30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
جس قدر ممکن ہو جامع مسجد کی طرف جلد جانے کی کوشش کرے۔ چنانچہ،
سرکارِ مدینہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ باقرینہ ہے: ’’ جب جُمُعہ کا دن آتا ہے تو مسجِد کے ہر دروازے پر فِرشتے آنے والے کو لکھتے ہیں ، جو پہلے آئے اس کو پہلے لکھتے ہیں ، جلدی آنے والا اُس شخص کی طرح ہے جو اللہ تعالٰی کی راہ میں ایک اونٹ صَدَقہ کرتاہے اوراس کے بعد آنے والا اُس شخص کی طرح ہے جو ایک گائے صَدَقہ کرتاہے، اس کے بعد والا اُس شخص کی مِثل ہے جو مَینڈھا صَدَقہ کرے، پھر اِس کی مِثل ہے جو مُرغی صَدَقہ کرے، پھر اس کی مِثل ہے جو اَنڈا صَدَقہ کرے اور جب امام (خطبہ کے لیے) بیٹھ جاتا ہے تو وہ اعمال ناموں کو لپیٹ لیتے ہیں اور آکر خُطبہ سنتے ہیں ۔ ‘‘ )[1](
حُجَّۃُ الاسلام حضرتِ سیِّدُنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی فرماتے ہیں : ’’ پہلی صَدی میں سَحَری کے وقت اور فجر کے بعد راستوں کو لوگوں سے بھرا ہوا دیکھا جاتا تھا، وہ چَراغ لیے ہوئے (نمازِ جُمُعہ کیلئے) جامِع مسجِد کی طرف جاتے گویا عید کا دن ہو،حتّٰی کہ یہ سلسلہ خَتم ہوگیا۔ پس منقول ہے کہ اسلام میں جو پہلی بِدعت ظاہِر ہوئی وہ جامِع مسجِد کی طرف جلدی جانے کو چھوڑنا ہے۔)[2](
(6) جامع مسجد میں ٹھہرنا
حُجَّۃُ الْاسلام حضرتِ سیِّدُنا امام محمد غزالی عَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہِ الْوَالِی فرماتے ہیں : (نَمازِ جُمُعہ کے بعد) عَصر کی نَماز پڑھنے تک مسجِد ہی میں رہے اور اگر نَمازِ مغرِب تک ٹھہر ے تو افضل ہے، منقول ہے
کہ جس نے جامِع مسجِد میں (جُمُعہ ادا کرنے کے بعد وہیں رُک کر) نمازِ عَصر پڑھی اُس کیلئے حج کا ثواب ہے اور جس نے (وہیں رُک کر) مغرِب کی نَماز پڑھی اسکے لئے حج اور عمرے کا ثواب ہے۔)[3](
(7) قبروں پر حاضری دینا
بہارِ شریعت میں ہے: جمعہ کے دن روحیں جمع ہوتی ہیں ، لہٰذا اس میں زیارتِ قبور کرنی چاہئے اور اس روز جہنم کو (بھی) نہیں بھڑکایا جاتا۔ )[4](
سوال …: جمعہ کے دن زیارتِ قبور کا افضل وقت کونسا ہے؟
جواب …: جمعہ کے دن زیارتِ قبور کا افضل وقت نمازِ فجر کے بعد کا ہے۔ )[5](
والدین کی قبر کی زیارت کا ثواب
سوال …: اگر کسی کے ماں باپ دونوں یا کوئی ایک فوت ہو چکا ہو تو کیا جمعہ کے دن ان کی قبر کی زیارت کرنے کے متعلق کوئی روایت مروی ہے؟
جواب …: جی ہاں ! اگر کسی کے ماں باپ دونوں یا کوئی ایک فوت ہو چکا ہو تو جمعہ کے دن ان کی قبر کی زیارت کرنے کے متعلق کئی روایات مروی ہیں ۔ چنانچہ ذیل میں تین روایات پیشِ خدمت ہیں :
٭… جو اپنے ماں باپ دونوں یا ایک کی قَبْر پر ہر جُمُعہ کے دن زِیارت کو حاضِر ہو، اللہ تعالٰی اُس کے گناہ بخش دیتا ہے اور اسے ماں باپ کے ساتھ اچّھا برتاؤ کرنے والا لکھ لیا جاتا ہے۔)[6](
٭… پیر اور جُمعرات کو اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے حضُور اعمال پیش ہوتے ہیں اور انبیائے کرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور ماں باپ کے سامنے ہر جُمُعہ کو، وہ نیکیوں پر خُوش ہوتے ہیں اور ان کے چہروں کی صفائی اور چمک دمک بڑھ جاتی ہے، لہٰذا اللہ سے ڈرو اور اپنے وفات پانے والوں کو اپنے گُناہوں سے دکھ نہ پہنچاؤ۔)[7](
٭… جو ہر جُمُعہ والِدَین یا ایک کی زیارتِ قَبْر کر کے وہاں سورۂ یٰسین پڑھے تو اس سورت میں جتنے حَرف ہیں ان سب کی گنتی کے برابر اللہ تعالٰی اس کے لئے مغفِرت فرمائے۔)[8](
[1] بخاری، کتاب الجمعۃ، باب الاستماع الخ، ۱ / ۳۱۹، حدیث: ۹۲۹
[2] احیاء العلوم، کتاب اسرار الصلاۃ ومھماتھا، الباب الخامس، ۱ / ۲۴۶
[3] احیاء العلوم، کتاب اسرار الصلاۃ ومھماتھا، الباب الخامس، ۱ / ۲۴۹
[4] بہارِ شریعت، جمعہ کا بیان، ۱ / ۷۷۷
[5] فتاویٰ رضویہ، ۹ / ۵۲۳ بتغیر
[6] نوا درالاصول للترمذی، ص ۲۴
[7] نوا درالاصول للترمذی، ص ۲۱۳
[8] اتحاف السادۃ المتقین، ۱۰ / ۳۶۳
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع