30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
چل کر جانے کا ثواب ، علم کی محفل میں شرکت کا ثواب ، اپنی آخرت کے بارے میں غوروتفکر اور دعامانگنے کا موقع میسر آتا ہے تو ہمیں چاہئے کہ بھر پور کوشش کر کے اس سنتوں بھرے اجتماع میں ضرور شریک ہوا کریں ایسا نہ ہو کہ ذرا سی سستی ہمیں فوائد سے محروم کروا دے ۔
یاسر بھائی : ہاں واقعی ! آپ درست فرما رہے ہیں ، اب میں ہر جمعرات فیضان مدینہ میں ہونے والے ہفتہ وار اجتماع میں شریک ہوا کروں گا ۔ اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ
شاہد رضا عطاری : (خوشی کا اظہار کرتے ہوئے )مَا شَآءَاللہ ! اللہ تَعَالٰی آپ کو اس نیک ارادے میں کامیابی عطا فرمائے ۔(آمین )
یاسر بھائی : بس جناب آپ میرے حق میں دعا کرتے رہا کریں ۔
شاہد رضا عطاری : اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ !(کچھ توقف کرنے کے بعد اسے مخاطب کرتے ہوئے یوں کہے) اس حقیقت سے کسی مسلمان کو انکار نہیں ہوسکتا کہ مختصر سی زندگی کے ایام گزارنے کے بعدہر ایک کو اپنے پروردگار عَزَّ وَجَلَّ کی بارگاہ میں حاضر ہوکر تمام اعمال کا حساب دینا ہے۔ہر ایک کی حاضری کا انداز مختلف ہوگا ، کوئی گرمی کی وجہ سے اپنے پسینے میں ڈبکیاں کھا رہا ہو گا اور کسی کو اپنی ذلت ورسوائی کا خوف اپنی لپیٹ میں لئے ہوئے ہو گا ، کسی کی کمر بھوک کی وجہ سے جھک چکی ہوگی تو کوئی پیاس کے مارے بلبلا رہا ہوگا ، کسی کا رنگ جہنم کو دیکھ کر زرد پڑ گیا ہوگا تو کوئی جنت سے محرومی کی بناء پر اشک ِ ندامت بہا رہا ہو گا لیکن اس کے برعکس کچھ خوش نصیب ایسے بھی ہوں گے جنہیں اس دن نہ تو کوئی خوف ہوگا اور نہ کوئی غم ، وہ عرش کے سائے میں ہوں گے ، انہیں سیدھے ہاتھ میں اعمال نامہ دیا جائے گا ، حوضِ کوثر سے چھلکتے ہوئے جام پینے کو ملیں گے ، پل صراط سے بجلی کی سی تیزی سے گزر جائیں گے اور انہیں جنت میں داخلہ نصیب ہوگا ۔ یقینا پہلا گروہ ان لوگوں کا ہوگا جنہوں نے اپنی زندگی اللہ تَعَالٰی کی نافرمانی میں بسر کی ہو گی ، جبکہ دوسرا گروہ ان بندوں کا ہوگا جن کی زندگی اللہ عَزَّ وَجَلَّ اور اس کے رسول صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی اطاعت میں گزری ہوگی ۔
پیارے بھائی!اگر ہم میدان ِ محشر کی پریشانی سے بچنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی مختصر سی زندگی اس طرح سے گزارنی چاہیے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ہم سے راضی ہوجائے ۔ اس مقصد کو پانے کے لئے علمِ دین کی حاجت ہے اور علمِ دین کے حصول کے لئے بہترین ذریعہ راہِ خدا عَزَّ وَجَلَّ میں سفر کرنے والے عاشقانِ رسول صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے مدنی قافلوں میں سفر کرنا بھی ہے ۔اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ ! دعوت ِ اسلامی کے سنتوں کی تربیت کے مدنی قافلے 3دن ، 12 دن ، 30 دن اور 12 ماہ کے لئے راہِ خدا عَزَّ وَجَلَّ میں سفر کی سعادت حاصل کرتے رہتے ہیں ۔ ان مدنی قافلوں کی برکت سے پنج وقتہ نماز کی پابندی کے ساتھ ساتھ پیارے آقا صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی سنتیں بھی سیکھنے کو ملتی ہیں اور علمِ دین کے لئے سفر کا ثواب الگ سے حاصل ہوتا ہے جیسا کہ حضرتِ ابودَرْدَاء رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کو فرماتے ہوئے سناکہ، ’’جو علم کی تلاش میں کسی راستے پر چلتاہے تواللہ تَعَالٰی اس کے لئے جنت کا راستہ آسان فرمادیتاہے اور بے شک فرشتے طالب علم کے عمل سے خوش ہوکر اس کے لئے اپنے پر بچھا دیتے ہیں اور بے شک زمین وآسمان میں رہنے والے یہاں تک کہ پانی میں مچھلیاں عالم دین کے لئے استغفار کرتی ہیں اور عالم کی عابد پر فضیلت ایسی ہے جیسی چودھویں رات کے چاند کی دیگر ستاروں پر اور بے شک علماء وارث ِانبیا ء علیہم السلام ہیں بیشک انبیاء علیہم السلام درہم ودینار کا وارث نہیں بناتے بلکہ یہ نفوس ِ قدسیہ علیہم السلام تو صرف علم کا وارث بناتے ہیں تو جس نے اسے حاصل کرلیا اس نے بڑا حصہ پالیا ۔ ‘‘ (سنن ابن ماجہ ، کتاب السنۃ ، ج۱، ص۱۴۵، رقم الحدیث : ۲۲۳ )
اس کے علاوہ جب ہم اپنی روزمرہ کی دنیاوی مصروفیات ترک کرکے اپنے گھر والوں اوردوستوں کی صحبت چھوڑ کران قافلوں میں سفر کریں گے تو ان قافلوں میں سفر کے دوران ہمیں اپنے طرزِزندگی پر دیانت دارانہ غوروفکر کا موقع میسر آئے گا ، اپنی آخرت کو بہتر سے بہتر بنانے کی خواہش دل میں پیدا ہوگی، جس کے نتیجے میں اب تک کئے جانے والے گناہوں کے ارتکاب پر ندامت محسوس ہوگی اور توبہ کی توفیق ملے گی ۔
ان قافلوں میں مسلسل سفر کرنے کے نتیجے میں فحش کلامی اور فضول گوئی کی جگہ زبان سے درود ِ پاک جاری ہوجائے گا ، یہ تلاوت قرآن ، حمد ِ الٰہی اور نعت ِرسول صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی عادی بن جائے گی ، دنیا کی محبت سے ڈوبا ہوا دل آخرت کی بہتری کے لئے بے چین ہوجائے گا ، اغیار کی وضع قطع پر اِترانے والا جسم اپنے پیارے آقا صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی سنتوں کا آئینہ دار بن جائے گا ، غیروں کے طریقوں کو چھوڑ کر اسلاف ِ کرام رحمھم اللہ کے نقش ِ قدم پر چلنے کی تڑپ نصیب ہوگی ، یورپی ممالک کی رنگینیوں کو دیکھنے کی خواہش دم توڑ دے گی اور مکۃ المکرمہ ومدینۃ المنورہ کے مقدس سفر کی دیوانگی نصیب ہوگی ، وقت کی دولت کو محض دنیا کمانے کے لئے صرف کرنے کی بجائے اپنی آخرت کے بہتری کے لئے خدمت ِ دین میں صرف کرنے کا شعور نصیب ہوگا ۔
اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ
یاسر بھائی !میر ی آپ سے التجاء ہے کہ آپ بھی راہ ِ خدا عَزَّ وَجَلَّ میں سفر کرنے والے عاشقان ِ رسول صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کے مدنی قافلے میں سفر کریں ۔
یاسر بھائی : یہ تو میرے لئے بہت مشکل ہے ۔
شاہد رضا عطاری : پیارے بھائی مشکل ہے ناممکن تو نہیں ، ذرا سی کوشش کرکے اس مشکل کو بھی آسان کیا جاسکتا ہے ، اسی ہفتہ کو سرکاری چھٹی ہے اور اتوار کے دن پہلے ہی تعطیل ہوتی ہے آپ کو صرف ایک دن یعنی جمعہ کی چھٹی کرنا پڑے گی اور آپ اسی ہفتے تین دن راہِ خدا عَزَّ وَجَلَّ میں سفر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے ۔
یاسر بھائی : آپ کی بات سمجھ میں تو آتی ہے ۔
شاہد رضا عطاری : یاسر بھائی ! پھر دیر کس بات کی ہے ؟ آپ ابھی سے مدنی قافلے میں سفر کی نیت کر لیجئے ۔
یاسر بھائی : نہ بابا نہ ! میں کم از کم ابھی نیت نہیں کروں گا کیا معلوم میں کسی وجہ سے نہ جا سکوں ؟اور گناہ گار ہوجاؤں ۔
شاہد رضا عطاری : پیارے بھائی ! گھبرانے کی ضرورت نہیں ، نیت کا مطلب ہے دل میں کسی کام کا پختہ ارادہ کرنا ، اگر ہم کسی کام کا ارادہ کر یں اور پھر کسی مجبوری کی بناء پر نہ کرسکیں تو ہم گناہ گار نہیں ہوں گے ۔ ابھی سے راہِ خدا میں سفر کرنے کی نیت کا ثواب ملنا شروع ہوجائے گا۔ اِنْ شَآءَاللہ عَزَّ وَجَلَّ
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع