30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
پہلے اسے پڑھ لیجئے!
خیرکی بنیاد خلوت وجلوت میں تقویٰ وپرہیزگاری پر ہے۔ جو اس خصلت کو اختیار کرلیتا ہے دنیا و آخرت کی بھلائیاں اس میں جمع ہوجاتی ہیں۔ تقوی کے دینی ودنیوی فوائد وفضائل بے انتہا ہیں …متقی کو تنگ دستی سے نجات دی جاتی ہے اور وہاں سے رزق عطا کیا جاتا ہے جہاں اس کا گمان نہ ہو(۱)… قرآنِ حکیم سے ہدایت پاتا ہے(۲) … اسیعلم سے نوازا جاتا ہے(۳)… اسے حق وباطل کے درمیان فرق کرنے کی قوت عطا کی جاتی ہے ، اس کی خطائیں مٹادی جاتی اور گناہ بخش دئیے جاتے ہیں (۴)…اللہ عَزَّوَجَلَّ اسے اپنی ولایت عطافرماتاہے(۵) … اسے اللہ عَزَّوَجَلَّ کا قرب نصیب ہوتا ہے(۶)… اس کے لئے جہنم سے نجات ہے(۷) …اور اس کے لئے جنت کا وعدہ ہے۔(۸)
قرآن کریم میں جابجا تقویٰ کا درس دیا گیا ہے۔ حُجَّۃُ الْاِسْلَامحضرت سیِّدُناامام محمدبن محمدغزالی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَالِی(متوفی۵۰۵ھ) فرماتے ہیں : ’’قرآنِ مجیدمیں تقویٰ کا اطلاق تین معانی پر کیا گیا ہے: (۱)…ڈر اور خوف (۲)…اطاعت وعبادت (۳)…دل کو گناہوں سے پاک رکھنا اور یہی حقیقی تقویٰ ہے۔‘‘ (۹)
تقویٰ ہی وہ شے ہے جو بندے کو اپنے پروردگار عَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ ِ عالی کا مکرم ومعزز بناتی ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: ’’ اِنَّ اَکْرَمَکُمْ عِنۡدَ اللہِ اَتْقٰىکُمْ(پ۲۶،الحجرات :۱۳)ترجمۂ کنزالایمان:بے شک اللہ کے یہاں تم میں زیادہ عزت والا وہ جو تم میں زیادہ پرہیزگار ہے۔‘‘
الغرض اللہ عَزَّوَجَلَّ کے احکامات کی بجاآوری اور ممنوعات سے اجتناب کرکے اس کی ناراضی وعذاب سے بچنے کا نام تقویٰ ہے اور تقویٰ کی آسان تعبیر یہ ہے کہ ’’اَنْ لَّایَرَاکَ اللہُ حَیْثُ نَھَاکَ وَلَایَفْقِدُکَ حَیْثُ اَمَرَکَ یعنی تیراپروردگار عَزَّوَجَلَّتجھے وہاں نہ دیکھے جہاں جانے سے اس نے تجھے روکا ہے اور اس مقام سے غیرحاضر نہ پائے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
1…پ۲۸،الطلاق: ۲،۳۔ 2…پ۱، البقرۃ:۲۔3…پ۳، البقرۃ:۲۸۲۔4…پ۹،الانفال:۲۹۔
5…پ۲۵،الجاثیۃ:۱۹۔6… پ۲،البقرۃ:۱۹۴۔7…پ۱۶،مریم:۷۲۔ 8…پ۲۶،محمد:۱۵۔
9…منہاج العابدین للغزالی،العائق الرابع النفس،ص۵۹ملخصا۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع