30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
مت کرنااور نہ ہی اس کی بات سننا ۔‘‘
طفیل بن عمرو فرماتے ہیں کہ کفارمجھے اسی طرح مسلسل نصیحتیں کرتے رہے، حتی کہ میں نے پختہ ارادہ کر لیا کہ نہ اس دعوائے رسالت کرنے والے کی بات سنوں گا اور نہ ان سے کسی قسم کاکلام کروں گا ۔ چنانچہ جب صبح کے وقت، میں مسجد ِحرام میں گیا، تو میں نے اپنے کانوں میں روئی دے لی، تاکہ ان کی آوازمجھ تک نہ پہنچنے پائے۔جب میں مسجدحرام میں داخل ہوا، توکیا دیکھتا ہوں کہ رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کعبہ کے پاس کھڑے ہو کر نماز ادافرما رہے تھے ۔میں بھی آپ کے پاس کھڑا ہوگیا ۔ میرے نہ چاہنے کے باوجود اللہ تَعَالٰی نے مجھے آپ کا کلام سناہی دیا ۔ سن کر مجھے معلوم ہوا کہ آپ کا کلام تو بے حدحسین ہے۔میں نے دل ہی دل میں کہا، مجھے میری ماں روئے !واللہ ! میں عقل رکھتا ہوں اور فن شعر وشاعری میں مہارت بھی ، مجھ پرکسی کلام کا حسن وقبح مخفی نہیں رہ سکتا ، میرے لئے اس میں رکاوٹ کی کونسی بات ہے کہ ان کے کلام کوسنوں ، اگر اچھا ہو، تو قبول کرلوں اور اگر اس کے برعکس ہو تو چھوڑ دوں اورنظر انداز کردوں ۔ ‘‘
فرماتے ہیں کہ میں وہیں ٹھہرا رہا، یہاں تک کہ آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اپنے گھر کی طرف روانہ ہوئے۔میں بھی آپ کے پیچھے پیچھے چل دیا، پھر آپ کی خدمت میں حاضر ہو گیا ۔ میں نے عرض کی’’ اے محمد(صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ )!آپ کی قوم نے مجھے آپ کے بارے میں یہ کچھ کہا تھا اور بخدا! وہ مجھے آپ کے متعلق اتنا ڈراتے رہے کہ میں نے اپنے کانوں میں روئی ڈال لی تھی کہ آپ کی آواز نہ سن سکوں ، مگر اللہ تَعَالٰی نے مجھے آپ کا کلام سنانے کا فیصلہ کررکھا تھا ۔ میں نے انتہائی حسین اور پاکیزہ کلام کو سنا ۔ میری آپ سے درخواست ہے کہ آپ اپنادعوی اوراپنی دعوت مجھے بتائیں اوراپناکلام سنائیں ۔
رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے مجھ پراسلام کی دعوت پیش فرمائی اورقرآن پاک کی تلاوت کی ۔بخدا! میں نے قرآن سے زیادہ کوئی حسین کلام نہیں سنا تھااورنہ ہی اسلام سے بڑھ کرکوئی عادلانہ نظام میری نظر سے گزراتھا۔ چنانچہ میں نے فوراًاسلام قبول کرلیا اورحق کی گواہی دی ۔(الوفاء باحوال المصطفی صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ، ص۲۵۲)
(10) ایک نصرانی پر انفرادی کوشش
سفر طائف کے دوران جب آپ ایک درخت کے سائے میں تشریف فرما ہوئے اور آپ کو اطمینان و سکون حاصل ہو گیا، تو آپ نے بارگاہِ خداوندی میں دعا کی۔جب عتبہ اور شیبہ نے نبی پاک صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی تکلیف و پریشانی کو دیکھا، تو اپنے نصرانی غلام کو بلایا، جس کو عدرس کہا جاتا تھا اور اسے کہا کہ انگوروں کا ایک گچھا، تھال میں رکھ کر اس شخص کی خدمت میں لے جا کر پیش کر اور عرض کر کہ اسے تناول فرما لیں ۔ عدرس نے انگور لئے ، تھال میں رکھے اور سرورِ عالم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی خدمت میں لے گیا ۔ جب آپ نے اپنا دست ِاقدس تھال کی طرف بڑھایا کہ انگور کھائیں ، تواولاً بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّ حِیْم ط پڑھی ، پھر انگور کھائے ۔
عدرس آپ کے چہرہ انور کی طرف دیکھنے لگا اور عرض کیا کہ بخدا! اس شہر والے تو یہ کلام زبان پر نہیں لاتے ۔ آپ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے دریافت فرمایا کہ تم کس شہر سے تعلق رکھتے ہواور تمہارا دین کیا ہے ؟۔۔۔۔ اس نے عرض کیا، ’’ میں نصرانی ہوں اور اہل نینوا سے ہوں ۔ آپ نے فرمایا کہ اللہ تَعَالٰی کے نیک بندے حضرت یونس ں کے شہر سے ؟۔۔۔ اس نے حیرت سے پوچھا کہ آپ حضرت یونس ں کے بارے میں کیسے جانتے ہیں ؟۔۔۔ آپ نے فرمایا، ’’ وہ میرے بھائی ہیں ، وہ بھی نبی تھے اور میں بھی نبی ہوں ۔‘‘ عدرس نے جونہی آپ کا جواب سنا، تو ادب ونیاز سے جھک کر آپ کے سر اقدس کو بوسہ دیا ، پھر دست ِ اقدس چومے اور بعد ازاں قدموں کو بوسہ دیا ۔ دونوں بھائی یہ منظر بھی دیکھ رہے تھے ۔ان میں سے ایک نے دوسرے سے کہا کہ ’’اس شخص نے تیرے غلام کو اب تیرے کام کا نہیں چھوڑا ۔‘‘ جب عدرس ان کے پاس پہنچا ، تو انہوں نے کہا، تیرے لئے افسوس ہے ، تجھے کیا ہوگیاکہ تو اس شخص کے سر کو چومنے لگ گیا اور اس کے ہاتھ پاؤں کے بوسے لینے لگا؟۔۔۔۔ غلام نے جواب دیا، ’’اے میرے سردار!اس ہستی سے بڑھ کر دنیا میں کوئی شخص نہیں ہے۔ انہوں نے مجھے ایک ایسے امر کی خبر دی ہے کہ جسے صرف نبی ہی جانتا ہے ۔
( الوفاء باحوال المصطفٰی صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ ، ص۲۶۲)
( 11) انصاری صحابہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ پر انفرادی کوشش
نبی اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا مبارک معمول تھا کہ موسمِ حج میں مکہ مکرمہ آنے والے مختلف قبائل کے ہاں یکے بعد دیگرے تشریف لے جاتے۔ایک روز آپ عقبہ کے پاس تھے کہ آپ کی ملاقات ، قبیلہ خزرج کے ایک گروہ سے ہوئی ۔ یہ قبیلے والے اپنے آباؤاجدادسے سنتے رہے تھے کہ بنی غالب میں سے عنقریب ایک نبی آخر الزمان کا ظہور ہوگا ۔نیز اس گروہ والے یہود سے سنا کرتے تھے کہ نبی آخر الزمان صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا زمانِ ظہور قریب آچکا ہے ۔
رسول اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ان سے دریافت فرمایا ، ’’تم کون ہو؟۔۔۔۔ انہوں نے عرض کی ، ہم قبیلہ خزرج سے تعلق رکھتے ہیں ۔ آپ نے ارشادفرمایا، کیا کچھ دیر بیٹھوگے نہیں ، میں تم سے کچھ بات چیت کرناچاہتا ہوں ؟‘‘ انہوں نے عرض کی ، ’’کیوں نہیں !۔۔۔۔
آپ نے انہیں اللہ تبارک وتعالیٰ کی طرف دعوت دی اور ان پر دین ِ اسلام پیش کیا ، قرآن مجید فرقانِ حمید کی تلاوت فرمائی ۔
جب رسول اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے اپنی دعوت مکمل فرمائی ، تو انہوں نے آپس میں ایک دوسرے کو کہا، ’’ بخدا! یہ وہی نبی ہیں ، جن کے ظہور کی یہود تمہیں خبر دیا کرتے تھے۔اب فوراًان کی اتباع کا شرف حاصل کرلو، کہیں ایسانہ ہوکہ وہ تم سے ایمان واسلام میں سبقت لے جائیں ۔‘‘
چنانچہ انہوں نے آپ کی دعوت کو قبول کیااور دولت ِ ایمان واسلام سے مالا مال ہو کر اپنے گھروں کی طرف لوٹے ۔ یہ گروہ چھ آدمیوں پر مشتمل تھا، جن کے اسمائے مبارکہ یہ ہیں ۔
(۱) اسعد بن زراہ ۔(۲) عوف بن عفرائ۔ (۳) رافع بن مالک ۔ (۴) قطبہ بن عامر۔(۵) عقبہ بن عامر۔(۶) جابر بن عبداللہ ۔
جب یہ گروہ اپنی قوم کے پاس ، مدینہ منورہ تشریف لایا، توان کے سامنے بھی رسول اکرم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کا ذکر کیا اور انہیں دعوتِ اسلام دی، حتی کہ اسلام پوری قوم کے اندر
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع