دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Madani Channel Kaisay Bana? | مدنی چینل کیسے بَنا؟

Makan Par Zakat

book_icon
مدنی چینل کیسے بَنا؟

مکان پر کب زکوٰۃ ہوگی؟

سُوال : میں نے لاہور میں پلاٹ لیا ہے ، پہلے میری نیت اسے رکھنے کی تھی ، لیکن اب میں اسے بیچنا چاہتا ہوں ، تو          کیا اس پر زکوٰۃ واجب ہے؟
جواب : اگر پلاٹ خریدتے وقت بیچنے کی نیت تھی تو زکوٰۃ واجب ہوگی ، لیکن پہلے بیچنے کی نیت نہ تھی ، خریدنے کے بعد ہوگئی جیسا کہ سُوال میں ذکر ہوا ، تو ایسی صورت میں زکوٰۃ واجب نہیں۔  ( )

قرآن زمین پر تشریف لے آئے تو کیا حکم ہے؟

سُوال : میری بیٹی سے قرآن شریف نیچے تشریف لے آیا (گر گیا)تھا ، کچھ لوگ کہتے ہیں کہ قرآن کے وزن کے برابر ہدیہ دیں ، کیا یہ درست ہے؟
جواب : مسلمان جان بوجھ کر قرآن کریم پھینکنے  کا سوچ بھی نہیں سکتا! اگر کسی نے توہین کی نیت سے ایسا کیا تو کافر  ہو جائے گا۔ ( ) ہاں! ہاتھ سے چھوٹ کر زمین پر تشریف لے آیا تو شرعاً  گناہ نہیں ، نہ توبہ یا کفارہ واجب ہے۔ صدقہ وغیرہ کرنا عوام میں مشہور ہے۔ قرآن شریف کےنیچے تشریف لے آنے پر مسلمان کا فکر مند ہونا اس کے ایمان کی مضبوطی ، قرآن پاک اور اللہ کریم سے محبت کی دلیل ہے۔ اگر کبھی ایسا  ہو جائے تو اسے اٹھا کر چوم لیں ، آنکھوں سے لگائیں اور سر پر رکھیں۔ یاد رہے! قرآن کریم کو چومنا حضرتِ سیِّدُنا فاروقِ اعظم رَضِیَ اللّٰہُ  عَنْہُ سے بھی ثابت ہے۔ ( )  اس کا جتنا احترام کریں کم ہے۔ 

روزہ ٹوٹنے کے خوف سے وضو میں کلّی وغیرہ نہ کرنا کیسا؟

سُوال : روزہ ٹوٹنے کے ڈر سے وضو کرتے ہوئے کلّی نہ کرنا یا ناک میں پانی نہ چڑھانا کیسا؟ (سائلہ : زینب عطاریہ)
جواب : وضو میں ناک کی نرم ہڈی تک پانی پہنچانا اور اچھی طرح صاف کرنا نیز حلق کی جڑ تک پانی پہنچانا سُنَّتِ مؤکدہ ہے۔ یوں ہی وضو میں تین تین بار اعضاء دھونا بھی سُنَّت ہے ، ( )  لہٰذا کلّی نہ کرنے یا ناک میں پانی نہ چڑھانے سے وضو کا فرض تو ادا ہو جائے گا ، لیکن اس کی سُنَّتیں رَہ جائیں گی اور اگر غسل میں کلّی کرنا یا ناک میں پانی چڑھانا چھوڑ دیا تو غسل ہی نہیں ہوگا ، کیونکہ غسل میں یہ فرض ہے ، ( )  لہٰذا  احتیاط کے ساتھ کلّی بھی کریں اور ناک میں پانی بھی چڑھائیں ، ورنہ ایسا نہ ہو کہ روزہ بچانے کے خیال میں وضو اور غسل ہی ضائع کر دیں!

سُنَّت ِمؤکدہ ترک کرنے کا حکم!

سُوال : اگر کوئی شخص پورا رمضان ہی کلّی نہ کرے یا ناک میں پانی نہ چڑھائے تو اس کا یوں سُنَّتِ مؤکدہ کو ترک کرنے کی عادت بنالینا کیسا؟ (سائل : عماد عطاری)
جواب : سُنَّتِ مؤکدہ کو کبھی کبھار ترک کیا تو برا کیا اور عادت بنا لی تو      گناہ گار ہوگا۔ ( )     اگر احتیاط سے ناك ميں پانی کھینچیں یا تھوڑا سا سونگھ لیں تو دماغ میں نہیں چڑھتا۔ یاد رہے! ناک میں پانی چڑھا کر کھینچنے سے اسی صورت میں روزہ ٹوٹے گا ، جبکہ  دماغ میں چڑھ جائے اور روزہ دار ہونا یاد ہو ، یوں ہی کلّی سے بھی اسی صورت میں روزہ ٹوٹے گا ، جبکہ حلق کے نیچے اتر جائے اور روزہ دار ہونا یاد ہو ، اگر روزہ دار ہونا یاد نہ تھا تو پیٹ بھر کر کھا پی لے تو بھی روزہ نہیں ٹوٹے گا۔ ( )

شوہر کا بیوی کو تحفہ دے کر واپس لینا کیسا؟

سُوال : شوہر نے اپنی بیوی کو تحفہ دیا ، پھر غصہ میں ساری چیزیں واپس لے کر اپنی ماں یا بہن کو دے دیا ، بیوی یہ سوچ کر خاموش رہی کہ جھگڑا نہ ہو ، یہ ارشاد فرمائیے کہ شوہر کا ایسا کرنا کیسا؟ نیز کیا شوہر کو بیوی کی دل آزاری کا گناہ ملے گا؟ 
جواب : شوہر نے تحفہ دیا ، بیوی نے قبول کر کے اس پر قبضہ کر لیا تو بیوی اس چیز کی مالک بن گئی ، اب شوہر اسے واپس نہیں لے سکتا ، شوہر وہ چیز بیوی سے مانگ کر بھی نہیں لے سکتا ، کیونکہ بلا اجازتِ شرعی کسی سے سُوال کرنا مکروہ تحریمی ہے۔ ( ) یاد رہے! حدیثِ پاک میں ہے : تحفہ دے کر واپس لینے والااس کتے کی طرح ہے جو الٹی کر کے چاٹ لے ، ( ) ہاں! بیوی خود اپنی مرضی سے دے تو حرج نہیں ، لہٰذا شوہر کو چاہئے کہ توبہ کرے اور جو مال چھینا ہےاسے واپس کر کے بیوی سے معافی بھی مانگے کہ اس کی دل آزاری ہوئی ہے ،   میاں بیوی کو چاہئے کہ جتنے بھی اچھے تعلقات ہوں ، ایک دوسرے کی چیز بغیر اجازت استعمال نہ کیا کریں۔ اسی طرح گھر کے دیگر افراد مثلاً ماں باپ ، بہن بھائی وغیرہ بھی ایک دوسرے کی چیزیں مثلاً موبائل وغیرہ چیک نہ کیا کریں نہ بغیر اجازت استعمال کریں کہ اس سے گھر میں بد امنی کی فضا پھیل سکتی ہے۔ ہاں! بعض چھوٹی چھوٹی چیزیں ایسی ہوتی ہیں جنہیں بغیر اجازت بھی استعمال کر لینے میں حرج نہیں سمجھا جاتا ، اس میں حرج نہیں۔ 

کیا میت کی روح اپنے گھر آتی ہے؟

سُوال : کیا میت کی روح اپنے گھر آتی ہے؟ اگر واقعی ایسا ہے تو اس کی وجہ بھی بتادیجئے ، نیز یہ بھی ارشاد فرمائیے کہ میت کی روح کب تک آتی رہتی ہے؟ (SMS کے ذریعے سُوال)
 جواب : روحیں اپنے گھر آتی اور ایصالِ ثواب کا مطالبہ کرتی ہیں نیز جو اِن کو بھول گئے اُنہیں یاد دہانی کرواتی ہیں کہ ہمیں ایصالِ ثواب کرو! ( )  غور کرنا چاہئے کہ جب والدین کی روحیں دیکھتی ہوں گی کہ گھر میں ڈرامے چل رہے ہیں ، ٹی وی پر بے حیائی کے مناظر دیکھے جا رہے ہیں ، تو           کیا انہیں خوشی ہوتی ہوگی؟

درزی کی مشینوں پر زکوٰۃ کا حکم!

سُوال : درزی کی مشینوں کی قیمت زکوٰۃ کے نصاب کےبرابر ہو تو        کیا اس پر زکوٰۃ ہوگی؟
جواب : اگر مشین سے کپڑے سیتا ہو تو اس پر زکوٰۃ نہیں اور اگر مشینوں کا کاروبار کرتا ہو تو زکوٰۃ واجب ہے۔ ( )

امیر ِاہلِ سُنَّت نے پہلی بار عمامہ شریف کب سجایا؟

سُوال : یہ ارشاد فرمائیے کہ آپ نے سب سے پہلے عمامہ شریف کب سجایا؟
جواب : میں جب نور مسجد میں امامت کرتا تھا تو عمامہ باندھ کر ہی نماز پڑھاتا ، مجھے عمامہ باندھنا نہیں آتا تھا ، حضرت مولانا قاری مصلح الدین صاحب رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ سے میرے تعلقات تھے ، تو ان کے پاس حاضر ہوجاتا ، حضرت اپنے سر مبارک پر عمامہ رکھ کر باندھتے اور مجھے دے دیتے ، کئی دنوں تک میں اسے سنبھال کر رکھتا ، صرف نماز کے وقت سر پر رکھ لیتا ، اس کے علاوہ ٹوپی پہنتا ، پھر دعوتِ اسلامی بن گئی اور اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عمامہ کا رواج ہو گیا ، یہ میرے عمامے کی مختصر تاریخ ہے ، جس کی تاریخ (Date) مجھے یاد نہیں۔ مجھے دیکھ کر اگرچہ بہت سے لوگوں نے عمامہ باندھا ہوگا ، لیکن جس خوبصورت انداز سے دیگر اسلامی بھائی عمامہ باندھتے ہیں  مجھے ایسا باندھنا نہیں آتا ، کبھی ایسا لگتا ہے کہ صحیح بندھ گیا ، لیکن اکثر صحیح نہیں بندھا ہوتا۔ 

امیر ِاہلِ سُنَّت نے پہلا روزہ کب رکھا؟

سُوال : یہ اشاد فرمائیے کہ آپ نے بچپن میں پہلا روزہ کب رکھا نیز کیا آپ کو بھی تحفے ملے تھے؟(سائلہ : عاتکہ عطاریہ)
جواب : مجھے تاریخ یاد نہیں ہے۔ در اصل اس وقت روزہ کشائی  کا رواج نہیں تھا ، اگر میں پہلا روزہ رکھتا بھی تو شاید ہی مجھے کوئی تحفہ ملتا ، کیونکہ ہم لوگ غریب تھے ہمیں کون تحفے دیتا؟ ہاں! جو خاندان بڑے اور پیسے  والے ہوں ان میں تحائف کا لین دین ہوتا ہے ، میرے ایک غریب ماموں تھے وہ چار آٹھ آنے دے جاتے ، ان کے علاوہ کوئی ہمارے خاص رشتے دار نہیں تھے۔ 

پہلا قعدہ بھول جائیں تو کیا حکم ہے؟

سُوال : اگر چار رکعت کے درمیان قعدہ کرنا بھول گئے تو               کیا سجدۂ سہو سے نماز درست ہو جائے گی؟
جواب : اگر پہلا قعدہ بھول گئے تو سجدۂ سہو سے نماز درست ہو جائے گی۔ ( )
سورۃ التوبۃ کی تلاوت میں تعوّذ و تسمیہ پڑھنے کا حکم!
سُوال : کیا سورۃ التوبۃ کی تلاوت ہمیشہ بِسْمِ اللہ پڑھے بغیر کی جائے گی؟
جواب : اگر دورانِ تلاوت سورۃ التوبۃ آگئی تو بِسْمِ اللہ نہیں پڑھی جائے گی اور اگر تلاوت اسی سورت سے شروع کی جائے تو تعوّذ و تسمیہ دونوں پڑھی جائیں گی۔ ( )
چھ تولہ سونا اور چھ لاکھ روپے پر زکوٰۃ کا حکم!
سُوال : میرے پاس چھ تولہ سونا اور چھ لاکھ روپے ہیں جو میرے بھائی نے دیئے ہیں ، میرے شوہر کو فالج ہے اور میرا بیٹا بھی معذور ہے نیزآمدنی کا کوئی ذریعہ بھی نہیں ، کیا مجھ پر زکوٰۃ فرض ہوگی؟ (SMS کے ذریعے سُوال)
جواب : شرائط پائی جائیں تو زکوٰۃ فرض ہوگی۔ والد یا شوہر کے بیمار ہونے یا بیٹے کے معذور ہونے سے زکوٰۃ ساقط نہیں ہوگی۔ نیز یہ نہ سوچیں کہ آمدنی کا کوئی ذریعہ نہیں ، زکوٰۃ دے دی تو زندگی کیسے گزرے گے؟ کون کب تک زندہ رہے گا کسی کو نہیں معلوم! اللہ پاک کی راہ میں دینے سے مال کم نہیں ہوتا بلکہ بڑھتا ہے ، اللہ پاک کفالت کرنے والا ہے ، وہ غیب سے مدد فرمائے گا۔ 
روزے کی حالت میں زیادہ سونا کیسا؟
سُوال : روزے کی حالت میں زیادہ سونا کیسا؟ (SMS کے ذریعے سُوال)
جواب : اگر سونے کی وجہ سے نماز قضا نہ ہو یا کسی کی حق تلفی نہ ہو تو سونا جائزہے۔ البتہ! حضرتِ سیِّدُنا امام محمد غزالی رَحْمَۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں : روزہ دار کے لئے سُنَّت یہ ہے کہ دن کے وقت زیادہ دیر نہ سوئے بلکہ جاگتا رہے تاکہ بُھوک اور ضُعْف (یعنی کمزوری ) کا اَثر مَحسوس ہو۔ ( ) اگر ہر وقت سوتا رہے تو روزے کی کمزوری اور بھوک و پیاس کا احساس کیسے ہوگا؟ تاہم اگر کوئی جاگ کر گناہ سے بچ نہیں پاتا تو وہ فرائض اور دیگر کام کاج کے علاوہ سوتا رہے ، کیونکہ سوتے ہوئے بندہ مرفوع القلم ہوتا ہے یعنی اس کے گناہ وغیرہ لکھے نہیں جاتے۔ ( ) یاد رہے! گناہوں سے بچنے کی یہ ترکیب صرف رمضان میں ہی نہیں ، بلکہ ہمیشہ کرنی چاہئے۔ 
کیا عورت کا ناک نہ چھیدوانا گناہ ہے؟
سُوال : اگر عورت ناک نہ چھیدوائے تو       کیا وہ گناہ گار ہوگی؟  (SMS کے ذریعے سُوال)
جواب : گناہ نہیں ہے۔ اب تو شایدعورتوں کے ناک چھیدوانے کا رواج کم ہو گیا ہے ، اس کی جگہ اسٹیکر چسپاں کرتے ہیں۔ البتہ! کان چھیدوانے کا رواج باقی ہے یہ بھی کب ختم ہو جائے کوئی پتا نہیں ، ہو سکتا ہے کان کا بھی کوئی ایسا اسٹیکر آجائے جو مضبوطی سے چسپاں ہو جائے تو کان چھیدوانے کا رواج بھی ختم ہو جائے گا۔ 
ہر وہ کام کریں جو آخرت کے لئے مفید ہو!
سُوال : ہماری مجلس ہے “ مدنی چینل عام کریں “ یہ گھر گھر میں مدنی چینل پہنچا تی ہے ، کیبل پر مدنی چینل میں کوئی مسئلہ ہو تو اسے ٹھیک کرتی ہے ، نیز مدنی مذاکروں کے مختصر کلپ بنا کر لوگوں کے موبائل میں مفت ڈاؤن لوڈ کرتی ہے ، آپ اس مجلس کے اسلامی بھائیوں کو کیا پیغام دیں گے؟ وہ کس طرح مدنی چینل کو مزید پھیلا سکتے ہیں؟ (سائل : ثوبان عطاری)
جواب : جو اس مجلس کے متعلقین ہیں ان کو یہ کام تو کرنا ہی ہے اور بڑھانا بھی ہے ، لیکن اس کے علاوہ دیگر مدنی کاموں  مثلاً مدنی قافلہ اور مدنی انعامات وغیرہ میں بھی اپنے آپ کو مصروف رکھیں ،  کیونکہ کردار کی اصلاح بھی ضروی ہے ، یہ نہ ہو کہ صرف اپنی مجلس کا ہی کام کریں ، ہر وہ کام جو آخرت کے لے مفید ہو کرنا چاہئے ، دیگر تمام مجالس سے بھی میری یہی التجاء ہے کہ دعوتِ اسلامی کے 12  مدنی کاموں میں شمولیت اختیار کریں۔ 
 شیطان کی چالوں سے کیسے بچیں؟
سُوال : شیطان کی چالوں سے کیسے بچ سکتے ہیں؟
جواب : شیطانی چالوں سے بچنے کے لئے علمِ دین حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ شیطانی چالوں کی پہچان ہو ، علمِ دین حاصل کرنے کے لئے مدرسے میں داخلہ لینا ہی ضروری نہیں ، بلکہ آپ دینی مطالعہ کریں ، عاشقانِ رسول کی صحبت میں رہیں اور دعوتِ اسلامی کے12 مدنی کام جن میں ہفتہ وار اجتماع ، مدنی قافلے اور مدنی انعامات بھی شامل ہیں ، ان سب پر عمل کرتے رہیں گے تو شیطان کی چالیں آپ پر ظاہر ہوتی رہیں گی ، یوں اِنْ شَآءَ اللّٰہ  ان سے بچنا آسان ہوگا۔ کوشش کرنا ضروری ہے ، صرف چاہنے سے کچھ نہیں ہوتا ، بالفرض شیطان کی چالوں کا پتا چل جائےتب بھی ان سے بچنا مشکل ہے ، اس کے لئے اچھی صحبت اور ماحول بہت مفید ہے۔ 
کیا مرنے کے بعد انسان دوبارہ زندہ ہوگا؟
سُوال : کیا مرنے کے بعد انسان دوبارہ زندہ ہوگا؟ (سائل : احمد رضا)
جواب : جی ہاں! مرنے کے بعد انسان کا حشر ہوگا یعنی دوبارہ اٹھایا جائے گا۔ پھر قیامت اور حساب و کتاب کا سلسلہ ہوگا۔ اللہ کریم سے عافیت کا سُوال ہے!

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن