30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جواب …: ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی 9تاریخ کو درج ذیل کام کیے جاتے ہیں :
٭… نمازِ فجر مِنٰی میں ادا کرنے کے بعد میدانِ عرفات کا رخ کیا جاتا ہے۔
٭… جب نمازِ ظہر کا وقت ہو جائے تو میدانِ عرفات میں نمازِ ظہر اور عصر ملا کر پڑھی جاتی ہیں )[1]( مگر اسکی بعض شرائط ہیں ۔
٭… میدانِ عرفات میں کم از کم ایک لمحہ ٹھہرنا حج کا پہلا رکن (یعنی فرض) ہے لہٰذا 9 ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام دوپہر ڈھلنے سے لے کر 10ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام صبح صادق کے درمیان جو کوئی احرام کے ساتھ ایک لمحہ کے لئے بھی میدانِ عرفات میں داخل ہو گیا وہ حاجی ہو گیا۔
٭… پھر غروبِ آفتاب کے بعد میدانِ عرفات سے مزدلفہ )[2](کے لئے روانہ ہوجائیں ۔
٭… مزدلفہ شریف میں مغرب اور عشاء دونوں نمازیں ایک ساتھ ادا کریں ۔
سوال …: مزدلفہ شریف میں مغرب اور عشاء دونوں نمازیں ایک ساتھ کیسے پڑھی جاتی ہیں ؟
جواب …: مزدلفہ شریف میں ایک ہی اَذان اورایک ہی اِقامت سے نَمازِ مغرِب و عشاء وقتِ عشاء میں ادا کی جاتی ہیں ، لہٰذا اَذان واِقامت کے بعد پہلے مغرِب کے تین فَرض ادا کرلیجئے، سلام پھیرتے ہی فوراً عشاء کے فرض پڑھئے پھر مغرِب کی سُنَّتیں ، نفل (اوّابین) اِسکے بعد عشاء کی سُنَّتیں ، نفل اور وِتر و نوافل ادا کیجئے ۔ )[3](
ذو الحجۃ الحرام کی 10تاریخ کے افعال
سوال …: ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی 10تاریخ کو کیا کام کیے جاتے ہیں ؟
جواب …: ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی 10تاریخ کو درج ذیل کام کیے جاتے ہیں :
٭… 10ویں رات کو مزدلفہ میں قیام کرنا سنت مؤکدہ اور کم از کم حاجی کا ایک لمحہ وہاں ٹھہرنا واجب ہے۔
٭… پھر نمازِ فجر مزدلفہ میں ادا کرنے کے بعد مِنٰی کو روانگی ہوتی ہے۔
٭… مِنٰی پہنچ کر جَمْرَةُ الْعَقَبَہ یعنی بڑے شیطان کو سات کنکریاں ماری جاتی ہیں ۔
٭… کنکریاں مارنے کے بعد قربانی کی جاتی ہے۔
٭… قربانی کرنے کے بعد مرد حلق یا قصر)[4](رواتے ہیں جبکہ عورتیں صرف قصر )[5](کرواتی ہیں ۔
٭… حلق کروانے کے بعد احرام کی پابندیاں ختم ہوجائیں گی۔
٭… اب سلے ہوئے کپڑے پہن سکتے ہیں ۔
٭… اب حج کا آخری فرض طواف الزیارت کیا جاتا ہے۔
سوال …: طواف الزیارت سے کیا مراد ہے؟
جواب …: 10ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام سے 12ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کے سورج غروب ہونے سے پہلے کعبہ مشرفہ کے طواف کو حج کا دوسرا بڑا رکن (فرض) طواف الزیارت کہا جاتا ہے، اس کے بعد حج مکمل ہوجاتا ہے۔ طواف الزیارت سلے ہوئے کپڑے پہن کر کیا جاتا ہے کیونکہ قربانی اور حلق کے بعد حاجی احرام کی پابندیوں سے آزاد ہو چکا ہوتا ہے۔
ذو الحجۃ الحرام کی 11 اور12 تاریخ کے افعال
سوال …: ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی 11 اور12 تاریخ کو کیا کام کیے جاتے ہیں ؟
جواب …: ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی 11 اور12 تاریخ کو درج ذیل کام کیے جاتے ہیں :
٭… طواف الزیارت کے بعد گیارہ ،بارہ اور تیرہ ذُو الْحَجَّۃِ الْحَرام کی تین راتیں مِنٰی شریف میں گزارنا سنت ہے۔
٭… گیارہ، بارہ تاریخ کو تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جاتی ہیں ۔
[1] آپ اپنے اپنے خیموں ہی میں ظہر کی نماز ظہر کے وقت میں اور عصر کی نماز عصر کے وقت میں باجماعت ادا کیجئے۔ (رفیق الحرمین، حاشیہ، ص ۱۶۰)
[2] مِنٰی سے عرفات کی طرف تقریبا ًپانچ کلو میٹر پر واقع ایک میدان ہے جہاں عرفات سے واپسی پررات بسر کرتے ہیں۔ یہاں صبح صادق اور طلوع آفتاب کے درمیان کم از کم ایک لمحہ وقوف واجب ہے۔ (بہارِ شریعت، اصطلاحات، ۱ / ۶۴)
[3] رفیق الحرمین، ص ۱۸۲
[4] احرام سے باہر ہونے کے لئے حدودِ حرم ہی میں پورا سر منڈوانے کو حَلْق اور چوتھائی سر کا ہر بال کم از کم انگلی کے ایک پورے کے برابر کتروانے کو قصر کہتے ہیں۔ (رفیق الحرمین، ص ۶۰)
[5] اِسلامی بہنوں کو سَر مُنڈانا حرام ہے وہ صِرْف تَقْصِیر کروائیں۔ اِس کاآسان طریقہ یہ ہے کہ اپنی چُٹیا کے سِرے کو اُنگلی کے گرد لپیٹ کر اُتنا حصّہ کاٹ لیں، لیکن یہ اِحتِیاط لازِمی ہے کہ کم ازکم چوتھائی سَر کے بال ایک پَورے کے برابر کٹ جائیں۔ (رفیق الحرمین، ص ۱۳۸)
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع