30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں
بیعت کا ثبوت
اے عاشقانِ صحابہ و اہلِ بیت!بیعتِ رضوان کے اِس واقعے سے معلوم ہوتاہے کہ اللہ پاک کے پیارے پیارے آخری نبی ، مکی مَدَنی ، محمدِ عربی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم اللہ پاک کی عطاسے غیب جانتے تھے کہ حضرتِ عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ شہید نہیں کئے گئے نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ حضرتِ عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ اللہ پاک کے پیارے محبوب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم سے بے اِنتہا پیار کرتے تھے جبھی تو آپ نے اپنے آقا ومولیٰ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے بغیر خانۂ کعبہ کا طواف کرنے سے انکارفرمادیا۔ حضرت مفتی احمدیار خان رحمۃُ اللہ علیہ فرماتے ہیں : گویا یہ بیعت رِضا ئےالٰہی کا تَمْغَہ ملنے کا ذریعہ تھی۔ حضورِ انور ( صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ) نے لوگوں سے اسلام پر بھی بیعت لی ہے نیک اعمال کرنے پر بھی اور گناہوں سے بچنے پربھی کسی سے سوال نہ کرنے پربھی اورکسی خاص عمل پر بھی ، یہ بیعتیں موجودہ مُروَّجہ بیعتوں کی اَصل ہیں جو اولیاءُ اللہ ( رحمۃُ اللہ علیہم ) سے کی جاتی ہیں۔ (مرآۃ المناجیح ، 8 / 397)
امیرِاہل ِسنت سے نسبت کی برکت
پیارےپیارے اسلامی بھائیو! اللہ پاک کے نیک بندوں اوراولیاء کرام( رحمۃُ اللہ علیہم ) سے شروع سےہی بیعت کا سلسلہ چلا آرہا ہے ، اَلحمدُ لِلّٰہ !ہماری خوش قسمتی ہے کہ اِس گناہوں بھرے دَور میں اللہ پاک کی رحمت اوراُس کے پیارے نبی صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کے صدقے سے ہمیں عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کا دینی ماحول نصیب ہوا۔ بانیِ دعوتِ اسلامی حضرتِ علامہ مولا نا ابوبلال محمدالیاس عطار قادری رضوی دامت بَرَکاتُہمُ العالیہ دعوتِ اسلامی کے بانی ہونے کے ساتھ ساتھ شریعت وطریقت کے کامل پیرو مرشد ہیں ، اَلحمدُ لِلّٰہ ! آپ کو چاروں سلسلوں (قادریہ ، چشتیہ ، سُہروَردیہ اور نقشبندیہ)سمیت مختلف بزرگوں سے کئی اور بھی سلسلوں کی اجازتیں اورخلافتیں حاصل ہیں ، مگر آپ اپنے ذریعے سیدی حضورِ غوثِ پاک شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃُ اللہ علیہ کامُرید بناتے ہیں ، جیسے غوثِ پاک تمام پیروں کے پیر ہیں ایسے ہی آپ کا سلسلہ ٔ قادریہ دیگر تمام سلسلوں پر فضیلت رکھتا ہے ۔ وہ عاشقانِ اولیا جو اَب تک کسی پیرِ کامل کے مُرید نہیں ، میرا اُنہیں مدنی مشورہ ہے کہ ایمان کی حفاظت ، نیکیاں کرنے اور گناہوں سے بچنے کا ذہن پانے کےلئے امیرِاہلِ سنّت کے ذریعے پیرانِ پیر ، پیرِ دستگیر سیدی حضورِ غوثِ اعظم رحمۃُ اللہ علیہ کے مُرید بن کردعوتِ اسلامی کے ماحول سے وابستہ ہوجائیں ، امیرِاہلِ سنّت سے نسبت کی کیسی کیسی برکتیں حاصل ہوتی ہیں آپ کو شوق دِلانے کے لئے ایک مدنی بہار پیش کرتاہوں : کراچی(پاکستان) کے علاقے نیا آباد کی اسلامی بہن کا کہنا ہے کہ اُن کی رقم پھنس گئی اوراِس وجہ سے گھر کے اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ، بالآخر غربت کے وہ دِن آگئے کہ ہاتھ بالکل خالی ہوگئے اور گھر کا رَاشن خرید نے کی بھی طاقت نہ رہی ، فاقوں سے تنگ آکر سر چھپانے کا ٹھکانہ اپنا گھربیچ دیا ، وہ اسلامی بہن کہتی ہیں کہ میں نے اللہ پاک کی بارگاہ میں اس مصیبت سے نجات کی دعائیں مانگیں ، اَلحمدُ لِلّٰہ ! غموں کی شام ڈھلنے لگی اوردُعاؤں کا اَثر ظاہر ہونے لگا ، ہواکچھ یوں کہ وہ ولیِ کامل امیرِاہلِ سُنّت کی مرید بن گئیں ، سلسلۂ عطاریہ کے ساتھ ساتھ حضورِ غوثِ پاک رحمۃُ اللہ علیہ کا فیضان اِس طرح ملنا شروع ہواکہ اُنہوں نے امیرِاہلِ سنت کا شجرہ عطاریہ قادریہ پڑھنا شروع کردیا ، اَلحمدُ لِلّٰہ ! اِس کی برکتیں ظاہر ہونے لگیں اورایک ایک کرکےاُن کی پریشانیاں حل ہوتی گئیں اور اُن کی ڈوبی ہوئی رقم بھی واپس مل گئی ۔ اُنہوں نے مدرسۃُ المدینہ بالغات میں داخلہ لے لیااورقرآنِ کریم دُرست پڑھنے ، سیکھنےکی سعادت حاصل ہوئی۔ (اداکاری کا شوق کیسے ختم ہوا ، ص27) اللہ پاک کی امیرِاہلِ سنّت پر رَحمت ہو اور ان کے صدقے ہماری بے حسا ب مغفِرت ہو۔ اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ۔
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب صَلَّی اللهُ علٰی مُحَمَّد
وفات شریف
حضرتِ عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ بارہ سال خلافت فرماکر 18ذوالحجۃ الحرام سِن35 ہجری میں بروز جمعہ روزے کی حالت میں تقریبا 82سال کی عمرمبارک پاکر نہایت مظلومیت کے ساتھ شہیدکئے گئے۔ شہادت کے بعد حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے رحمتِ عالم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو خواب میں فرماتے سنا : بے شک عثمان کو جنَّت میں عا لی شان دولہا بنایا گیا ہے۔ (ریاض النضرۃ ، 3 / 73 ، 76) اللہ پاک کی ان سب پر رَحمت ہو اور اُن کے صَدقے ہماری بے حساب مغفِرت ہو۔ اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم ۔
ملی تقدیر سے مجھ کو صَحابہ کی ثنا خوانی مِلا ہے فیضِ عثمانی مِلا ہے فیضِ عثمانی
(وسائلِ بخشش ، ص 584)
حساب نہ لینا
ایک روایت میں ہے کہ اللہ پاک کے پیارے حبیب صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نےاپنے رب سے دُعا کی : مولیٰ! میرا عثمان بڑا ہی شرمیلا ہے ، تُوکل قیامت میں اِس کا حساب نہ لینا کہ وہ شرم و حیا کی وجہ سے تیرے سامنے کھڑے ہوکر حساب نہ دے سکے گا۔ (مرآۃ المناجیح ، 8 / 393 ، مرقاۃ ، 10 / 432 ، تحت الحدیث : 6070 ملتقطا)
بِلا حساب ہو جنّت میں داخِلہ یارب پڑوس خُلد میں سرور کا ہو عطا یارب
(وسائلِ بخشش ، ص 82)
صَلُّوا عَلَی الْحَبِیب صَلَّی اللهُ علٰی مُحَمَّد
نوٹ : حضرتِ عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ کی مبارک سیرت کے حوالے سے مزید پڑھنےکےلئے امیرِاہلِ سنت کا رسالہ “ کراماتِ عثمانِ غنی “ رضی اللہ عنہ پڑھئے۔ یہ رسالہ دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے فری ڈاؤن لوڈ بھی کیا جاسکتاہے۔
کتاب کا موضوع
کتاب کا موضوع