30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
سوال …: میت کو قبر میں اتارنے کے لیے قبر کے پاس کس طرف رکھنا چاہئے؟
جواب …: میت کو قبر سے قبلہ کی جانب رکھنا مستحب ہے تاکہ میت قبلہ کی طرف سے قبر میں اتاری جائے۔
سوال …: میت کو قبر میں اتارتے وقت کتنے آدمی ہونے چاہئیں ؟
جواب …: میت قبر میں اتارتے وقت حسبِ ضرورت دو یا تین آدمی کافی ہیں ۔ بہتر ہے کہ وہ لوگ قوی اور نیک ہوں ۔
سوال …: عورت کی میت قبر میں اتارتے ہوئے کن باتوں کو پیشِ نظر رکھنا چاہئے؟
جواب …: عورت کی میت قبر میں محارم )[1]( اتاریں ۔ یہ نہ ہوں تو دیگر رشتے دار، یہ بھی نہ ہوں تو پرہیزگاروں سے اتروائیں ۔ نیز میت کو اتارنے سے لے کر تختے لگانے تک کسی کپڑے سے چھپائے رکھیں ۔
سوال …: میت کو قبر میں اتارتے وقت کیا دعا پڑھنا چاہئے؟
جواب …: میت کو قبر میں اتارتے وقت یہ دعا پڑھیں :
بِسْمِ اللّٰهِ وَ بِاللّٰهِ وَعَلٰی مِلَّةِ رَسُوْلِ اللّٰهِ
سوال …: میت کو قبر میں لٹاتے وقت کیا کرنا چاہئے؟
جواب …: میت کو قبر میں لٹاتے وقت درج ذیل باتوں کا خیال رکھنا چاہئے:
٭… میت کو سیدھی کروٹ پر لٹائیں ۔
٭… اگر سیدھی کروٹ پر لٹانا ممکن نہ ہو تو س کا منہ پھیر کر قبلہ کی طرف کردیں ۔ بشرطیکہ آسانی سے ممکن ہو ورنہ زبردستی نہ کریں کہ میت کو تکلیف ہو گی۔
٭… کفن کی بندش کھول دیں کہ اب ضرورت نہیں ، نہ کھولی تو بھی حرج نہیں ۔
سوال …: قبر پر مٹی ڈالنے کا طریقہ بتائیے؟
جواب …: قبر پر مٹی ڈالنے کا مستحب طریقہ یہ ہے کہ سرہانے کی طرف سے دونوں ہاتھوں سے تین بار مٹی ڈالیں ۔ پہلی بار کہیں : مِنْہَا خَلَقْنٰکُمْ ، دوسری بار: وَ فِیۡہَا نُعِیۡدُکُمْ ، تیسری بار: وَ مِنْہَا نُخْرِجُکُمْ تَارَۃً اُخْرٰی کہیں ۔ اب باقی مٹی پھاوڑے وغیرہ سے ڈال دیں ۔
سوال …: قبر پر کس قدر مٹی ڈالنا چاہئے؟
جواب …: قبر پر صرف اسی قدر مٹی ڈالیں جس قدر قبر سے نکلی ہو، اس سے زیادہ ڈالنا مکروہ ہے۔
سوال …: قبرکیسی بنانی چاہئے؟
جواب …: قبر اونٹ کے کوہان کی طرح ڈھال والی بنانا چاہئے۔
سوال …: قبر زمین سے کس قدر اونچی ہونی چاہئے؟
جواب …: قبر زمین سے ایک بالشت اونچی ہو یا اس سے معمولی زیادہ۔ )[2](
سوال …: تدفین کے بعد کیا کرنا چاہئے؟
جواب …: تدفین کے بعد درج ذیل کام کرنا چاہئیں :
٭… پانی چھڑکنا سنت ہے۔اس کے علاوہ بعد میں پودے وغیرہ کو پانی دینے کی غرض سے چھڑکیں تو جائز ہے۔آ ج کل جو بلا وجہ قبروں پر پانی چھڑکا جاتا ہے اس کو فتاویٰ رضویہ شریف، ج ۴ ص ۱۸۵ پر اسراف لکھا ہے۔
٭… دفن کے بعد سرہانے الٓـمّٓ تا اَلْمُفْلِحُوۡنَ اور قدموں کی طرف اٰمَنَ الرَّسُوۡلُ سے ختم سورہ تک پڑھنا مستحب ہے۔
٭… تلقین کریں ۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع