل میں زمانہ ومکان کی قید نہیں لہذا اب بھی رمضان میں حضور انور صلی اللہ علیہ وسلم سے ہر مؤمن کو رہائی بھی مانگنی چاہیے اور جنت وغیرہ بھی ہم نے عرض کیا ہے۔شعر
شرم قیدی،یہ جرم و بے حیائی رہائی یا رسول اﷲ رہائی
رہائی کردی غزے زوے عطا کن زیں بلا مارا رہائی
چھڑایا قید سے ہرنی کو تم نے مجھے بھی اس بلا سے دو رہائی
|
1967 -[12] وَعَنِ ابْنِ عُمَرَ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: «إِنَّ الْجَنَّةَ تُزَخْرَفُ لِرَمَضَانَ مِنْ رَأْسِ الْحَوْلِ إِلَى حَوْلِ قَابِلٍ» . قَالَ: " فَإِذَا كَانَ أَوَّلُ يَوْمٍ مِنْ رَمَضَانَ هَبَّتْ رِيحٌ تَحْتَ الْعَرْشِ مِنْ وَرَقِ الْجَنَّةِ عَلَى الْحُورِ الْعِينِ فَيَقُلْنَ: يَا رَبِّ اجْعَلْ لَنَا مِنْ عِبَادِكَ أَزْوَاجًا تَقَرَّ بِهِمْ أَعْيُنُنَا وَتَقَرَّ أَعْيُنُهُمْ بِنَا ". رَوَى الْبَيْهَقِيُّ الْأَحَادِيثَ الثَّلَاثَةَ فِي شُعَبِ الْإِيمَانِ |
روایت ہے حضرت ابن عمر سے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ماہ رمضان کے لیے جنت شروع سال سے اگلے سال تک سنواری جاتی ہے ۱؎ فرمایا جب رمضان کا پہلا دن ہوتا ہے تو عرش کے نیچے جنت کے پتوں سے آنکھ والی حوروں پر ایک خوشگوار ہوا چلتی ہے ۲؎ تو حوریں عرض کرتی ہیں یا رب اپنے بندوں کو ہمارا خاوند بنا ان سے ہماری آنکھیں اور ہم سے ان کی آنکھیں ٹھنڈی ہوں۳؎ یہ تینوں حدیثیں بیہقی نے شعب الایمان میں نقل فرمائیں۴؎ |
۱؎ یعنی عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی اگلے رمضان کے لیے جنت کی آراستگی شروع ہوجاتی ہے اور سال بھر تک فرشتے اسے سجاتے رہتے ہیں جنت خود سجی سجائی پھر اور بھی زیادہ سجائی جائے،پھر سجانے والے فرشتے ہوں تو کیسی سجائی جاتی ہوگی اس کی سجاوٹ ہمارے وہم و گمان سے وراء ہے،بعض مسلمان رمضان میں مسجدیں سجاتے ہیں،وہاں قلعی چونا کرتے ہیں،جھنڈیاں لگاتے،روشنی کرتے ہیں ان کی اصل یہ ہی حدیث ہے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع