30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
قیامت کے دن سب سے زیادہ حسرت کسے ہوگی؟
سُوال : وقت ہونے کے باوجود علمِ دِین حاصل نہ کرنے والے کے بارے میں آپ کیا فرماتے ہیں؟
جواب : وقت ہونے کے باوجود عِلمِ دِین حاصِل نہ کرنا بہت بڑی محرومی کی بات ہے قیامت کے دن ایسے شخص کو سب سے زیادہ حسرت ہوگی ۔ چنانچہ سرکارِ نامدار ، مدینے کے تاجدار صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے اِرشاد فرمایا : سب سے زیادہ حسرت قِیامت كے دن اُس كو ہو گی جسے دُنیا میں عِلم حاصِل كرنے كا موقع ملا مگر اُس نے حاصِل نہ كیا اور اس شخص كو ہو گی جس نے عِلم حاصِل كیا اور دوسروں نے تو اس سے سُن كر نفع اُٹھایا لیكن اس نے نہ اُٹھایا( یعنی اس علم پر عمل نہ كیا) ۔ ( [1]) اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول میں عِلمِ دِین حاصِل کرنے کے بے شمار مواقع ملتے رہتے ہیں اور وقتاً فوقتاً مختلف کورسز کا بھی سلسلہ ہوتا ہے لہٰذا تمام اسلامی بھائی ان کورسز میں داخِلہ لیں ، اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ عِلمِ دِین سیکھنے سکھانے اور اس پر عمل کا جذبہ پانے کا جذبہ نصیب ہو گا ۔
فوت شدہ والدین کو کیسے راضی کیا جائے ؟
سُوال : جو اولاد اپنے والدین کو زندگی میں راضی نہ کر سکے وہ ان کی وفات کے بعد کو ن سا ایسا عمل کرے جس سے ان کے والدین ان سے راضی ہوجائیں؟
جواب : جن کے والدین ناراضی کی حالت میں اِنتقال کر گئے ہوں انہیں چاہیے کہ وہ اپنے والدین کے لیے بکثرت دُعائے مَغفرت کریں کیونکہ فوت شدگان کے لیے سب سے بڑا تحفہ دُعائے مَغفرت ہے ۔ چنانچہ اللہ پاک کے حبیب ، حبیبِ لبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : کسی کے ماں باپ دونوں یا ایک کا اِنتقال ہو گیا اور یہ ان کی نافرمانی کرتا تھا ، اب ان کے لیے ہمیشہ اِستغفار کرتا رہتا ہے ، یہاں تک کہ اللہ پاک اس کو نیکوکار لکھ دیتا ہے ۔ ( [2]) نیز اولاد کو چاہیے کہ اپنے والدین کے لیے دُعائے مغفرت کے ساتھ ساتھ فاتحہ خوانی یا دُرُود شریف وغیرہ پڑھ کر کثرت سے اِیصالِ ثواب کا سلسلہ جاری رکھے کہ جب اولاد کی طرف سے انہیں خوب اِیصالِ ثواب پہنچے گا تو اللہ پاک کی رَحمت سے اُمّید ہے کہ وہ اپنی اولاد سے راضی ہو جائیں گے ۔ اپنے والدین اور دِیگر عزیز و اقارب کے اِیصالِ ثواب کی نیت سے مکتبۃ المدینہ کے مطبوعہ مَدَنی رَسائل بھی تقسیم کیے جا سکتے ہیں ۔ نیز اگر کوئی اپنے والدین یا دِیگر عزیز و اقارب کے اِیصالِ ثواب کے لیے مَدَنی رَسائل تقسیم کرنا چاہے اور ان پر اپنے والدین وغیرہ کا نام یا اپنا پتہ وغیرہ لکھوانا چاہے تو وہ مکتبۃ المدینہ سے رابطہ کر لے ۔ ( [3])
کسی کو اپنا Autograph( یعنی دَستخط) دینا کیسا؟
سُوال : بعض لوگ شخصیات سے ان کے Autograph( یعنی دَستخط) مانگتے ہیں ، شخصیات کا انہیں اپنے Autograph( یعنی دَستخط) دینا کیسا ہے ؟نیزبعض اوقات Autograph( یعنی دَستخط) کے ساتھ ساتھ ایک آدھ لائن کی تحریر بھی لکھ دیتے ہیں اس کا کیا حکم ہے ؟
جواب : کسی کو Autograph( یعنی دَستخط) دینے میں کوئی حَرج نہیں بلکہ جو مسلمان Autograph( یعنی دَستخط) مانگ رہا ہے اس کی دِل جوئی کی نیت سے اسے دینا ثواب کا باعث ہے ۔ ہاں! اگر اس میں کسی ناجائز صورت کا اِرتکاب کرنا پڑے مثلاً مانگنے والی کوئی نامحرم عورت ہے تو اسے دینا جائز نہیں ، کیونکہ کسی مَرد کو نامحرم عورت کو سلام کرنے ، اس کے بیمار ہونے پر اس کی عیادت کرنے حتّٰی کہ اس کے کسی عزیز کے اِنتقال پر اس سے تعزیت کرنے کی بھی اِجازت نہیں تو اسے Autograph( یعنی دَستخط) دینا کیسے جائز ہو سکتا ہے ۔ البتہ اگر کوئی مَرد اپنی محرم کے لیے پیر صاحب سے Autograph( یعنی دَستخط) لے تو پیر صاحب کا دینا جائز ہے ۔
یوں ہی Autograph( یعنی دَستخط) کے ساتھ کچھ لکھ کر بھی دے سکتے ہیں لیکن اس میں یہ ضَرور خیال رکھا جائے کہ وہ تحریر وغیرہ گناہوں بھری نہ ہو ۔ اگر کچھ لکھ کر دینا ہی ہے تو نیکی کی دعوت پر مشتمل کوئی جملہ لکھا جائے مثلاً”نماز قائم کرو“ وغیرہ تاکہ نیکی کی دعوت دینے کا ثواب بھی حاصِل ہو ۔
٭٭٭٭٭
ساری رات عبادت سے اَفضل عمل
گھڑی بھر عِلمِ دِین کے مَسائل میں مُذاکرہ اور گفتگو کرنا ساری رات عبادت کرنے سے افضل ہے ۔ ( در مختار ، کتاب الحظر والاباحة ، فصل فی البیع ، ۹ / ۶۷۲)
[1] تاریخ دمشق،۵۱/۱۳۷ دار الفکر بیروت
[2] شعب الإیمان،باب فی بر الوالدین،فصل فی حفظ حق الوالدین بعد موتھما،۶/۲۰۲ حدیث: ۷۹۰۲ دار الكتب العلمية بيروت
[3] والدین یا دِیگر عزیز و اقارب کے اِیصالِ ثواب کے لیےمَدَنی رَسائل تقسیم کرنے کیلئے اس ایڈریس پر رابطہ کیجیے:
Fb/maktabatulmadina order@maktabatulmadina.com 03112686522 twitter/maktabatulmadina www.maktabatulmadina.com
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع