30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
حضرتِ سیِّدُنااَبُوْہُرَیْرَہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ نبیٔ کریم صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّمْ نے حضرتِ سیِّدنا بلال رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے فرمایا:مجھے اپنے اسلام میں کئے گئے سب سے زیادہ اُمّید دلانے والے عمل کے بارے میں بتاؤ، کیونکہ میں نے جنّت میں اپنے آگے تمہارے جوتوں کی آواز سُنی ہے۔انہوں نے عرض کیا: میں نے اتنا اُمّید دلانے والا عمل تو کوئی نہیں کیا البتہ میں دن اور رات کی جس گھڑی میں بھی وضو کرتا ہوں تو جتنی رکعتیں ہوسکتی ہیں نَماز ادا کرلیتا ہوں ۔ ([1])
اَمِیْرُ الْمُؤمِنِیْن حضرتِ سیِّدُنا عثمانِ غنیرَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ ایک مرتبہ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے وضو کیا پھرفرمایاکہ میں نے نبیٔ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کو اِسی طرح وضو کرتے ہو ئے دیکھا ،پھر آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا :جو میری طرح وضو کرے پھر دو رکعتیں پڑھے اور ان میں کوئی غلطی نہ کرے تو اس کے پچھلے گناہ معاف کر دئیے جائیں گے۔ ([2])
حضرتِ سیِّدُنااَبُودَرْدَاء رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا کہ میں نے رسولِ کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم کو فرماتے ہوئے سُنا:جس نے اَحسن طریقے سے وضو کیا پھر اُٹھ کر دو یا چار رَکعتیں پڑھیں اور ان کے رکوع و سجود، خشوع کے ساتھ ادا کیے پھر اللہ عَزَّوَجَلَّ سے مغفر ت طلب کی تو اللہ عَزَّوَجَلَّ اس کی مغفرت فرما دے گا۔ ([3])
حضرتِ سیِّدُنااَبُوقتادہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ حضورِ اقدس صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:جو شخص مسجد میں داخل ہو، بیٹھنے سے پہلے دو رَکعت پڑھ لے۔ ([4])
جوشخص مسجد میں آئے اُسے دو رَکعت نماز پڑھنا سُنَّت ہے بلکہ بہتر یہ ہے کہ چار پڑھے، اگر ایسے وقت مسجد میں آیا جس میں نفل نماز مکروہ ہے مثلاً بعد طلوعِ فجر یا بعد نمازِ عصر تو وہ تَحِیَّۃُ الْمَسْجِد نہ پڑھے بلکہ تَسْبِیْح وتَہْلِیْل ودُرُود شریف میں مشغول ہو، حقِ مسجد ادا ہو جائے گا۔ ([5])
تَہَجُّد اور رات میں نماز پڑھنے کا ثواب
حضرتِ سیِّدُنااَبُوْہُرَیْرَہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ نبیٔ اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : رمضان کے بعد سب سے افضل روزے اللہ عَزَّوَجَلَّ کے مہینے محرم کے ہیں اور فرض نمازکے بعد سب سے افضل نماز رات میں پڑھی جانے والی نمازہے۔ ([6])
حضرتِ سیِّدُنااَبُوْہُرَیْرَہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے کہ نبیِ مُکَرَّم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : جب تم میں سے کوئی شخص سوجاتاہے تو شیطان اس کے سرکے پچھلے حصے پرتین گِرہیں لگا دیتا ہے ،وہ ہر گِرہ پر کہتا ہے کہ لمبی تان کے سو جا، ابھی تو بہت رات باقی ہے۔ جب وہ شخص بیدار ہو کر اللہ عَزَّوَجَلَّ کا ذِکر کرتاہے تو ایک گِرہ کھل جاتی ہے پھر اگر وہ وضو کرے تو دوسری گِرہ کھل جاتی ہے اور اگر نماز ادا کرے تو تیسری بھی کھل جاتی ہے اور وہ شخص تازہ دم ہوکر صبح کرتاہے، بصورتِ دیگر تھکا ماندہ سست ہوکر صبح کرتاہے۔ ایک روایت میں یہ اضافہ ہے: تو وہ تازہ دم ہو کر صبح کرتاہے اور خیر کو پالیتا ہے بصورتِ دیگر تھکا ماندہ صبح کرتاہے اور خیر کو نہیں پاتا،جبکہ ایک روایت میں ہے: لہٰذا شیطان کی گانٹھوں کو کھول لیاکرو اگر چہ دو رَکعتوں کے ذریعے ہی سے ہو۔ ([7])
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع