30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جواب : عورتوں کو سورۂ نُور کی تعلیم دینے کا حکم دیا گیا ہے ([1]) اور سُورۂ یُوسُف کی تفسیر پڑھانے سے منع کیا گیا ہے کہ اِس میں ایک عورت کے مَکر کا ذِکر ہے ۔ چنانچہ میرے آقا اعلیٰ حضرت ، امامِ اہلسنَّت مولانا شاہ اِمام احمد رضاخان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن فرماتے ہیں : صحیح حدیث سے ثابِت ہے کہ لڑکیوں کوسُورۂ یوسُف کا ترجَمہ (و تفسیر ) نہ پڑھائیں کہ اس میں مَکْرِ زَناں (یعنی عورَتوں کے دھوکا دینے ) کا ذِکر فرمایا ہے ۔ ([2]) جب عورتوں کوقرآنِ کریم کی سُورۂ یُوسُف کی تفسیر پڑھانے سے منع کیا گیا ہے تو فیس بُک چلانے کی اِجازت کس طرح دی جا سکتی ہے کہ جہاں بے حیائی کی باتیں ہوتی ہیں۔ عورتوں کو تو اپنا نام بھی ظاہر نہیں کرنا چاہیے ۔ میری ایک ہی بیٹی ہے شاید ہی اُس کا نام حاضِرین میں کسی اسلامی بھائی کو معلوم ہو کیونکہ میں اُس کا نام لیتا ہی نہیں ۔ بعض لوگ دَھڑِلّے سے کُھلے عام اپنی بہو بیٹیوں کے نام لیتے ہیں مجھے یہ پسند نہیں ہے ۔ جب میں کسی کے سامنے اپنی بیٹی کا نام لینا پسند نہیں کرتا تو پھر اُس کے نام کا پیج کس طرح پسند کر سکتا ہوں جو عام طور پر بہت ساری خرابیوں اور گناہوں کا مجموعہ ہوتا ہے اور جس میں تَصویریں ، آوازیں اور نہ جانے کیا کیا ڈالا جاتا ہو گا۔ بَہرحال اگر کوئی ” بِنتِ عَطّار “کے نام سے پیج کھول کر ىہ ظاہر کرنا چاہتى ہو کہ وہ ” بِنتِ عَطّار “ یعنی عَطّار کی حقیقی بیٹی ہے تب تو یہ حرام اور گناہِ کبیرہ ہے ۔ حدیثِ پاک میں اس پر لعنت کى گئى ہے ۔ ([3]) نیز اگر لوگوں کو دھوکا دینے کے نیت سے ” بِنتِ عَطّار “ کے نام سے پیج کھولا کہ لوگ دھوکے سے اس پیج کو دیکھیں تو اس صورت میں جھوٹ اور دھوکے کے گناہ سے بھی توبہ کرنا واجب ہے ۔
جو اسلامی بہنیں اپنے نام کے ساتھ عَطّاریہ ، قادریہ اور رَضویہ لکھ کر آئی ڈی بنائیں یا پیج چلائیں میری طرف سے اُن کی نہ پذیرائی ہے اور نہ ہی حوصلہ افزائی۔ جو اسلامی بہنیں واقعی عَطّاریہ ہیں اور جن کے خمیر میں عَطّاریت شامِل ہے انہیں میری طرف سے پیج چلانے کی اِجازت ہی نہیں بلکہ اگر عَطّاریہ نہ بھی ہو جو بھی مجھ سے عقیدت و محبت رکھنے والی میری مسلمان مَدَنی بیٹی ہے وہ پیج نہ چلائے ۔ لفظِ ” عورت “کے لُغوی معنیٰ ہی چھپانے کی چیز ہیں لہٰذا عورت کے لیے چادر اور چار دیواری ہے ۔ بہارِ شرىعت مىں ہے : عورت کی آواز بھی عورت ہے یعنی غیر محرم کو بِلاضَرورت سُنانے کی اِجازت نہیں۔ ([4]) لہٰذا عورتوں کا سَج دَھج کر پیج پر آنا اورگلیوں بازاروں میں گھومنا باحیا عورتوں کا کام
نہیں۔ اسلامى بہنوں سے میری مَدَنى اِلتجا ہے کہ ىہ کسى کے پیج کو لائک بھى نہ کریں کہ ىہ نالائقى ہے ۔انٹر نیٹ چلانا اور سوشل میڈیا کی طرف جانا اسلامی بہنوں کا کام ہی نہیں لہٰذا جتنا ہو سکے اس سے بچیں ۔
یَااللہ ! جو بھى مىرى مَدَنى بىٹى اپنا پیج بند کر دے اور جواپنا پیج کھولنے کا سوچ رہى ہے وہ اس سے باز رہے اور جو پہلے سے ہی باز ہے اِن سب کو بے حساب مَغفرت سے نواز کر جنَّتُ الفردوس مىں خاتونِ جنَّت ، بى بى فاطمۃ الزہرا رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا کا پڑوس نصىب فرما۔اٰمِین بِجَاہ ِالنَّبِیِّ الْاَمِین صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم
مَدَنی مُنیوں کا ” شکریہ “نام رکھنا کیسا؟
سُوال : کىا کسى مَدَنى مُنى کا نام ” شکرىہ “ رکھ سکتے ہىں؟
جواب : ” شکرىہ “ نام رکھنے میں حَرج تو نہیں ہے مگر اس نام کی کوئی فضیلت بھی نہیں ہے بلکہ ہو سکتا ہے کہ یہ نام رکھنے پر لوگ مذاق اُڑائیں اور جب یہ مَدَنی مُنی بڑی ہو گی تو ممکن ہے اِس نام کے باعِث اسے پریشانی کا سامنا کرنا پڑے ۔ ایسے نام رکھنے کے بجائے بہتر یہ ہے کہ مَدَنی مُنّوں کے نام اَنبیائے کِرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور صَحابۂ کِرام و بزرگانِ دِین رِضْوَانُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن اور مَدَنی مُنیوں کے نام صَحابیات اور وَلیات رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُن کے ناموں پر رکھے جائیں ۔
کیا اَمّی اَبو کا عقیقہ کیا جا سکتا ہے ؟
سُوال : کىا اولاد اپنى اَمّى اَبو کا عقىقہ کر سکتی ہے ؟ نیز اگر کسی کا بچپن مىں عقىقہ نہ ہوا ہو تو وہ خود اپنے ولىمہ کے ساتھ اپنا عقیقہ کر سکتا ہے ؟
جواب : اگر اَمّی اَبو کا عقیقہ نہیں ہوا تھا تو اب ان کی اِجازت سے کر سکتے ہیں۔ اِسی طرح اگر کسی کا بچپن مىں عقىقہ نہ ہوا ہو تو وہ اپنے ولىمہ کے ساتھ بھی اپنا عقیقہ کر سکتا ہے ۔
حَلق اورتَقْصِیْر کی شَرعی حیثیت
سُوال : عُمرے کے آخر میں حَلق ىا تَقْصِیْر کروانے کى شَرعی حیثیت کیا ہے ؟
جواب : اِحرام خواہ عُمرے کا ہو ىا حج کا اس سے باہر ہونے کے لىے حَلق یا تَقْصِیْر کروانا واجِب ہے ۔
اسلامی بہنوں کا مُنہ چھپا کر نفلی طواف کرنا کیسا؟
[1] مستدرک حاکم ، تفسیرسورة النور ، ۳ / ۱۵۸ ، حدیث : ۳۵۴۶ دار المعرفة بيروت
[2] فتاویٰ رضویہ ، ۲۴ / ۴۵۵
[3] حدیثِ پاک میں ہے : جو کوئی اپنے باپ کے سِوا کسی دوسرے یا کسی غیر والی کی طرف مَنسُوب ہونے کا دعویٰ کرے تو اُس پر اللّٰہ تعالیٰ ، فرشتوں اور سب لوگوں کی لعنت ہے اللّٰہ تعالیٰ قیامت کے دِن اُس کا نہ کوئی فرض قبول فرمائے گا اور نہ ہی کوئی نفل۔
(مسلم ، کتاب الحج ، باب فضل المدینة...الخ ، ص ۵۴۶ ، حدیث : ۳۳۲۷)
[4] بہار شریعت ، ۱ / ۵۵۲ ، حِصَّہ : ۳
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع