30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
دعوت اسلامی کے مشکبار مدنی ماحول سے وابستہ ہونے کی برکت سے علمِ دین حاصل کرنے کا جذبہ بیدار ہوگیا چنانچہ اسی مقدس جذبے کے تحت میں نے درس نظامی (عالم کورس) کے لیے جامعۃ المدینہ کاہنہ مرکزالاولیا لاہور میں داخلہ لے لیا اورعلم دین کے نور سے روشن ومنور ہونے لگا ۔دعوتِ اسلامی کے جامعۃ ُالمدینہ کے علمائے کرام اور دیگر سنی دارُ العلوم کے ماہر اساتذۂ کرام سے اِکتسابِ علم کا سلسلہ رہا، اَ لْحَمْدُلِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ پڑھنے کے ساتھ ساتھ مدَنی کاموں میں بھی حصہ لیتا رہا۔ 2003ء میں جامعہ نظامیہ رضویہ (مرکزالاولیاء، لاہور) سے دورۂ حدیث شریف پڑھنے کے بعد سند ِفراغت حاصل کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ پھر مزید طلبِ علم کا شوق مجھے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ (باب المدینہ کراچی) کھینچ لایا، یہاں آکر میں نے ’’تَخَصُّص فِی الْفِقْہ ‘‘ (مفتی کورس) میں داخلہ لے لیا ۔
’’تَخَصُّص فِی الْفِقْہ ‘‘ سے فراغت حاصل کرنے کے بعد ایک سال جامعۃُ المدینہ کی ایک شاخ میں تدریس کے فرائض سرانجام دیتا رہا اور دوسرے سال مدنی مرکز کے حکم پر جامعۃُ المدینہ فیضانِ مدینہ پرانی سبزی منڈی (باب المدینہ کراچی) میں تدریسی فرائض سرانجام دینے کے لئے مقیم ہوگیا جہاں تادمِ تحریر ’’تَخَصُّص فِی الْفُنُون ‘‘ کے درجہ میں مدَنی عُلما (جامعۃُ المدینہ سے فارغُ التحصیل عُلماء کو مدَنی علماء کہا جاتا ہے ) کو معقولات (یعنی منطق و فلسفہ) پڑھانے کے ساتھ ساتھ جامعۃُ المدینہ کے طلبہ کو تفسیر، حدیث، اصولِ فقہ و اصولِ تفسیر، میراث وغیرہ اور متعدد فنون کی کتب پڑھانے کی سعادت سے مالا مال ہورہا ہوں ، اور ساتھ ہی تصنیف وتالیف، بعض عربی و فارسی کُتُب و رسائل کے تراجم اور تقریباً ایک سال سے کُتُبِ درسیہ کے ترجمہ و حواشی پر بھی کام کر رہا ہوں ۔ تادمِ تحریر دعوتِ اسلامی کے مشکبار مدنی ماحول سے وابستہ ہوئے تقریباً 13 سال ہو چکے ہیں ۔ یہ سب میرے پیر و مرشد شیخِ طریقت، امیرِاہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے فیضان کی بہاریں ہیں کہ مجھ جیسے کرکٹ کے شائق کو کرکٹ کے میدان سے اٹھا کر مسندِ تدریس پر لا بٹھایا اوربازار کی رنگینیوں میں مست رہنے والے کو مسجد کے پاکی زہ ماحول میں لابسایا اور منبر و محراب کی زینت بنادیا۔ اپنے پیر و مرشد امیرِ اہلسنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے صدقے ملنے والے ان انعامات پر میں اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ کا جتنا شکر ادا کروں کم ہے ، بس آخر میں اتنا عرض کروں گا،
جب تک بکے نہ تھے تو کوئی پوچھتا نہ تھا
عطار نے خرید کر مجھے انمول کردیا
صَلُّوْاعَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلٰی مُحَمَّد
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! بلاشبہ اچھے ماحول میں انسان اچھائی اور بھلائی کی طرف راغب ہوتا ہے جیسا کہ مذکورہ مدَنی بہار سے اس بات کا پتہ چلا کہ درسِ فیضانِ سنّت اور مدَنی ماحول سے وابستہ اسلامی بھائیوں کی صحبت کی برکت سے کرکٹ کا شیدائی نوجوان نہ صرف عالم اور مُدَرِّس بن گیا بلکہ تصنیف و تالیف کا اہم فریضہ سر انجام دینے کے ساتھ ساتھ مفتی کورس بھی کرلیا ۔ آپ بھی مدَنی ماحول سے وابستہ ہو جایئے اور دعوتِ اسلامی کے متعارف کردہ حصولِ علمِ دین کے مختلف ذرائع مثلاًدرس نظامی، 63 روزہ تربیتی کورس، ہفتہ وار اجتماعات اور راہِ خُدا میں سفر کرنے والے مدَنی قافلوں کے ذریعے علمِ دین حاصل کی جیے اور اپنی اولاد کو زیورِ علم سے آراستہ کرنے لئے انہیں دعوتِ اسلامی کے تحت چلنے والے جامعۃُ المدینہ میں داخل کروائیے اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ دونوں جہاں میں بیڑا پار ہوگا۔ علم و علماء کی فضیلت کے بارے میں قرآن مجید کے پارہ 28، سورۃ المجادلہ، آیت نمبر 11 میں اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ارشاد فرماتا ہے:
یَرْفَعِ اللّٰہُ الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا مِنْکُمْ وَ الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْعِلْمَ دَرَجٰت، ترجمۂ کنز الایمان: اللّٰہ تمہارے ایمان والوں کے اور ان کے جن کو علم دیا گیا درجے بلند فرمائے گا۔
دعوتِ اسلامی کے اِشاعتی ادارے مکتبۃُ المدینہ کی مطبوعہ 743 صفحات پر مشتمل کتاب ’’جنت میں لے جانے والے اعمال ‘‘ کے صَفْحَہ 35 پر بحوالہ ’’سُنَنُ التِّرْ مِذی ‘‘ منقول ہے: سرکار ِنامدار، شہنشاہِ خوش خصال، پیکرِ حُسن وجمال، دافعِ رنج و مَلال، صاحب ِجُودو نوال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: ’’عالم کی فضیلت عابد پر ایسی ہے جیسے میری فضیلت تم میں سے ادنیٰ شخص پرہے ‘‘
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع