30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ ط
اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللّٰہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ ط بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط
دُرُود پاک کی فضیلت
اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کے مَحبوب ، دانائے غُیُوب، مُنَزَّہٌ عَنِ الْعُیُوب صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کاارشادِ مُشکبار ہے : جس نے مجھ پر سو۱۰۰ مرتبہ دُرُودِپاک پڑھا اللّٰہ تَعَالٰی اُس کی دونوں آنکھوں کے درمیان لکھ دیتا ہے کہ یہ نِفاق اور جہنَّم کی آگ سے آزاد ہے اور اُسے بروزِ قیامت شُہَداء کے ساتھ رکھے گا۔( مجمع الزوائد ج ۱۰ ص ۲۵۳ حدیث ۱۷۲۹۸)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
#**بسم اللّٰہ شریف کی فضیلت
**#
حضرتِ سیِّدُناعبد اللّٰہ ابنِ عباس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے رِوایت ہے کہ امیرُالْمُؤمِنِین حضرتِ سیِّدُناعُثْمان اِبْنِ عفَّان رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے نبیوں کے سلطان ، سَروَرِ ذیشان، سردارِ دو جہان، صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط (کی فضیلت )کے بارے میں اِسْتِفْسار (اِسْ۔تِفْ۔سار) کیا، تو اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کے مَحْبوب ، دانائے غُیُوب ، مُنَزَّہٌ عَنِ الْعُیُوب صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا، ’’یہ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کے ناموں میں سے ایک نام ہے اور اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کے اِسمِ اَعْظم اوراسکے درمِیان ایساہی قُرب ہے جیسے آنکھ کی سِیاہی(پُتلی) اور سفیدی کے درمیان۔‘‘ ( مستدرک للحاکم ج ۲ ص ۲۵۰ حدیث ۲۰۷۱)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! ’’اِسمِ اعظم‘‘کی بَہُت بَرَکتیں ہیں ، اِسمِ اعظم کے ساتھ جو دُعا کی جائے وہ قَبول ہوجاتی ہے ، ’’سرکارِ اعلٰیحضرت رَحْمَۃُ اللہ ِ تَعَالٰی عَلَیْہِ کے والدِ ماجِد حضرت رئیسُ الْمُتَکَلِّمِیْن مولیٰنانَقی علی خان علیہ رحمۃ الحَنان فرماتے ہیں ،
’’ بعض عُلَمانے بِسْمِ اللہ ِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط کو اِسمِ اَعظم کہا ۔ سرکارِ بغدادحُضور ِغوثِ پاک رَضِیَ اللہُ ُ تَعَالٰی عَنْہُ سے منقُول ہے، بسم اللّٰہ زَبانِ عارِف (عارِف یعنی اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کو پہچاننے والا) سے ایسی ہے جیسی کلامِ خالِق عَزَّ وَجَلَّ سے ’’ کُنْ ۔‘‘( یعنی ہو جا) ( اَحْسنُ الوِعاء ص ۶۶)
اَدُ ھورا کام
سرکار مکَّۂ مکرَّمہ ، سردارِ مدینۂ منوَّرہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے فرمایا : ’’جوبھی اَھَمّ کام بِسْمِ اللہ ِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط کے ساتھ شُروع نہیں کیا جاتا وہ اَ دھورارَہ جاتاہے۔‘‘ ( الدُّرُّالْمَنْثُور ج ۱ ص ۲۶)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!اپنے نیک اورجائز کاموں میں بَرَکت داخِل کرنے کیلئے ہمیں پہلے بِسْمِ اللہ ِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ضَرورپڑھ لینا چاہئے ۔کھانے کِھلانے، پینے پِلانے ، رکھنے اُٹھانے، دھونے پکانے ، پڑھنے پڑھانے، چلنے ( گاڑی وغیرہ) چلانے ، اُٹھنے اٹھانے، بیٹھنے بٹھانے ، بتّی جلانے، پنکھا چلانے، دسترخوان بچھانے بڑھانے، بِچھونا لپیٹنے بچھانے، دکان کھولنے بڑھانے، تالا کھولنے لگانے، تیل ڈالنے عطرلگانے، بیان کرنے نعت شریف سنانے، جوتا پہننے عمامہ سجانے، دروازہ کھولنے بند فرمانے، اَلَغَرَض ہر جائز کام کے شروع میں ( جبکہ کوئی مانِعِ شَرْعی نہ ہو )
بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط پڑھنے کی عادت بنا کر اِس کی بَرَکتیں لُوٹنا عین سَعادت ہے۔
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
’’بِسْمِ اللّٰہ کی بَرَکت‘‘ کے تیرہ حُرُوف کی نِسبت سے ’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘ کے 13مدنی پھول
(1) حضرت سیِّدُنااحمد بن علی البونی علیہ رحمۃ اللہ الغنی شمس المعارف (مترجم) کے صَفْحَہ 37 پر لکھتے ہیں : جو بلاناغہ سات دن تک’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘786 بار (اول آخر ایک بار درود شریف)پڑھے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اس کی ہر حاجت پوری ہو ۔ اب وہ حاجت خواہ کسی بھلائی کے پانے کی ہو یا برائی دورہونے کی یاکاروبارچلنے کی ۔( شمس المعارف مترجم ، ص ۳۷)
(2)جوکسی ظالم کے سامنے’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘50 بار( اول آخر ایک بار درود شریف) پڑھے اس ظالم کے دل میں پڑھنے والے کی ہیبت پیداہواوراس کے شرسے بچارہے۔ ( ایضاً ص ۳۷)
(3) جوشخص طلوع آفتاب کے وقت سورج کی طرف رُخ کرکے بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط 300 بار اوردُرُودشریف300 بار پڑھے اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ اس کوایسی جگہ سے رزق عطافرمائیگاجہاں اس کاگمان بھی نہ ہوگااور(روزانہ پڑھنے سے) اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ ایک سال کے اندراندرامیروکبیرہوجائے گا۔ ( اَیضاً ص ۳۷)
(4)کند ذہن اگر’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘786 بار( اول آخر ایک بار درود شریف) پڑھ کرپانی پر دم کرکے پی لے تو اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ اس کاحافظہ مضبوط ہوجائے اور جوبات سنے یادرہے۔
( اَیضاً ص ۳۷)
(5)اگرقحط سالی ہو تو’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘61 بار ( اول آخر ایک بار درود شریف)پڑھیں (پھر دعاء کریں ) اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ بارش ہو گی ۔ ( ایضاً ص ۳۷)
(6-7)’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘کاغذپر35 بار( اول آخر ایک بار درود شریف ) لکھ کرگھرمیں لٹکادیں اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ شیطان کاگزرنہ ہواورخوب برکت ہو۔ اگردکان میں لٹکائیں تو اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ کاروبارخوب چمکے۔ ( اَیضاً ص ۳۸)
(8)یکم مُحَرَّمُ الْحَرَام کو’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘130 بار لکھ کر (یا لکھوا کر) جو کوئی اپنے پاس رکھے(یاپلاسٹک کوٹنگ کروا کر کپڑے ، ریگزین یاچمڑے میں سلوا کرپہن لے) اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ عمر بھر اس کو یا اس کے گھرمیں کسی کوکوئی برائی نہ پہنچے ۔ ( ایضاً ص ۳۸)
مسئلہ : سونے یا چاندی یا کسی بھی دھات کی ڈبیا میں تعویذ پہننا مرد کوجائز نہیں ۔اسی طرح کسی بھی دھات کی زنجیر خواہ اس میں تعویذ ہو یا نہ ہو مردکو پہننا ناجائز و گناہ ہے۔ اسی طرح سونے، چاندی اور اسٹیل وغیرہ کسی بھی دھات کی تختی یا کڑا جس پر کچھ لکھا ہوا ہو یانہ لکھا ہوا ہو اگرچہ اللّٰہ کا مبارک نام یا کلمہ طیبہ وغیرہ کھدائی کیا ہوا ہو اس کا پہننا مرد کے لیے ناجائز ہے ۔عورت سونے چاندی کی ڈبیا میں تعویذپہن سکتی ہے ۔
(9)جس عورت کے بچے زندہ نہ رہتے ہوں وہ ’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘ 61 بارلکھ کر(یالکھواکر)اپنے پاس رکھے(چاہے توموم جامہ یاپلاسٹک کوٹنگ کرکے کپڑے ، ریگزین یاچمڑے میں سی کرگلے میں پہن لے یابازومیں باندھ لے۔) اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ بچے زندہ رہیں گے۔ ( ایضاً ص ۳۸)
(10)گھر کا دروازہ بند کرتے وقت یاد کرکے ’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘ پڑھ لیجئے شیطان ( سر کش جنات )گھر میں داخل نہ ہوسکیں گے۔( ماخوذاز صحیح البخاری ج ۳ ص ۵۹۱ حدیث ۵۶۲۳)
(11) رات کو کھانے پینے کے برتن بسم اللّٰہ شریف پڑھ کر ڈھک دیجئے، اگر ڈھکنے کیلئے کوئی چیز نہ ہو تو ’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘کہہ کر برتن کے منہ پر تنکا وغیرہ رکھ دیجئے۔ ( ایضًا )
مسلم شریف کی ایک روایت میں ہے، سال میں ایک رات ایسی آتی ہے کہ اس میں وبا اترتی ہے جو برتن چھپا ہوا نہیں ہے یا مشک کا منہ بندھا ہوا نہیں ہے اگر وہاں سے وہ وبا گزرتی ہے تو اس میں اتر جاتی ہے۔ ( صحیح مسلم ص ۱۱۱۵ حدیث ۲۰۱۴)
(12) سونے سے قبل ’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘ پڑھ کر تین بار بستر جھاڑ لیجئے ، اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ موذیات ( یعنی ایذا دینے والی چیزوں ) سے پناہ حاصل ہو گی۔
(13)کاروبار میں جائزلین دین کے وقت یعنی جب کسی سے لیں تو ’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘ پڑھیں اور جب کسی کو دیں تو ’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘کہیں ۔ اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ خوب برکت ہوگی۔
یاربِّ مصطَفٰے! عَزَّ وَجَلَّ و صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ہمیں ’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘ کی برکتوں سے مالامال فرمااورہرنیک وجائزکام کی ابتدا میں ’’ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط ‘‘پڑھنے کی توفیق عطافرما۔ ٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
#**’’کعبۃ اللہ ‘‘کے آٹھ حُروف کی نسبت سے بسم اللّٰہ شریف کے 8اَورَاد
**#
1 گھرکی حِفا ظت کے لئے
حضرتِ سیِّدُنااِماِم فخرُالدّین رازی علیہ رحمۃ اللہ القوی فرماتے ہیں ، ’’جس نے اپنے گھر کے باہَری دروازے (MAIN GATE) پر بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط لکھ لیا وہ(صِرف دنیا میں ) ہَلاکت سے بے خوف ہوگیاخوا ہ کا فِرہی کیوں نہ ہو، توبَھلااُس مُسلمان کاکیاعالَم ہوگاجوزندگی بھراپنے دل کے آبگینے پر اِس کولکھے ہوئے ہوتاہے۔‘‘ ( تفسیرِکبیرجلد اول ص ۱۵۲ )
2 درد سرکاعلاج
قیصرِرُوم نے امیرُالْمُؤمِنِین حضرتِ سیِّدُناعمرفاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو خط لکھاکہ مجھے دائِمی دردِسرکی شکایت ہے اگرآپ کے پاس اِس کی دواہو تو بھیج دیجئے!حضرت ِسیِّدُناعمرفاروقِ اعظم رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے اُس کوایک ٹوپی بھیج دی قیصرِرُوم اُس ٹوپی کوپہنتاتو اسکا درد ِسرکافُورہوجاتااورجب سرسے اُتارتا تودردِ سرپھرلوٹ آتا۔اسے بڑا تعجُّب ہوا ۔ آخِرِکاراُس نے اس ٹوپی کواُدھیڑاتواس میں سے ایک کاغذ برآمدہوا جس پر بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط لکھاتھا۔ ( تفسیر کبیر جلد اول ص ۱۵۵)
3 نکسیرپھوٹنے کاعلاج
اگر کسی کی نکسیر پھوٹ جائے اور خون بہنے لگے تو شہادت کی انگلی سے پیشانی پر سے بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط لکھنا شروع کر کے ناک کے آخِر پر ختْم کرے اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ خون بند ہو جائے گا۔
4جِنّات سے سامان کی حِفاظت کا طریقہ
حضرتِ سیِّدُناصَفوان بن سُلَیم رَحْمَۃُ اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں ، ’’ انسان کے سازو سامان اورمَلبوسات کو جنّات استِعمال کرتے ہیں ۔لھٰذا تم میں سے جب کوئی شخص کپڑا ( پہننے کے لئے ) اٹھائے یا ( اُتار کر) رکھے تو’’ بسم اللہ شریف‘‘ پڑھ لیا کرے۔ اس کے لئے اللّٰہ تَعَالٰی کا نام مُہر ہے۔‘‘(یعنی بسم اللہ پڑھنے سے جِنّات ان کپڑوں کو استِعمال نہیں کریں گے۔) ( کِتَابُ الْعَظْمَۃِ ، الحدیث ۱۱۲۳، ص ۴۲۶)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!اسی طرح ہر چیز رکھتے اُٹھاتے وقت بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط پڑھنے کی عادت بنانی چایئے۔ اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ شریر جنّات کی دست بُرد سے حفاظت حاصِل ہو گی۔
5 دُ شمنی خَتْم کرنے کا وظیفہ
اگر پانی پر786 مرتبہ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط پڑھ کر مُخالِف (یعنی دشمن) کو پلا دیں تو اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ وہ مخالفت چھوڑ دے گا اور محبت کرنے لگے گا اور اگر مُوَافِق(یعنی دوست) کو پلا دیں تو محبت بڑھ جائے گی۔ ( جنتی زیور ص ۵۷۸)
6 مرض سے شفا کا وظیفہ
جس درد یا مرض پر تین روز تک سو مرتبہ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط حضورِ دل سے پڑھ کر دم کیا جائے اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ اس سے آرام ہو جائے گا۔ ( جنتی زیور ص ۵۷۹)
7 چور اوراچا نک موت سے حفاظت
اگر رات کو سوتے وقت ۲۱ مرتبہ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط پڑھ لیں تو اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ مال واسباب چوری سے محفوظ رہیں گے اور مرگِ ناگَہانی (یعنی اچانک موت) سے بھی حفاظت ہوگی۔ ( جنتی زیور ص ۵۷۹)
8آفتیں دُ ور ہونے کا آسان وِرد
مولامشکل کُشا حضرتِ سیِّدُنا عَلیُّ المُرْتَضٰی شیرِخُدا کَرَّمَ اللّٰہُ تعالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم سے رِوایت ہے کہ سلطانِ مکّۂ مکرّمہ ، تاجدارِمدینۂ منوَّرہ، مکینِ گنبدِ خَضراء صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشادفرمایا، ’’اے علی!( کَرَّمَ اللّٰہ ُ تعالٰی وَجْہَہُ الْکَرِیْم ) میں تمہیں ایسے کلمات نہ بتا دوں جنھیں تم مصیبت کے وَقت پڑھ لو۔ ‘‘ عرض کیا : ’’ضَرور ارشاد فرمایئے! آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ پر میری جان قربان ! تمام اچّھائیاں میں نے آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ہی سے سیکھی ہیں ۔ ‘‘ارشاد فرمایا، ’’ جب تم کسی مشکل میں پھنس جاؤتواِس طرح پڑھو : بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط وَلَاحَوْلَ وَلَا قُوَّۃَاِلَّا بِا اللّٰہ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ پس اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ اسکی بَرَکت سے جن بلاؤں کوچاہے گادُورفرما دے گا۔‘‘ ( عَمَلُ الْیَوْمِ وَاللَّیْلَۃِ لا بن سُنّی ص ۱۲۰)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! جب بھی بیماری، قرضداری، مقدّمہ بازی دشمن کی طرف سے ایذا رسانی، بے رُوزگاری یا کوئی سی بھی آفتِ نا گہانی آن پڑے۔ کوئی چیز گمہو جائے ، کسی کی بات سُن کر صدمہ پہنچے ، کوئی مارے، دِل دُکھ جائے، ٹھوکرلگے، گاڑی خراب ہو جائے، ٹریفک جام ہو جائے، کاروبار میں نقصان ہو جائے، چوری ہو جائے اَلغرض چھوٹی یابڑی کوئی سی بھی پریشانی ہو۔ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط وَلَاحَوْلَ وَلَاقُوَّۃَ اِلَّابِا اللّٰہ الْعَلِیِّ الْعَظِیْمِ پڑھتے رہنے کی عادت بنا لیجئے۔ نیّت صاف ہو گی تو اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّ وَجَلَّ منزِل آسان ہو گی۔
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع