30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جس سے دَھمک پیدا ہو منع ہے ۔ “ ([1]) جب عام مَساجد مىں بھی اِس طرح چلنے کی ممانعت ہے تو مسجدِ نبوى شریف عَلٰی صَاحِبِھَاالصَّلٰوۃُ وَ السَّلَام کے آداب تو اور زىادہ ہىں لہٰذا وہاں اس طرح دوڑنا کہ دھکم پیل اور شور شرابا ہو تو یہ سخت بے ادبى ہے ۔رَوْضَۃُ الْجَنَّۃ میں جگہ پانا یقیناً سَعادت مندی ہے لیکن اس کے لیے اگر مسجد میں بھاگنا پڑے ، مسلمانوں کے دَرمیان دھکم پیل اور اِیذا رسانی ہو اورمسجد میں شور شرابا ہوتا ہو تو اب یہ سعادت نہیں رہے گی بلکہ گناہ کا کام ہوجائے گا۔اس لیے مَساجد کو ان کاموں سے بچانے کا حکم ہے حدیثِ پاک میں ہے : اپنی مسجدوں کو جھگڑے اور شور شرابے سے محفوظ رکھو۔ ([2])
پہلے کے دور میں خانہ کعبہ کا دَروازہ عوام کے لیے بھی کھولا جاتا تھا ، یقینا ًاس میں داخلہ مِل جانا بڑی سَعادت کی بات تھی لیکن فُقہائے کِرام رَحِمَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام نے وہاں بھی یہ قُیُودات لگائی کہ اگر بآسانی داخِلہ مِل جائے تو بہتر ورنہ دھکم پیل کر کے نہ داخِل ہو۔ چنانچہ صَدرُالشَّریعہ ، بَدرُالطَّریقہ حضرتِ علّامہ مولانا مفتی محمد امجد علی اعظمی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی فرماتے ہیں : کعبۂ مُعَظَّمَہ کی داخِلی (داخِل ہونا) کمال سعادت ہے اگر جائز طور پر نصیب ہو۔محرم میں عام داخِلی ہوتی ہے مگر سخت کشمکش رہتی ہے ۔ کمزورمَرد کا تو کام ہی نہیں ، نہ عورتوں کو ایسے ہجوم میں جرأت کی اِجازت ، زبردست (طاقتور) مَرد اگر آپ اِیذا سے بچ بھی گیا تو اَوروں کو دھکے دیکر اِیذا دے گا اور یہ جائز نہیں ، نہ اس طرح کی حاضِری میں کچھ ذوق ملے ۔ ([3])
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو ! ساری مسجدِ نبوی شریف عَلٰی صَاحِبِھَاالصَّلٰوۃُ وَ السَّلَام ہی نزولِ رَحمت کا مقام ہے لہٰذا رَوْضَۃُ الْجَنَّۃ میں بآسانی جگہ نہ ملے تو آپ کہیں بھی عبادت کرلیجئے ۔اگر خاص رَوْضَۃُ الْجَنَّۃ کی ہی بَرکتیں پانا چاہتے ہیں تو اس کے لیے ایسے اوقات یا مہینوں کا اِنتخاب کیجئے جس میں وہا ں زیادہ رَش نہ ہو مثلاً حج اور رَمضانُ المبارک کے عِلاوہ وہاں زیادہ رَش نہیں ہوتا۔ اِنتظامیہ کو بھی چاہیے کہ اِس طرح خاص وقت میں دروازہ کھول کر مسجد کی بے ادبی کے اَسباب پیدا نہ کرے ۔ویسے بھی مسجدِ نبوی شریف عَلٰی صَاحِبِھَاالصَّلٰوۃُ وَ السَّلَام ساری رات ہی کھلی رہتی ہے لیکن اس کے باوجود اِنتظامیہ کا رَوْضَۃُ الْجَنَّۃ کا دروازہ کھول کر بھگدڑ مچوانا سمجھ میں نہیں آتا۔
رَمَل صِرف مَردوں کے لیے سُنَّت ہے
سُوال : دَورانِ طواف خَواتىن کب رَمَل کرىں؟
جواب : خَواتىن کے لىے رَمَل اور اِضطباع سُنَّت نہىں۔ رَمَل اور اِضطباع صِرف مَردوں کے لیے سُنَّت ہے اور وہ بھی اس طواف میں کہ جس کے بعد سَعی ہو ([4]) مثلاً عُمرہ کے طواف میں سُنَّت ہے کہ اس کے بعد سَعی ہوتی ہے ۔ اِسی طرح اگر حج کا اِحرام باندھنے کے بعد کسی نفل طواف میں جس کے بعد سَعی ہو اِضطباع اور رَمَل کر لیا تو سُنَّت ادا ہو گئی اور اگر نہیں کیا تھا تو طوافُ الزِّیارۃ کے طواف میں رَمَل کی سُنَّت ادا کر کے اُس کے بعد سَعی کر لی جائے اَلبتہ اس طواف میں اِضطباع نہیں کیا جا سکتا کیونکہ طوافُ الزِّیارۃ سے پہلے حاجی اِحرام سے باہر ہو چکے ہوتے ہیں۔اِسی طرح سَعی کرتے ہوئے مِیْلَیْنِ اَخْضَرَیْن ([5]) میں دوڑنا بھی صِرف مَردوں کے لیے ہے ، اسلامی بہنوں کو وہاں دوڑنا بھی منع ہے ۔
عورتوں کو دوڑنے کا حکم نہ دینے میں حِکمت
سُوال : دَورانِ سَعی مِیْلَیْنِ اَخْضَرَیْن میں عورتوں کو دوڑنے کا حکم نہیں دیا گیا ، اِس میں کیا حِکمت ہے حالانکہ حضرتِ سَیِّدَتنا ہاجِرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا تو دوڑی تھیں؟
جواب : حضرتِ سَیِّدَتنا ہاجِرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا بے قراری اور اِضطراب کے سبب دوڑی تھیں اور اللہپاک کے کَرم سے ان کی یہ اَدا صِرف مَردوں کے لیے باقی رکھی گئی اور عورتوں کو اس سے مُسْتَثْنٰی قرار دیا گیا۔ عورتیں چونکہ عام طور پر کمزور ہوتی ہیں شاید اس لیے انہیں دوڑنے کا حکم نہیں دیا گیا۔ اگرچہ میں نے عورتوں کے نہ دوڑنے کی حکمتیں کسی کتاب میں نہیں پڑھیں مگر ایک حِکمت پَردہ بھی سمجھ میں آتی ہے کہ اگر عورتیں دوڑیں گی تو اُن کے اَعضاء ہِلیں گے جس کے باعِث مَعَاذَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ غیر مَردوں کے لیے بَدنگاہی کا سامان ہو گا۔یاد رَکھیے ! شَریعت کا کوئی بھی حکم حِکمت سے خالی نہیں ہوتا اور سب سے بڑی حکمت اللہ پاک اور اس کے پیارے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کا کسی کام کے کرنے یا نہ کرنے کا حکم دینا ہے ۔
اسلامی بہنوں کو اپنیI D بنانا کیسا؟
سُوال : کئی عورتیں انٹر نیٹ پر بِنتِ عَطّار اور کنىز ِعَطّار وغیرہ ناموں سے اپنی فیس بک ، I D اور پیج بناتی ہیں جس کے باعِث کئی غَلَط رابطے قائم ہو جاتے ہوں گے کیا اُن کا ایسا کرنا دُرست ہے ؟
[1] ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت ، ص ۳۱۸ مکتبۃ المدینہ باب المدینہ کراچی
[2] ابن ماجة ، کتاب المساجد والجماعات ، باب مايکرہ في المساجد ، ۱ / ۴۱۵ ، حدیث : ۷۵۰ ملتقطاً دار المعرفة بیروت
[3] بہارِ شریعت ، ۱ / ۱۱۵۰ ، حصہ : ۶
[4] بہار شریعت ، ۱ / ۱۱۰۱ ، حِصَّہ : ۶ ملتقطاً
[5] مِیْلَیْن اَخْضَرَیْن : یعنی”دو سَبز نِشان“۔ صَفا سے جانِبِ مَروہ کچھ دُور چلنے کے بعد تھوڑے تھوڑے فاصِلے پر دونوں طرف کی دیواروں اور چھت میں سَبْز لائٹیں لگی ہوئی ہیں۔ان دونوں سَبز نشانوں کے دَرمِیان دَورانِ سَعی مَردوں کو دوڑنا ہوتا ہے ۔ (رَفیقُ الحرمین ، ص۶۳)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع