30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
شادی و اولاد
مولانا عبید رضا قادری مرحوم کی شادی ایک مذہبی گھرانے میں ہوئی۔ اللہ پاک نے انہیں دو بیٹیوں سے نوازا۔ آپ کا رویہ گھر میں نرم اور تربیت والا تھا۔ اہلِ خانہ کو صبر و شکر اور خودداری کی تلقین کیا کرتے تھے۔ گھر والے بھی گھریلو کسب کے ذریعے ان کے ساتھ گھر گرستی کے معاملات میں مدد کرتے۔
بیماری و وفات
مولانا عبید رضا مرحوم وفات سے تقریباً ایک ہفتہ قبل بیمار ہو گئے، جس کے باعث وہ المدینۃ العلمیہ حاضر نہ ہو سکے۔ بعد ازاں طبیعت سنبھل گئی، مگر دو دن بعد اچانک سینے کے وسط میں ہلکا سا درد محسوس ہوا، نیز کانوں کے نیچے، کہنیوں اور کندھوں میں کھچاؤ کی کیفیت پیدا ہوئی۔ اس پر انہوں نے مرکزی جامعۃ المدینہ فیضانِ مدینہ کراچی کے مدرس اور المدینۃ العلمیہ کے ریسرچر، عزیزی حکیم مولانا سید سجاد حسین شاہ عطاری مدنی صاحب سے رابطہ کیا، جنہوں نے ای۔ سی۔ جی کروانے کا مشورہ دیا۔ جب ای۔ سی۔ جی کروائی گئی تو دل کی رپورٹ درست آئی۔ مزید اطمینان کے لیے دو تین مقامات پر دوبارہ معائنہ کروایا گیا، وہاں سے بھی رپورٹس نارمل قرار پائیں۔ بعد ازاں 28 ربیع الآخر 1447ھ مطابق 21 اکتوبر 2025ء بروزِ منگل جب صبح بیدار ہوئے تو اچانک بلڈ پریشر کا مسئلہ در پیش ہوا اور ہسپتال جانے سے پہلے ہی وفات پاگئے۔ آپ کی عمر محض 32 سال تھی۔ ایسا لگتا ہے جیسے ایک خوشبو دار پھول بچھڑ گیا ہو، ایک چراغ بجھ گیا ہو۔