30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
سُوال : کیا کوئی چشتی ، قادری سلسلے میں مرید ہوسکتا ہے؟ (سوشل میڈیا کے ذریعے سُوال)
جواب : جی ہاں! ہو سکتا ہے۔
میّت کے لئے ختمِ قرآن کا سلسلہ کب شروع ہوا؟
سُوال : میّت کے لئے ختم قرآن کی ابتدا کیسے ہوئی؟ (Facebook کے ذریعے سُوال)
جواب : پہلے کے دور میں قرآنِ پاک کے پارے نہیں ہوتے تھے اور قرآن پاک چمڑے یا پتوں پر لکھا جاتا تھا ، ([1]) کئی صحابہ کرام بھی قرآنِ پاک کے حافظ ہوا کرتے تھے ، اس لئے جس انداز میں ہم پارے تقسیم کرکے قرآنِ پاک کا ختم کرتے ہیں اس طرح نہیں ہوتا تھا۔ البتہ قرآنِ پاک پڑھ کر ایصالِ ثواب کرنے کا سلسلہ ہوا کرتا تھا ، جیسے ’’فتاوی ملک العلما‘‘ میں میّت کے متعلق ایک مسئلہ ہے کہ “ بہتر تو یہ ہے کہ قبر پر جا کر ایک ختم کامل کرے۔ یعنی پورا قرآن کریم ختم کرے۔ جیسا کہ امام شافعی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ جب حضرت لَیْث بن سَعد رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ کی قبر کی زیارت کو گئے تو ان کی تعریف کی اور ایک ختمِ قرآن شریف کیا اور فرمایاکہ میں امید کرتا ہوں کہ یہ کار ِ خیر ہمیشہ جار ی رہے اور ان کے فرمانے کے مطابق ہوا۔ “ ([2]) ([3]) مزید آگے چل کر مرقاۃ شریف کے حوالے سے لکھتے ہیں : “ انصار صحابہ کرام رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُم کا دستورُ العمل بھی حدیثوں سے ثابت ہےکہ انصار کے یہاں جب کوئی فوت ہوتا تو لوگ اس کی قبر پر جاتے اور قرآن شریف پڑھتے۔ “ ([4]) ([5])ایصالِ ثواب ہر نیک عمل کا ہوسکتا ہے ، چاہے وہ فرض ، واجب ، سنّت یا نفل ہو۔ ثواب جس عمل سے بھی ملے اسے ایصال کیا جاسکتا ہے۔
بغیر بے ہوشی کے آپریشن کے دَوران کیا پڑھا جائے؟
سُوال : اگر بغیر بے ہوشی کے آپریشن ہورہا ہو تو اس وقت کیا پڑھنا چاہیے؟ (سوشل میڈیا کے ذریعے سُوال)
جواب : بعض اوقات معمولی سا آپریشن ہوتا ہے اورصرف کٹ لگنا ہوتا ہے ، اس جگہ کو سُن کردیا جاتا ہے اور تکلیف بھی نہیں ہوتی ، یابہت کم تکلیف محسوس ہوتی ہے اور وہ بھی نفسیاتی اثر ہوتا ہے کہ کٹ لگ رہا ہے ، اس لئے خوف آجاتا ہے۔ ایسے وقت میں بلاوجہ چیخنے کے بجائے کلمۂ پاک یا دُرُود شریف پڑھتے رہنا چاہیےیا پھر اللہ اللہ کا وِرْدکرتے رہنا چاہیے۔ تکلیف کے وقت ذِکْرُ اللہ نکلے اس کی عادت بنانی پڑے گی۔ ہر ایک کی ایسی عادت نہیں ہوتی کہ جب کوئی مصیبت یا تکلیف آئے تو ذِکْرُ اللہ زبان پر جاری ہوجائے ، جیسے سوشل میڈیا پر ایک فرضی واقعہ دکھایا جاتا ہے کہ ’’ایک شخص نے طوطا پالا ، وہ طوطا کلمہ پڑھاکرتاتھا ، ایک بار بلی اس پر جھپٹی تو طوطا ٹائیں ٹائیں کرنے لگا ، یہ دیکھ کر طوطے کا مالک رونے لگا ، لوگ اس کے پاس جمع ہوگئے اور پوچھا کہ “ بھئی روتے کیوں ہو؟ ہم تمہیں دوسرا طوطا لادیں گے۔ “ اس نے کہا : مجھے طوطا مرنے کا دکھ نہیں ہے ، بلکہ اس لئے رو رہا ہوں کہ میں نے اسے بڑی محنت سے کلمہ سکھایا تھا جسے یہ پڑھتا بھی تھا ، لیکن جب اس پر مشکل و قت آیا تو یہ ٹائیں ٹائیں کرنے لگا ، اسے دیکھ کر مجھے اپنی فکر ہونے لگی ہے کہ اگر وقتِ نزع موت کی سختیوں کے سبب میری زبان پر کلمہ جاری نہ ہوا تو میرا کیا بنےگا!! اگر چہ یہ ایک فرضی حکایت ہے ، مگر اس میں بہترین سبق دیا گیا ہے۔ ہمیں چاہیے کہ ہر تکلیف و آزمائش کے وقت کلمہ پڑھنے کی عادت ڈالیں ، تاکہ آخری وقت میں بھی زبان سے کلمہ جاری ہو ، کیونکہ موت کا ایک جھٹکا تلوار کے ہزار وار سے زیادہ سخت ہے ، ([6]) ایسے وقت میں اللہ پاک کے کرم اور اس کے محبوب صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ سَلَّم کی نظر سے ہی کلمہ یاد آسکتا ہے ، لہٰذا جب بھی کسی قسم کی تکلیف پہنچے یا کوئی بھی ایسا موقع آئے تو کلمہ پاک پڑھنے کی عادت ہونی چاہیے ، تاکہ آخری وقت میں بھی کلمہ پاک یاد آجائے۔
سُوال : میں 14 ، 15 سال سے الیکٹریشن کا کام کر رہا ہوں۔ میرے 2 سوالات ہیں : (1)میرا ایک دوست الیکٹریشن تھا ، اسی کام کے دوران اسے کرنٹ لگا اور اس کا انتقال ہوگیا۔ یہ ارشاد فرمائیے کہ جو لوگ کرنٹ لگنے سے مرجاتے ہیں ان کا کیا مرتبہ ہوتا ہے؟ (2)کبھی کوئی کہتا ہے کہ میرے گھر پر کنڈا لگادو ، میٹر بند کردو ، یا Slow کردو!‘‘ اگر میں یہ نہ کروں تو وہ مجھے کام نہیں دے گا۔ ایسی صورت میں مجھے کیا کرنا چاہیے؟ (شاہ زیب بن عبدُ اللہ)
جواب : اللہ کریم آپ کو اور آپ کے روزی روزگار میں بَرَکتیں دے اور بقدر کفایت حلال روزی عطا کرے۔
[1] فتاویٰ رضویہ ، ۲۶ / ۴۳۹-۴۴۰۔
[2] فتاویٰ ملک العلما ، ص۳۷۵۔
[3] مغانی الاخیار فی شرح اسامی رجال معانی الآثار ، حرف اللام ، باب اللام بعدھا الیاء ، ۲ / ۵۰۵ ، رقم : ۲۱۹۰۔
[4] فتاویٰ ملک العلما ، ص۳۹۲۔
[5] مرقاة المفاتيح ، کتاب الجنائز ، باب دفن المیت ، الفصل الثالث ، ۴ / ۱۹۸ ، تحت الحدیث : ۱۷۱۷۔
[6] حلية الاولیاء ، ذکر طبقة من تابعی اھل الشام ، مکحول الشامی ، ۵ / ۲۱۳ ، رقم : ۶۸۶۸ ماخوذاً ۔ اللہ والوں کی باتیں(مترجم) ، ۵ / ۲۴۰۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع