30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
اللہ پاک کى محبت بڑھانے کا طریقہ
سُوال : اللہ پاک اپنے بندوں سے بہت محبت فرماتا ہے تو اىسا کىا عمل کىا جائے کہ بندوں مىں بھى اللہ پاک کى محبت بڑھ جائے ؟
جواب : جتنا زیادہ قرآنِ پاک کی تلاوت کرىں گے ، اللہ پاک کى عبادت کرىں گے اور اللہ پاک کى عظمت اور اس کى نعمتوں پر غور کرىں گے اتنی زیادہ اس کى محبت بڑھتى چلى جائے گى ۔ نیز اگر اىسے لوگوں کی صحبت مىں رہىں گے جو اللہ پاک اور رسول صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کى محبت رکھتے اور سکھاتے ہىں تو اس سے بھى محبت مىں اضافہ ہوگا ۔
رسالے کا نام ”ضىائے دُرُود و سَلام “کیوں رکھا؟
سُوال : آپ نے اپنے رسالے ”ضىائے دُرُود و سَلام “ کا نام ”ضىائے دُرُود و سَلام “کىوں رکھا ؟
جواب : ضىا کے معنیٰ ”روشنى“ہیں تو ”ضیائے دُرُود و سَلام “کے معنیٰ ہوئے ”دُرود و سَلام کی روشنی“ ۔ میں نے سَیِّدی قطبِ مدىنہ مولانا ضِیاءُ الدِّین احمد مدنی رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ کی نسبت سے اس رسالے کا نام ”ضیائے دُرُود و سَلام “ رکھا کہ آپ رَحْمَۃُ اللّٰہِ عَلَیْہِ کے نام کا ایک حصہ رسالے میں آ جائے ۔ یوں ”ضیائے دُرُود و سَلام “نام رکھنے میں دو فائدے حاصل ہوئے اىک یہ کہ اللہ پاک کے نىک بندے اور وَلِیُّ اللہ کى نسبت حاصل ہوئى اور دوسرا ىہ کہ اس کے معنىٰ ”دُرُود و سَلام کى روشنى “بھى بالکل ٹھیک ہىں ۔
ٹرىن مىں طہارت کی آزمائش کا حل
سُوال : ٹرىن مىں واش روم صاف نہىں ہوتے تو نماز کىسے پڑھیں گے ؟ وضو کىسے ہو گا اور تیمم کیسے کریں گے ؟(SMS کے ذریعے سُوال)
جواب : ٹرىن مىں واش روم خراب ہوتے ہیں مگر ہر وقت خراب نہىں ہوتے یوں تو گھر کے واش روم بھی خراب ہوتے رہتے ہىں ۔ واش روم کے اطراف مىں جو پانى بکھرا ہوتا ہے اس کے ناپاک ہونے کے بارے میں جب تک ىقىنى معلومات نہ ہو ہم اسے ناپاک نہىں کہہ سکتے لہٰذا اگر وضو کرنے کی اور جگہ نہیں ہے تو وہاں مجبوراً وضو کیا جا سکتا ہے ۔ غالباً ٹرین کی فرسٹ کلاس مىں تو واش روم سے باہر کی طرف بىسن بھی ہوتا ہے یا پھر شاید میں نے باہر ملکوں مىں ایسا دىکھا ہے ہمارے ىہاں کا پتا نہىں کیونکہ میں نے یہاں برسوں سے ٹرىن مىں سفر نہیں کیا ہے ۔ بہرحال نماز کے لیے وضو کرنا ہو گا ، ٹرین میں بھی نماز معاف نہىں ہو گى اور پانی موجود ہونے کی صورت میں تىمم بھى جائز نہىں ہو گا ۔ سفر میں آدمى اپنے ساتھ لوٹا یا کوئى برتن رکھے تاکہ وضو کر کے نماز کا انتظام کر سکے ۔ یاد رکھیے !جس طرح دائمى مرىض جس کا دواؤ ں کے بغىر گزارا نہىں ہوتا وہ اپنے ساتھ ٹائم ٹو ٹائم دوائىں رکھتا ہے اسی طرح نماز بھی ہمارے لیے روح کى غذا ہے تو اس کا بھى سارا انتظام کرکے رکھنا چاہىے ۔ (اس موقع پر رکنِ شوریٰ نے فرمایا : ) اگر ٹرین کے کسی ڈبے میں واش روم صحیح نہ ہو تو کسی دوسرے ڈبے میں صحیح واش روم مل سکتا ہے تو یوں تھوڑی کوشش کرنے سے طہارت کا مسئلہ حل ہو سکتا ہے ۔
ہر وقت بندے پر نماز کی دُھن سوار ہونی چاہیے
(امیرِ اہلِ سنَّت دَامَتْ بَرَکاتُہُمُ الْعَالِیَہنے فرمایا : ) اگر جذبہ ہو تو سب کچھ ہو سکتا ہے ۔ جس طرح ہم روزانہ کھانا کھاتے ہیں تو اس کا پہلے سے انتظام کرتے ہیں اور اس کے لیے کماتے ہیں ایسا نہیں ہوتا کہ کھانے کا ٹائم ہو گیا اور بھوک لگی ہے تو اب کمانا شروع کیا اور پھر اسے خرید کر پکایا بلکہ کوئی بھوک کا انتظار نہیں کرتا پہلے سے ہی سب انتظام کرلیا جاتا ہے جس کے باعث کھانا ٹائم ٹو ٹائم مل جاتا ہے لیکن نماز جو کہ سب سے اہم ترین عبادت ہے اس کے لیے ہمارا پہلے سے کوئی اہتمام نہیں ہوتا اور نہ تیاری ہوتی ہے اور نہ تیاری کرنے کا ذہن ہوتا ہے ۔ یہ حال بھی ان لوگوں کا ہے جو نماز پڑھتے ہیں اور جو نہیں پڑھتے وہ تو نماز پڑھتے ہی نہیں ہے حالانکہ ہو نا یہ چاہیے کہ ہر وقت بندے پر نماز کی دُھن سوار ہو اور نما ز کی فکر لگی ہو کہ نماز کا کیا ہو گا اور اس کا اہتما م کیسے ہو گا ؟یعنی بندہ کہیں بھی ہو اس کا دل مسجد میں اٹکا ہواور سر کہیں بھی ہو بارگاہِ خُدا وندی میں جھکا ہو اور کاش!مسلمان کو جیسا نمازی ہونا چاہیے اللہ کرے ہم ویسے نمازی بن جائیں ۔
درسِ نظامی کے طلبا نصابى کتب کے علاوہ کون سی کتابیں پڑھیں؟
سُوال : درسِ نظامی یعنی عالم کورس شروع کرنے والے طلبا نصابى کتب کے علاوہ کون سى کتابىں پڑھیں جس سے اُن کے علم میں اضافہ ہو؟
جواب : علمائے کرام کَثَّرَہُمُ اللّٰہُ السَّلَام نے جو دینی کتابیں لکھی ہیں وہ ہمارے مطالعہ کرنے کے لیے ہی لکھی ہیں ۔ ہم انہیں جتنا پڑھتے رہیں گے اتنا ہی ہمارے علم میں اضافہ ہوتا رہے گا ۔ مدنی مذاکرہ بھی علم میں اضافے کا بہترین ذریعہ ہے ۔ اگر کسی میں علم حاصل کرنے کا ذوق اور جذبہ ہو تو پڑھنے کے لیے کتابیں اتنی ہیں کہ زندگیاں ختم ہو جائیں مگر کتابیں ختم نہ ہوں بہرحال اللہ پاک توفیق دے تو ”بہارِ شریعت “، ”فتاویٰ رضویہ شریف“ اور ”تفسیر صِراطُ الْجِنَان“ کا مطالعہ کیجیے ۔ تفسیر صِراطُ الْجِنَان دس جلدوں پر مشتمل قرآنِ کریم کی بہترین تفسیر ہے ۔ اسی طرح ”مِرْاٰۃ شَرْح مِشْکوٰۃ“ اور مکتبۃُ الْمدینہ کی دیگرسینکڑوں کتابیں ہیں جو سب کی سب علمِ دین پر مشتمل ہیں لہٰذا آپ پڑھنے والے بنیں کتابیں بہت ہیں ۔
اُدھار لے کر قربانی کرنا کیسا؟
سُوال : اگرکسی کے پاس پىسے نہ ہوں توکیا وہ اُدھار لے کر قربانى کرسکتا ہے ؟
جواب : اگر قربانى واجب ہے اور پىسے چُھٹّے نہىں ہىں کاروبار مىں لگے ہوئے ہىں ىا کوئى مال خریدا ہوا ہے جسے بىچنا نہیں چاہتے تو اب اگر کسی سے پیسے اُدھار لے کر قربانى کر لى تو حرج نہىں ہے ۔ البتہ اگر قربانى واجب نہىں ہے تو ظاہر ہے اُدھار لے کر قربانى کرنا ضرورى نہىں ہے لیکن اگر قربانى کى تو ثواب ملے گا مگر اىسا کرنا بڑا رسک ہے کہ پھر قرضہ اُترے گا نہىں اور یوں لڑائى جھگڑوں کے مسائل بھی ہو سکتے ہىں لہٰذا میرا مشورہ یہ ہے کہ اگر قربانی واجب نہ ہو تو صرف قربانى کرنے کے لىے قرضہ نہ لىا جائے ۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع