30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
{57}…شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہصلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی خدمت با برکت میں ایک شخص نے عرض کی:’’یارسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! والدین کا اپنی اولاد پر کیا حق ہے؟‘‘ تو آپ صلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’وہ دونوں تیری جنت و دوزخ ہیں۔‘‘ (۱)
{58}…تاجدارِ رِسالت، شہنشاہِ نَبوتصلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکی خدمت ِ اقدس میں ایک شخص نے عرض کی: ’’یارسول اللہ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم! میں راہِ خدا میں جہاد کرنا چاہتا ہوں اور آپ صلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم سے مشورہ لینے حاضر ہوا ہوں۔‘‘ آپ صلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے دریافت فرمایا: ’’کیا تیری ماں ہے؟‘‘ اس نے عرض کی: ’’جی ہاں۔‘‘ تو آپ صلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’اس کی خدمت کر کیونکہ جنت ماں کے قدموں کے نیچے ہے۔‘‘ (۲)
{59}… ایک روایت میں ہے،( حضور صلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے پوچھا:) ’’کیا تیرے والدین ہیں ؟‘‘اس نے عرض کی: ’’جی ہاں۔ ‘‘تو آپ صلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمنے ارشاد فرمایا: ’’ان کی خدمت کر کیونکہ جنت ان کے قدموں کے نیچے ہے۔‘‘ (۳)
{60}…مروی ہے کہ ایک شخص حضرت سیِّدُنا ابو درداء رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کی: ’’میری ایک بیوی ہے، میری ماں کہتی ہے کہ اسے طلاق دے دے۔‘‘ تو آپ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے ارشاد فرمایا کہ میں نے حضورنبی ٔپاک، صاحبِ لَوْلاک صلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کو یہ ارشاد فرماتے سنا: ’’باپ جنت کا درمیانہ دروازہ ہے، اگر تو چاہے تو اس دروازے کو ضائع کر دے یا اس کی حفاظت کر۔‘‘ حضرت سیِّدُنا امام ترمذی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی(متوفی۲۷۹ھ)فرماتے ہیں : ’’(اس روایت کے راوی)حضرت سیِّدُناسفیان رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ کبھی تو یہ فرماتے کہ میری ماں مجھے حکم دیتی ہے اور کبھی فرماتے کہ میرا باپ مجھے حکم دیتا ہے۔‘‘ (۴)
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1…سنن ابن ماجہ،ابواب الادب ،باب بر الوالدین ،الحدیث:۳۶۶۲،ص۲۶۹۶۔
2…سنن النسائی،کتا ب الجھاد ،باب الرخصۃ فی التخلف لمن لہ والدۃ،الحدیث:۳۱۰۶،ص۲۲۸۷۔
3…المعجم الکبیر،الحدیث:۲۲۰۲،ج۲، ص۲۸۹۔
4…جامع الترمذی،ابواب البر والصلۃ،باب ماجاء من الفضل فی رضا الوالدین ،الحدیث:۱۹۰۰،ص۱۸۴۴۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع