30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
خواجہ مودود چشتی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کو یہ بات ناگوار محسوس ہوئی اور اِرادہ کیا کہ حضرت احمد جامی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کو ملک سے نکال دیں ۔ چنانچہ مریدوں کا لشکر لے کر حرکت میں آئے حضرت شیخ الاسلام احمد جامی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے ساتھیوں کو اس بات کی اِطلاع ملی لیکن انہوں نے براہِ ادب حضرت کو نہ بتایا مگر حضرت خود ہی خوب جانتے تھے ۔ ایک دن جب صبح کا کھانا حاضر کیا گیا ۔ آپ نے ارشاد فرمایا : ٹھہرو! ابھی کچھ قاصد آنے والے ہیں ۔ تھوڑی دیر بعد خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے قاصد حاضر ہو گئے ۔ حضرت والا نے انہیں کھانا کھلایا، پھر فرمایا : تم کہو گے یا میں بتاؤں کہ تم کس لئے آئے ہو؟ انہوں نے عرض کی : آپ ہی فرما دیں ۔ فرمایا : تمہیں خواجہ مودود نے بھیجا ہے کہ جا کر مجھے یہ کہہ دو کہ تم ہماری ولایت میں کیوں آئے ہو، سیدھی طرح واپس جانا ہے تو چلے جاؤ ورنہ جس طرح چاہیں گے نکال دیں گے ۔ قاصدوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ہاں خواجہ مودود نے یہی پیغام دے کر بھیجا تھا ۔ حضرت احمد جامی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے اِس پر فرمایا : اگر ولایت سے مراد یہ دیہات ہیں تو یہ نہ اَوروں کی مِلک ہیں اور نہ خواجہ مودود کی اور اگر ولایت سے مراد یہ لوگ ہیں تو یہ لوگ سنجر کے بادشاہ کی رعایا ہیں اس اعتبار سے تو بادشاہ شیخ الشیوخ بنتا ہے اور اگر ولایت سے مراد وہ ہے جو میں جانتا ہوں اور جسے اولیا جانتے ہیں تو کل ہم انہیں دکھا دیں گے کہ ولایت کا کام کیا اور کیسا ہوتا ہے ۔
قاصدوں کو یہ جواب دے کر بھیج دیا، پھر بارش شروع ہوگئی اور ایک دن رات مسلسل برستی رہی، دوسرے دن صبح کے وقت حضرت احمد جامی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا : گھوڑے تیار کرو تاکہ خواجہ مودود کی طرف چلیں ۔ ساتھیوں نے عرض کی : حضور ندی میں پانی بہت آگیا ہے ۔ اس حالت میں کوئی ملاح بھی کشتی نہیں لے جا سکتا ۔ آپ نے فرمایا : کچھ مشکل نہیں ، آج ہم ملاحی کریں گے ۔ جب سوار ہو کر جنگل میں پہنچے تو دیکھا کہ لوگوں کا ایک بہت بڑا گروہ ہتھیار لے کر موجود ہے ۔ دریافت فرمایا : یہ لوگ کیوں جمع ہیں ؟ عرض کی گئی : ان کو معلوم ہوا کہ آپ کے مقابلے کے لئے کوئی جماعت آئی ہے ، چونکہ یہ آپ کے مرید اور محبت کرنے والے ہیں اس لئے آپ کے ساتھ چلنے کے لئے آئے ہیں ۔ فرمایا : انہیں واپس کر دو، تیر تلوار بادشاہِ سنجر کے ہتھیار ہیں ، اولیا کے ہتھیار تو اور ہی ہوتے ہیں ۔
الغرض چند خدّام کو لے کر ندی کے کنارے پہنچے ، پانی خوب چڑھا ہوا تھا آپ نے فرمایا : ہم نے کہا تھا کہ ملاحی ہم کریں گے ۔ یہ کہہ کر معرفتِ الٰہی کے بارے میں کلام کرنا شروع کیا، لوگ سن کر آپے سے باہر ہو گئے ، آپ نے فرمایا : آنکھیں بند کر لو اور بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم پڑھ کر چلو ۔ لوگوں نے ایسا ہی کیا، جس نے جلدی آنکھ کھولی اس کا جوتا پانی سے تر ہو گیا اور جس نے دیر سے آنکھ کھولی اس کا جوتا بھی خشک رہا اور سب نے اپنے آپ کو دریا کے پار پایا ۔
خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے قاصدوں نے جب یہ معاملہ دیکھا فوراً جا کر صاحبزادہ صاحب کو اطلاع دی مگر کسی کو یقین نہ آیا، صاحبزادہ صاحب دو ہزار مسلح مریدوں کے ساتھ سامنے آگئے لیکن جیسے ہی حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی نظر سے نظر ٹکرائی فوراً بے اختیار ہو کر گھوڑے سے اتر کر حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی قدم بوسی کرنے لگے ، حضرت نے ان کی پیٹھ تھپتھپا کر ارشاد فرمایا : ولایت کا کام دیکھا؟ تم نہیں جانتے کہ ﷲ والوں کی ولایت فوج اور اسلحے سے نہیں ہوتی ۔ جاؤ سوار ہو جاؤ! ابھی تم بچے ہو، تمہیں نہیں معلوم کہ تم کیا کرتے ہو ۔ پھر جب بستی میں آئے تو حضرت احمد جامی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ ایک محلے میں ٹھہرے اور صاحبزادہ خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ دوسرے محلے میں ۔ دوسرے دن صاحبزادے کے مریدوں نے کہا : ہم تو احمد جامی کو ملک سے نکالنے آئے تھے اور آج ان کے ساتھ ایک ہی بستی میں ٹھہرے ہوئے ہیں ، کوئی طریقہ کار اختیار کرنا چاہیے ۔ حضرت خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا : میری رائے یہ ہے کہ صبح ان کی خدمت میں حاضر ہو کر واپسی کی اجازت لے لیں ، ان کا کام ہماری طاقت میں نہیں ۔ مریدوں نے کہا : درست رائے یہ ہے کہ ایک جاسوس مقرر کرلیں جب ان کے دوپہر کے آرام کا وقت آئے اور لوگ ان کے پاس سے چلے جائیں اور وہ تنہا ہوں اس وقت ہماری ایک جماعت کے لوگ آپ کے ساتھ ان کے پاس جائیں اور سماع شروع کریں اور وجد کی صورت بنائیں ، اسی حالت میں ان پر حملہ کرکے کام تمام کردیں ۔ حضرت خواجہ رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا : یہ ٹھیک نہیں ، وہ ولی ہیں ، صاحبِ کرامات ہیں ۔
جب دوپہر کو حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کے آرام کا وقت ہوا خادم نے چاہا کہ بچھونا بچھائے ، فرمایا : تھوڑی دیر ٹھہرو، کچھ کام ہے ۔ اچانک کسی نے دروازہ کھٹکھٹایا، خادم نے دروازہ کھولا تو حضرت خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ ایک بہت بڑے گروہ کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ سلام کے بعد سماع شروع ہوا، ساتھیوں نے نعرے لگانا شروع کئے ، انہوں نے چاہا کہ اپنا فاسد ارادہ پورا کریں کہ اچانک حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے سر مبارک اٹھا کر فرمایا : اے سہل! تو کہاں ہے ؟ ارے اے سہل! تو کہاں ہے ؟ سہل نام کے یہ بزرگ شہر سرخس کے رہنے والے تھے ، حضرت کے آواز دیتے ہی فوراً حاضر ہوئے اور ان فسادیوں پر ایک نعرہ مارا سب اپنی جوتیاں پگڑیاں چھوڑ کر بھاگ گئے ۔ صرف خواجہ مودود چشتی رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ باقی رہ گئے ۔ نہایت شرمندگی سے کھڑے ہوئے اور ننگے سر ہو کر معافی مانگی اور عرض کی حضور آپ جانتے ہیں کہ فساد میں میری مرضی نہ تھی، فرمایا : تم سچ کہتے ہو مگر تم ساتھ کیوں آئے ؟ عرض کی : میں نے برا کیا، مجھے معاف فرما دیں ۔ فرمایا : میں نے معاف کیا، اب ان لوگوں کو بلاؤ اور دو خدمتگار مقرر کرو اور تین دن ٹھہرو ۔ حضرت خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے ایسا ہی کیا، اس کے بعد خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے حاضر ہو کر عرض کی : جو آپ کا حکم تھا وہ میں نے پورا کر دیا اب مزید کیا فرمان ہے ۔ فرمایا : مصلّٰی ایک طرف رکھو اور پہلے جا کر علم پڑھو کہ بے علم زاہد شیطان کا مسخرہ ہے ۔
خواجہ نے عرض کی : میں نے قبول کیا اور کیا فرمان ہے ؟ فرمایا : جب علم حاصل کرنے سے فارغ ہو جاؤ تو اپنا روحانی خاندان زندہ کرو ۔ تمہارے آباؤ اجداد اولیا و صاحبِ کرامات تھے ۔ خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے کہا : حضرت آپ مجھے اپنے آباؤ اجداد کا سلسلہ زندہ کرنے کا فرماتے ہیں تو پہلے تبرکاً مجھے مسند پر بٹھا دیں ۔ فرمایا : آگے آؤ! یہ آگے آئے ، حضرت رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے ہاتھ پکڑ کر اپنی مسند کے کنارے پر بٹھایا اور فرمایا : تمہیں مسند پر بٹھاتا ہوں بشرطیکہ تم عالم بنو ۔ یہ تین مرتبہ فرمایا، حضرت خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ تین دن اور حاضر رہے فیض وبرکات لئے نوازشیں حاصل کیں ، پھر علم حاصل کرنے بلخ و بخارا تشریف لے گئے ، چار سال میں علوم میں کامل ماہر ہو گئے ، ہر شہر میں حضرت خواجہ مودود رَحْمَۃُ اللّٰہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کی کرامات ظاہر ہوئیں ، پھر علاقہ چشت میں پہنچے اور مریدوں کی تربیت میں مشغول ہو گئے ۔ مختلف جگہوں سے لوگ حاضر خدمت ہوئے اور حضرت کی برکتوں سے معرفت کی دولت اور
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع