30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جہیز ہے ۔‘‘ میں نے کہا: شادی کے اخراجات جو اپنی قوم نے بنالئے ہیں وہ فرض نہیں ہیں اور حج فرض ہے ، فرمانے لگے : ’’ کچھ بھی ہو ناک تو نہیں کٹوائی جاتی۔‘‘ آخر حج نہ کیا لڑکی کی شادی میں گُلچھرّے اُڑائے ۔
آپ نے بہت مالداروں کو دیکھاہوگا کہ حج ان کو نصیب نہیں ہوتا لگاتار شادیوں سے ہی انہیں چھٹکارا نہیں ملتا، ادھر توجہ کیسے کریں یہ بھی خیال رہے کہ حج کرنا ہر اس شخص کا فرض ہے جس کے پاس مکہ معظمہ جانے آنے کا کرایہ اور باقی مصارف ہوں یہ جو مشہور ہے کہ بڑھاپے میں حج کرو غلط ہے کیا خبر کہ بڑھاپا ہم کو لے گا یا نہیں اور یہ مال رہے گا یا نہیں ۔
نویں خرابی یہ ہے کہ غریب لوگ لڑکی کے بچپن ہی سے کپڑے جمع کرنے شروع کرتے ہیں کیونکہ اتنے جوڑے وہ ایک دم نہیں بناسکتے ۔ جب تک لڑکی جوان ہوتی ہے کپڑے گل جاتے ہیں انہیں گلے ہوئے کپڑوں کے جوڑے بناکر دیتے ہیں جب وہ پہنے جاتے ہیں تو دودن میں پھٹ جاتے ہیں جس سے پہننے والے گالیاں دیتے ہیں کہ ایسے کپڑے دینے کی کیا ضرورت تھی ؟
دسویں خرابی یہ ہے کہ دلہن والے مصیبت اُٹھا کر پیسہ برباد کرکے کاٹھ کباڑ یعنی میز و کرسیاں ، مسہریاں لڑکی کو دے تو دیتے ہیں مگر دولہا کا گھر اتنا تنگ اور چھوٹا ہوتا ہے کہ وہاں رکھنے کو جگہ نہیں اور اگر دولہا میاں کرایہ کے مکان میں رہتے ہیں تو جب دو چار دفعہ مکان بدلنا پڑتاہے تو یہ تمام کاٹھ کباڑ ٹوٹ پھوٹ کر ضائع ہوجاتا ہے ۔ جتنے روپے کا جہیز دیا گیا اگر اتنا روپیہ نقد دیا جاتا یا اس روپیہ کی کوئی دکان یا مکان لڑکی کو دے دیا جاتا تو لڑکے کے کام آتا اور اس کی اولاد عمر بھر آپ کو دعائیں دیتی اور لڑکی کی بھی سسرال میں عزت ہوتی اور اگر خدا نہ کرے کہ کبھی لڑکی پر کوئی مصیبت آتی تو اس کے کرایہ سے اپنا برا وقت نکال لیتی۔
جب یہ خرابیاں مسلمانوں کو بتائی جاتی ہیں تو ان کو چند قسم کے عذر ہوتے ہیں ایک تو یہ کہ صاحب ہم کیا کریں ، ہماری عورتیں اورلڑکے نہیں مانتے ہم ان کی وجہ سے مجبور ہیں ۔ یہ عذر محض بیکار ہے حقیقت یہ ہے کہ آدھی مرضی خود مردوں کی بھی ہوتی ہے ، تب ان کی عورتیں اور لڑکے اشارہ یا نرمی پاکر ضد کرتے ہیں ورنہ ممکن نہیں کہ ہما رے گھر میں ہماری مرضی کے بغیر کوئی کام ہوجائے ۔ اگر ہانڈی میں نمک زیادہ ہوجائے تو عورت بے چاری کی شامت اور اگر اولاد یا بیوی کسی وقت نماز نہ پڑھے تو بالکل پرواہ ہی نہیں ، جان لو کہ حق تعالیٰ نیّت سے خبردار ہے بعض بزرگوں کو دیکھا گیا ہے کہ آگے آگے فرزند کی برات مع ناچ باجے کے جارہی ہے اور پیچھے پیچھے یہ حضرت بھی لَاحَوْل پڑھتے ہوئے چلے جارہے ہیں او ر کہتے ہیں کیا کریں بچہ نہیں مانتا، یقینا یہ لَاحَوْل خوشی کی ہے ۔ حضرت سعدی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیّ نے کیا خوب فرمایا ؎
کہ لَا حَوْل گویند شادی کناں ([1])
دوسرے : پنجاب میں یہ قانون ہے کہ ماں باپ کے ما ل سے لڑکی میراث نہیں پاتی لکھ پتی باپ کے بعد سارا مال، جائداد، مکانات سب کچھ لڑکے کا ہے لڑکی ایک پائی کی حقدار نہیں ، بہانہ یہ کرتے ہیں کہ ہم لڑکی کی میراث کے بدلے اس کی شادی دھوم دھام سے کردیتے ہیں ۔ سُبْحَانَ اللہ اپنے نام کیلئے روپیہ حرام کاموں میں برباد کرو اور لڑکی کے حصّے سے کاٹو۔ کیوں جناب! آپ جو لڑکے کی شادی او ر اس کی پڑھائی لکھائی پر جو روپیہ خرچ کرتے ہیں ، بی۔ اے ، ایم۔ اے ، کی ڈگری دلواتے ہیں کیا وہ بھی فرزند کی میراث سے کاٹتے ہیں ہرگز نہیں پھر یہ عذر کیسا ؟ یہ محض دھوکہ دینا ہے ۔
تیسرے : یہ کہ ہم کو علمائے کرام نے یہ باتیں بتائی ہی نہیں اس لئے ہم لوگ اس سے غافل رہے ، اب جبکہ یہ رسوم چل پڑیں لہٰذا ان کا بند ہونا مشکل ہے ۔ لیکن یہ بہانہ بھی غلط ہے علمائے اہل ِسنّت دَامَتْ فُیُوْضُہُمْ نے اسکے متعلق کتابیں لکھیں مسلمانوں نے قبول نہ کیا چنانچہ امام اہلِ سنّت اعلیٰ حضرت فاضل بریلوی قُدِّسَ سِرُّہٗ نے ایک کتاب لکھی ’’ جَلِیُّ الصَّوْت‘‘جس میں صاف صاف فرمایا کہ میّت کی روٹی امیروں کے لئے کھانا حرام ہے صرف غریب لوگ کھائیں ۔ ایک کتاب لکھی: ’’ ھَادِی النَّاسِ اِلٰی اَحْکَامِ الْاَعْرَاسِ‘‘([2]) جس میں شادی بیاہ کی مروجہ رسموں کی برائیاں بتائیں اور شرعی رسمیں بیان فرمائیں ، ایک کتاب لکھی ’’مُرُوْجُ النَّجَائ‘‘ جس میں ثابت فرمایا کہ سوا چند موقعوں کے باقی جگہ عورت کو گھر سے نکلنا حرام ہے اور بھی علمائے اہلِ سنت نے ان باتوں کے متعلق کتابیں لکھیں ، افسوس کہ اپنا قصور علماء کے سر لگاتے ہو۔
چوتھا بہانہ یہ کرتے ہیں کہ اگر شادی بیاہوں میں یہ رسمیں نہ ہوں تو ہمارے گھر لوگ جمع نہ ہوں گے جس سے شادی میں رونق نہ ہوگی مگر یہ بھی فقط وہم ودھوکا ہے حق یہ ہے کہ شادی و نکاح میں شرکت اگر سنّت کی نیّت سے ہوتو عبادت ہے اب تو ہمارے نکاحوں میں لوگ تماشائی بن کر یا کھانے کیلئے آتے ہیں جس کا
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع