دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Juye Mein Jeeta Howa Maal | جُوئے میں جیتا ہوامال

Juye Ki 6 Surten

book_icon
جُوئے میں جیتا ہوامال

جُوئے کی6 صُورتیں

اے عاشقانِ رسول! آج کل دنیا میں جوئے کے نت نئے طریقے رائج ہیں ، ان میں سے 6 یہ ہیں :

(1) لاٹری

اس طریقۂ کار میں لاکھوں کروڑوں روپے کے انعامات کا لالچ دے کر لاکھوں ٹکٹ معمولی رقم کے بدلے فروخت کئے جاتے ہیں پھر قُرعَہ اندازی کے ذَرِیعے کامیاب ہونے والوں میں چند لاکھ یا چند کروڑ روپے تقسیم کردئیے جاتے ہیں جبکہ بَقِیَّہ افراد کی رقم ڈوب جاتی ہے ،یہ بھی جُوا ہی کی ایک صورت ہے جو کہ حرام اور جہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔

(2) پرائز بانڈ كی پرچی

حکومتِ پاکستان مختلف قیمتوں کے اِنعامی بانڈزبینک کے ذَرِیْعے جاری کرتی ہے اور شیڈو ل کے مُطابِق ہر مہینے قُرعہ اندازی(LOTTERY) کے ذَرِیْعے لاکھوں روپے کے اِنعامات خریداروں میں تقسیم کرتی ہے ،جس کا اِنعام نہیں نکلتا اُس کی بھی رقم محفوظ رہتی ہے ،وہ اسے جب چاہے کیش کرواسکتا ہے،یہ جائز ہے اور جُوئے میں داخِل نہیں۔ البتّہ چند قسموں کے پرائز بانڈ ز ایسے ہیں جنہیں ’’پریمیَم پرائز بانڈ‘‘ کہا جاتا ہے ،اِ ن پر یقینی طور پر نفع مِلتاہے، یہ سُودہے اور اِن کی خریدو فروخت اور نفع  شَرْعاًجائزنہیں ۔(بعض اَوقات یہ بھی ہوتا ہے کہ جن پرائز بانڈز کا لین دَین اوران پر اِنعام کی صورت جائز ہوتی ہے ، ان کے متعلّق پالیسی تبدیل ہوجاتی ہے یا ان میں بھی کوئی غیر شَرْ عی معاملہ شامل کر دیا جاتا ہے، ایسی صورت میں اُس وَقْت کی پالیسی کے مطابِق حکمِ شَرْ عی ہوگا۔ایسے موقع پر مزید شرعی رہنمائی  کے لیے’’ دعوتِ اسلامی کے دارُالاِفتاء اہلِ سنّت‘‘ سے رابطہ کیجئے) یاد رہے! اِنعامی بانڈز کی پرچیوں کی خریدو فروخت،غیر قانونی ناجائز و حرام ہے کیونکہ بیچنے والا حکومت کی طرف سے جاری کردہ پرائز بانڈز اپنے ہی پاس رکھتا ہے(بلکہ بعض اوقات تو پرائز بانڈز بھی بیچنے والے کے پاس نہیں ہوتے )پرچی بیچنے والا خریدار  کو قلیل (یعنی تھوڑی سی )رقم کے بدلے پرچی پر صرف ایک نمبر لکھ کر دے دیتا ہے کہ اگر اس نمبر پر انعام نکل آیا تو میں تمہیں اتنی رقم دوں گا ۔ اِنعامی پرچی کا یہ کام بھی جُوا ہے کیونکہ اس میں انعام نہ نکلنے کی صورت میں خریدار کی رقم ڈوب جاتی ہے ۔

(3) موبائل میسجز اور جُوا

موبائل پرمختلف سُوالات پر مبنی میسجز (MESSAGES)بھیجے جاتے ہیں جس میں مَثَلاً کونسی ٹیم میچ جیتے گی ؟ یا پاکستان کس دن بنا تھا؟دُرُست جوابات دینے والوں کیلئے مختلف اِنعامات رکھے جاتے ہیں ، شرکت کرنے والے کے ”موبائل بیلنس “سے قلیل رقم مَثَلاً دس روپے کٹ جاتی ہے ، جن کا انعام نہیں نکلتا ان کی رقم ضائع ہوجاتی ہے ،یہ بھی جُوا ہے جو کہ حرام اورجہنّم میں لے جانے والا کام ہے۔

(4) مُعَمَّہ

اس میں ایک یا ایک سے زیادہ سُوالات حل کرنے کے لئے دئیے جاتے ہیں جس کا حل مُنْتَظِمِین کی مرضی کے مطابِق نکل آئے اُسے انعام دیا جاتا ہے ، انعامات کی تعداد تین یا چار یا اس سے زائد بھی ہوتی ہے۔ لہٰذا دُرُست حل زیادہ تعداد میں نکلیں توقُرعَہ اندازی کے ذَرِیعے فیصلہ ہوتا ہے ۔اس کھیل میں بَہُت سارے افراد شریک ہوتے ہیں ،ان کی شرکت دوطرح سے ہوتی ہے :(1)مفت (2)معمولی فیس دے کر،اگر شرکا سے کسی قسم کی فیس نہ لی جائے تو اورکوئی مانِع شَرعی نہ ہونے کی صورت میں اس انعام کا لینا جائز ہے۔جس میں شرکاسے فیس لی جاتی ہے اُس میں انعام ملے یا نہ ملے رقم ڈوب جاتی ہے ،یہ صورت جُوا کی ہے جو کہ حرام اور جہنَّم میں لے جانے والا کام ہے۔

(5) پیسے جمع كركے قُرعہ اندازی كرنا

بعض افراد یا دوست آپس میں تھوڑی تھوڑی رقم جمع کر کے قُرعہ اندازی کرتے ہیں کہ جس کا نام نکلا ساری رقم اس کو ملے گی ،یہ بھی جُوا ہے کیونکہ بقیہ افراد کی رقم ڈوب جاتی ہے ۔ اِسی طرح بعض اوقات پیسے جمع کرکے کوئی کتاب یا دوسری چیز خریدی جاتی ہے کہ جس کا نام قرعہ اندازی میں نکل آیا اسے یہ کتاب دے دی جائے گی یہ بھی جُوا ہی ہے ۔ یاد رہے کہ بعض کمپنیاں اپنی مَصنوعات خریدنے والوں کو قُرعہ اندازی کر کے اِنعامات دیتی ہیں یہ جائز ہے کیوں کہ اس میں کسی کی بھی رقم نہیں ڈوبتی۔

(6)مختلف كھیلوں میں شرط لگانا

ہمارے یہاں مختلف کھیل مَثَلاًگُھڑ دَوڑ ،کرکٹ،کَیرم ،بِلیَرڈ ،تاش ، شطرنج وغیرہ دو طرفہ شرط لگا کر کھیلے جاتے ہیں کہ ہارنے والا جیتنے والے کواتنی رقم یا فُلاں چیز دے گا یہ بھی جوا ہے اور ناجائز وحرام ۔کیرم اوربِلیرڈ کلب وغیرہ میں کھیلتے وَقت عُمُوماً یہ شرط رکھی جاتی ہے کہ کلب کے مالک کی فیس ہارنے والا ادا کریگا ،یہ بھی جُوا ہے ۔ بعض ”نادان“ گھروں میں مختلف کھیلوں مَثَلاً تاش یالوڈو پردوطرفہ شرط لگاکر کھیلتے ہیں اور کم علمی کے باعِث اِس میں کوئی حرج نہیں سمجھتے وہ بھی سنبھل جائیں کہ یہ بھی جُوا ہے اورجُوا حرام ا ور جہنَّم میں لے جانے والا کام ہے۔

جوئے سے توبہ کا طریقہ

جُوا کھیلنے والا اگر نادِم ہوا تو اُس کو چاہئے کہ بارگاہِ الٰہی میں سچّی توبہ کرے مگر جو کچھ مال جیتا ہے وہ بَدَسْتُور حرام ہی رہے گا اس ضِمْن میں رہنمائی کرتے ہوئے میرے آقا اعلیٰ حضرت،اِمامِ اَہلسنّت، مولانا شاہ امام اَحمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں:جس قدر مال جوئے میں کمایا محض حرام ہے۔اور اس سے بَراءَ ت (یعنی نَجات)کی یِہی صورت ہے کہ جس جس سے جتناجتنا مال جِیتاہے اُسے واپس دے، یا جیسے بنے اُسے راضی کرکے مُعاف کرالے۔ وہ نہ ہو تو اُس کے وارِثوں کو واپس دے، یا اُن میں جو عاقِل بالِغ ہوں ان کا حصّہ اُن کی رِضا مندی سے مُعاف کرالے۔ باقیوں کا حصّہ ضَرور انہیں دے کہ اِس کی مُعافی ممکن نہیں، اورجن لوگوں کا پتاکسی طرح نہ چلے، نہ اُن کا، نہ اُن کے وَرَثہ کا ، اُن سے جس قَدَر جیتا تھا اُن کی نیّت سے خیرات کردے، اگرچِہ (خود)اپنے(ہی)محتاج بہن بھائیوں،بھتیجوں، بھانجوں کو دے دے۔آگے چل کر مزید فرماتے ہیں:غَرَض جہاں جہاں جس قَدَر یاد ہو سکے کہ اِتنامال فُلاں سے ہار جیت میں زیادہ پڑاتھا، اُتنا تو انہیں یا اُن کے وارِثوں کو دے، یہ نہ ہوں تواُن کی نیّت سے تَصَدُّق(یعنی صدقہ )کرے، اورزیادہ پڑنے کے یہ معنیٰ کہ مَثَلًا ایک شخص سے دس بار جُوا کھیلا کبھی یہ جیتا کبھی یہ، اُس(یعنی سامنے والے جواری)کے جیتنے کی(رقم کی) مقدار مَثَلًا سو روپے کو پہنچی، اور یہ(خود)سب دَفعَہ کے مِلا کر سوا سو جیتا، تو سو سو برابر ہوگئے، پچیس اُس (یعنی سامنے والے جواری)کے دینے رہے۔ اِتنے ہی اسے واپس دے۔ وَعَلٰی ھٰذَا الْقِیَاس(یعنی اور اسی پر قیاس کر لیجئے )اورجہاں یاد نہ آئے کہ(جُوا کھیلنے والے)کون کون لوگ تھے اور کتنا(مال جُوئے میں جیت)لیا، وہاں زیادہ سے زیادہ(مِقدار کا)تخمینہ (تَخ۔مِی ۔ نَہ ۔ یعنی اندازہ)لگائے کہ اِس تمام مدّت میں کس قَدَر مال جوئے سے کمایا ہوگا اُتنا مالِکوں(یعنی اُن نامعلوم جواریوں)کی نیّت سے خیرات کردے، عاقِبت یونہی پاک ہوگی۔ وَاللہُ تَعَالٰی اَعْلَم۔  (فتاوٰی رضویہ،19/651)

فوت شدہ کی بُرائی کرنا بھی غیبت ہے

حضرتِ سیِّدُنا ابو ہُریرہ رضی اللہُ عنہ فرماتے ہیں: ماعِزْاَسْلَمِی رضی اللہُ عنہ کو جب رجم کیا گیا تھا،(یعنی زنا کی ”حد“ میں اتنے پتّھر مارے گئے کہ وفات پا چکے تھے)دو شخص آپس میں باتیں کرنے لگے، ایک نے دوسرے سے کہا:اسے تو دیکھو کہ اللہ پاک نے اس کی پردہ پوشی کی تھی مگر اس کے نفس نے نہ چھوڑا، رُجِمَ رَجْمَ الْکَلْبِ یعنی کُتّے کی طرح رَجم کیا گیا۔حُضُورِ پُرنور  صلی  اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے سن کرسُکُوت فرمایا (یعنی خاموش رہے)۔کچھ دیر تک چلتے رہے، راستے میں مرا ہوا گدھا ملا جو پاؤں پھیلائے ہوئے تھا۔ سرکارِ والا تَبَار، مدینے کے تاجدار صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ان دونوں شخصوں سے فرمایا: جاؤ اس مُردار گدھے کا گوشت کھاؤ۔ انھوں نے عرض کی:یا نبیَّ اﷲ! اسے کون کھائے گا؟ ارشاد فرمایا: وہ جو تم نے اپنے بھائی کی آبروریزی کی، وہ اس گدھے کے کھانے سے بھی زیادہ سخت ہے۔ قسم ہے اُس کی جس کے ہاتھ میں میری جان ہے!وہ (یعنی ماعز)اِس وَقت جنَّت کی نَہروں میں غوطے لگا رہا ہے۔   (ابوداود،4/197،حدیث:4428 )

”فُلاں نے خود کشی کر لی“ یہ کہنا غیبت ہے

معلوم ہوا فوت شُدہ لوگوں کی بُرائی کرنا بھی غیبت ہے۔ بعض اوقات بڑا صَبْر آزما مُعامَلہ ہوتا ہے ۔ مَثَلاً ڈاکو، دہشت گرد، اپنے عزیز کے قاتل وغیرہ قتل کر دیئے جائیں یا انہیں پھانسی لگا دی جائے تو بعض اوقات لوگ غیبت کے گناہ میں پڑ ہی جاتے ہیں ۔ اسی طرح خود کُشی کرنے والے مسلمان کے بارے میں بِلا اجازتِ شرعی یہ کہہ دینا کہ ”فُلاں نے خود کُشی کی“یہ غیبت ہے یوں ہی نام و پہچان کے ساتھ کسی مسلمان کی خود کشی کی اخبار میں خبر بھی نہ لگائی جائے کہ اس سے مرنے والے کی غیبت بھی ہوتی اور اس کے ساتھ ساتھ مرحوم کے اہل وعیال کی عزّت پر بھی بٹّا لگتا ہے۔ ہاں اس انداز میں تذکرہ کیاکہ پڑھنے یا سننے والے خود کشی کرنے والے کو پہچان ہی نہ پائے کہ وہ کون تھا تو حرج نہیں مگر یہ ذِہن میں رہے کہ نام نہ لیا مگر گاؤں ، مَحَلّہ ، برادری، اوقات ،خود کُشی کا اندازوغیرہ بیان کرنے سے خود کُشی کرنے  والے کی شناخت ممکن ہے لہٰذا پہچان ہو جائے اِس انداز میں تذکرہ بھی غیبت میں شمار ہو گا۔ مسئلہ یہ ہے کہ مسلمان خود کُشی کرنے سے اسلام سے خارِج نہیں ہو جاتا اِس کی نمازِ جنازہ بھی ادا کی جائے گی ،اِس کیلئے دعائے مغفِرت بھی کریں گے، مرنے والے مسلمان کو بُرائی سے یاد کرنے کی شریعت میں اجازت نہیں۔اِس ضِمْن میں دو فرامینِ مصطَفٰے صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم  مُلا حَظہ ہوں:(1)اپنے مُردوں کو بُرا نہ کہو کیونکہ وہ اپنے آگے بھیجے ہوئے اعمال کو پہنچ چکے ہیں۔(بخاری،1/470،حدیث:1393) (2)اپنے مُردوں کی خوبیاں بیان کرو اور ان کی بُرائیوں سے باز رہو۔ (ترمذی،2/312، حدیث:1021) حضرتِ علّامہ محمد عبد الرّء ُوف مُناوِی رحمۃُ اللہِ علیہ لکھتے ہیں:مُردے کی غیبت زندے کی غیبت سے بدتر ہے ، کیونکہ زندہ شخص سے مُعاف کروانا ممکن ہے جبکہ مُردہ سے مُعاف کروانا ممکن نہیں۔ 
(فیض القدیر،1/562،تحت الحدیث852)

غَسّال مُردے کی بُرائی بیان نہ کرے

عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کےمکتبۃُ المدینہ کی کتاب ، ”بہارِ شریعت“ جلد اوّل صَفْحَہ 811پر ہے:(میِّت کو غسل دیتے وقت)جو اچّھی بات دیکھے مَثَلًا چہرہ چمک اٹھا یا میِّت کے بدن سے خوشبو آئی،تو اسے لوگوں کے سامنے بیان کر ے اور کوئی بُری بات دیکھی ، مَثَلًا چہرے کا رنگ سیاہ ہو گیایا بدبو آئی یاصورت واعضا میں تَغیُّر(تَ۔غَ۔یُّر) آیا تو اسے کسی سے نہ کہے اور ایسی بات کہنا جائز بھی نہیں کہ حدیث میں ارشاد ہوا:” اپنے مُردوں کی خوبیاں ذِکْر کرو اور اس کی بُرائیوں سے باز رہو۔“

مرنے کے بعد بُلند آواز سے کلمہ پڑھا!

اگر کسی مسلمان نے مرتے وَقت بظاہر کلمہ نہ پڑھا اور کسی نے کہا کہ”اِس کو کلمہ نصیب نہیں ہوا“اُس نے اِس مرنے والے کی غیبت کی، اِس ضِمن میں ایک ایمان افروز حکایت مُلاحَظہ فرمایئے چُنانچِہ حضرتِ علّامہ عبدُ الحیی لکھنوی رحمۃُ اللہِ علیہ فرماتے ہیں: میرے بُزُرگوں میں ایک وَلِیُّ اللہ یعنی مولانا محمد اظہار الحق لکھنوی رَ حمۃُ اللہِ علیہ نے انتِقال کیا اور مرتے وَقت ان کی زَبان سے کلمہ نہ نکلا ، لوگوں نے ان پر چادر ڈال دی اور تجہیز و تکفین کا انتِظام کیا، جب سب لوگ باہَر نکلے تو بعضوں نے بطورِطَعن کے کہا کہ ظاہِر میں نہایت مُتَّقِی تھے اور مرتے وقت زَبان سے کلمہ بھی نہ نکلا ، اس بات سے تمام حاضِرین کو رَنج ہوا، اتنے میں مولانا مرحوم نے دونوں پاؤں کو سمیٹا اور بآواز بُلند کلمہ پڑھا ، جب لوگوں کے کانوں میں آواز پہنچی تو طَعن کرنے والوں کو لوگوں نے مَطعُون کیا(یعنی بُرا بھلا کہا)۔ (غیبت کیا ہے، ص 19)

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن