دعوت اسلامی کی دینی خدمات دیگر ممالک میں بھی دیکھئے
ہسٹری

مخصوص سرچ

30 سے زائد لینگوئجز میں 5000 سے زائد اسلامی کتب کا خزانہ آن لائن پڑھیں اور ڈاؤن لوڈ کریں

Hayat e Imam ul Muhaddiseen | حیات امام المحدثین

book_icon
حیات امام المحدثین
            

شجرہ سلسلہ چشتیہ صابریہ نثاریہ

یا الٰہی رحم کر محبوبِ یزداں کے لیے عشق ختم المرسلین دے اہل ایماں کے لیے زندگی اور موت ہو تیری رضا کے واسطے دولت ِ ایمان عطا کر شاہِ مرداں کے لیے وہ نگاہِ دوربیں دے، آئے وحدت ہی نظر شہ حسن بصری و واحدِ پاک داماں کے لیے ہو ضیائے دینِ ابراہیم سے روشن جہاں شہ فضیل وخواجہ ابراہیم سلطاں کے لیے بدر تاباں و ہبیرہ و علو کے واسطے اور ابو اسحاق مہر چرخ عرفاں کے لیے تیری ہی حمد و ثنا میں زندگی ہو جائے ختم حضرت ابو احمد، ابو محمد، فخر انساں کے لیے شاہ ناصر و قطب و زندانی و عثماں کے طفیل فتح و نصرت کے ہوں پھر ساماں مسلماں کے لیے معرفت کے نور سے تاریکیٔ دل دور کر شہ معین الدین چشتی ہند و سلطاں کے لیے بخت خوابیدہ مسلمانوں کا پھر بیدار ہو بختیار و شہ فرید الدین پاکاں کے لیے شہ علاؤ الدین صابر، شمس دیں کے واسطے دولت دارین دے مجھ تنگِ داماں کے لیے از پئے خواجہ جلال و نور احمد کے طفیل دے جلال و نور، حفظِ دین و ایماں کے لیے راہِ حق میں ڈگمگا جائے نہ عاصی کا قدم عبد حق و خواجہ نورِ ایقاں کے لئے واسطہ خواجہ محمد اور شہ عبد القدوس کا مشکلیں آسان فرما ہر مسلماں کے لیے واسطہ خواجہ جلال الدین، نظام الدین کا کر مسلماں کو مسلماں نظم و امکاں کے لیے بو سعید و شہ ابراہیم محمد کے طفیل کر عطا تبلیغ کا جذبہ مسلماں کے لیے یوسفِ بے کارواں ہوں، دے صراطِ مستقیم یوسف و خواجہ سلیم الدین ذیشاں کے لیے بندۂ عاصی و خاطی ہوں، دِکھا نورُ الہدیٰ خواجۂ نورُ الہٰدی و عبدِ رحمٰن کے لیے بخش دے یا رب کہ شرمندہ گناہوں سے ہوں میں حضرتِ خواجہ خدا بخش خداداں کے لیے(1) ہوں محمد پر فدا یا رب علی پر ہوں نثار شہ نثار با علی پاک داماں کے لیے دین و دنیا کی مصیبت یا الٰہی سر سے ٹال حضرت سید دیدار(2)خضر عرفاں کے لیے دین اور دنیا میں ہم کو شاد رکھ، آباد رکھ کر عطا حسن و عمل تزئین ایماں کے لیے(3)

مختصرتذکرہ مشائخ سلسلہ چشتیہ صابریہ

خاتم المرسلین صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور امام المحدثین کے درمیان اس سلسلے کے چار بزرگانِ دین کا تذکرہ گزشتہ صفحات میں ہو چکا ہے یعنی شاہِ مرداں حضرت علی المرتضی شیرخدا، امامُ الاولیاء حضرت حسن بصری، حضرت خواجہ غلام رسول لکھنوی اور میاں صاحب حضرت مولانا پیرسید نثارعلی رضوی قادری چشتی کا تذکرہ گزشتہ صفحات میں بیان ہو چکا ہے۔ اس سلسلہ طریقت کے باقی بزرگوں کا مختصر تعارف پیشِ خدمت ہے:

عبد الواحد بن زید بصری

شیخ العُبادحضرت امام عبد الواحد بن زید بصری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت بصرہ میں ہوئی،آپ کی کنیت ابوعبیدہ اور ابو الفضل ہے،آپ نے حضرت حسن بصری،حضرت عطا بن ابی رباح اور امام اعظم رحمۃ اللہ علیہم جیسے اکابرین کی صحبت پائی، آپ راوی حدیث، بہترین خطیب اور پیر طریقت تھے، آپ عابد و زاہد، کثیر المجاہدات، مستجاب الدعوات اور صائم الدہر و قائم اللیل تھے۔آپ کا وصال 27صفر177ھ ہوااورتدفین بصرہ یا جنۃ المعلیٰ مکہ مکرمہ میں ہوئی۔(4)

فضیل بن عیاض

سلسلۂ چشتیہ کے چشم وچراغ،شیخ الحرم حضرت فضیل بن عیاض خراسانی مکی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت سمرقند یا خراسان میں اور وفات مکّہ میں 10محرم 187ھ کو ہوئی۔ آپ شیخ الاسلام، استاذُ الائمہ، تفسیر وحدیث کے امام، رقِیقُ القلب(نرم دل)،ضرب المثل تقویٰ کے مالک اور درجہ ابدال پر فائز ولیِ کامل تھے۔(5)

ابراہیم بن ادہم

سلطانُ التارکین حضرت ابراہیم بن ادہم کی ولادت مکہ مکرمہ میں ہوئی۔ آپ تبعِ تابعی، کئی عُلوم کے جامع، سیدالعُرَفاء، عظیم ولی اللہ اورعظیم المرتبت شخصیّت کے مالک تھے۔ 26 جمادی الاولی 162ھ کو وصال فرمایا، مزار دِمشق شام میں حضرت لوط علیہ السلام کے مزارِ پُرانوار کے قریب زیارت گاہِ خواص و عوام ہے۔(6)

سدید الدین مرعشی

بدرِ تاباں حضرت سدید الدین حذیفہ بن قتادہ مرعشی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت مرعش(صوبہ قہرمان، ترکی) میں ہوئی اور یہیں 24شوال 252ھ کو وصال فرمایا،آپ تبع تابعی،عالم وفقیہ،عبادت گزار،متواضع،نابغہ عصر، حلیم الطبع اورولی کامل تھے،آپ نے حضرت سفیان ثوری اورحضرت ابراہیم بن ادھم کی صحبت پائی اور آخر الذکر سے خلافت حاصل کی، حضرت یوسف بن اسباط رحمۃ اللہ علیہ آپ کے رفیق اور حضرت ابو ہبیرہ بصری رحمۃ اللہ علیہ خلیفہ ہیں۔(7)

امین الدین: ابو ہبیرہ بصری

غوثِ دوراں حضرت ابو ہبیرہ امین الدین بصری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت بصرہ میں 167ھ میں ہوئی اور یہیں 120 سال کی عمرمیں 7شوال 287ھ کو وفات پائی،آپ حافظ قرآن،عالم دین،صوفی باصفا، کثیر المجاہدات اورطویل العمرتھے۔کشف وکرامات اورخوارق عادات میں مشہورتھے۔تلاوت قرآن اورنفلی روزے رکھنے میں کثرت فرمایا کرتے تھے۔(8)

کریم الدین ممشاد علو دینوری

قطب الابدال حضرت کریم الدین ممشاد علو دینوری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت دینور(صوبہ کرمان شاہ، ایران) میں ہوئی اور14محرم298ھ کو بغدادمیں ہوئی۔آپ حافظ قرآن، علوم ظاہری وباطنی کے جامع،جواد و سخی اور صاحب کرامت و مجاہدہ تھے۔آپ کو حضرت خواجہ معروف کرخی سے بھی خلافت حاصل تھی۔(9)

شرف الدّین: ابو اسحاق شامی علوی

خواجۂ چشت حضرت خواجہ ابو اسحاق شرف الدّین شامی علوی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت عکّہ شام میں ہوئی (اب یہ فلسطینی شہر ہے) ۔ یہیں آپ نے 14 ربیعُ الآخِر343ھ کو وصال فرمایا، مزارشریف بھی یہیں ہے۔ آپ علومِ ظاہری و باطنی کے جامع، زُہد و تقویٰ میں مشہور، صاحبِ کرامت اور سلسلۂ چشتیہ کے اہم ترین شیخ ہیں۔(10)

ابو احمد ابدال حسنی

امام الابدال حضرت خواجہ قدوۃ الدین ابو احمد ابدال حسنی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 26رمضان 260ھ کو چشت کے ایک معززسیدگھرانے میں ہوئی اور یہیں 95سال کی عمرمیں جمادی الاخریٰ 355ھ کو وفات پائی، مزار مبارک چشت میں ہے،آپ بیس سال کی عمرمیں تصوف کی جانب متوجہ ہوئے اورمسندقطبیت پر فائز ہو گئے آپ کی کرامات کثیرہیں۔(11)

ابو محمد ابدال حسنی

امام برحق حضرت ناصح الدین ابو محمد ابدال حسنی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت چشت میں 10محرم 331ھ اور وفات بھی یہیں 3ربیع الاول 411ھ میں ہوئی،آپ مادر زاد ولی، کثیر الفیض اور جہاد ہند میں عملی طور پر حصہ لینے والوں سے تھے،سلطان محمودغزنوی آپ کا معتقدتھا۔(12)

ابو یوسف حسینی

قطب الاقطاب حضرت خواجہ ناصر الدین ابو یوسف حسینی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 362ھ کو چشت میں ہوئی اوریہیں 3رجب 459ھ کو 97سال کی عمرمیں وفات پائی۔آپ نجیب الطرفین،حافظ القرآن اورمحب الفقراء تھے۔آپ سے کثیرکرامات کا صدورہوا۔(13)

قطب الدّین مودود چشتی

شمسُ الصوفیاء حضرت خواجہ سید قطب الدّین مودود چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 430ھ کو ضلع چشت افغانستان میں ہوئی اوریہیں یکم رجب 537 ھ کو وصال فرمایا۔ مزار دعاؤں کی قبولیت کا مقام ہے۔ آپ سلسلۂ عالیہ چشتیہ کے عظیم المرتبت شیخ، علم و تقویٰ کے جامع، قطبِ وقت، صاحبِ تصنیف اور اکابر اولیا سے ہیں۔ منہاجُ العارفین آپ کی کتاب ہے۔(14)

نیرالدین زندانی

مخدوم ملت حضرت خواجہ نیرالدین حاجی شریف زندانی کی پیدائش 492ھ کو زندنہ نزد بخارا (ازبکستان) میں ہوئی اور 10رجب 612ھ میں وصال ہوا،ایک روایت کے مطابق آپ کا وصال قنوج(یوپی) ہند میں ہوا، مزار برلب دریا ہے۔آپ جلیل القدر ولی کامل اور علم لدنی سے مالامال تھے،فقرا ومساکین سے محبت کرتے اور ان کی مدد کرنے میں بھرپور سعی کیا کرتے تھے۔(15)

عثمان ہارونی

مرشدِ خواجہ غریب نواز، حضرت خواجہ سید عثمان ہارونی چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت موضع ہارون نزد نیشاپور (خراسانِ رضوی) ایران میں500ھ کو ہوئی۔ 5 شوَّالُ المکرم 617ھ کو وصال فرمایا، تدفین جنت المعلیٰ مکۃ المکرَّمہ میں ہوئی۔ آپ باعمل عالمِ دین، شیخِ طریقت اور خاندانِ سادات کے چشم و چراغ تھے۔ انیسُ الارواح آپ کے ملفوظات کا مجموعہ ہے۔(16)

غریب نواز معین الدین سجزی

سلطان الہند، حضرت خواجہ غریب نواز معین الدین سید حسن سجزی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت537ھ میں سجستان (موضع سجز) ایران میں ہوئی۔ سلسلۂ عالیہ چشتیہ کے عظیم المرتبت شیخ، نجیبُ الطرفین سید، صاحبِ دیوان شاعر اور مشہور ترین ولی اللہ ہیں۔ لاکھوں کفّار آپ کے دستِ اقدس پر اسلام لائے۔ 6 رجب 627ھ کووصال فرمایا، مزارمبارَک اجمیر شریف (راجستھان) ہند میں دُعاؤں کی قبولیت کا مقام ہے۔(17)

قطب الدّین بختیار کاکی

قطب الاقطاب حضرت خواجہ سید قطب الدّین بختیار کاکی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 582ھ میں شہر اُوش (فرعانہ، کرغیزستان،Kyrgyzstan) میں ہوئی اور14 ربیعُ الاول 633 ھ کودہلی میں وصال فرمایا، آپ کا مزار مہرولی پرانی دہلی میں ہے۔ آپ مشہور ولی خواجہ غریب نواز کے خلیفہ اور بابا فرید گنج شکر کے مرشد ہیں۔(18)

فرید الدین مسعود گنج شکر

ولیِ شہیر حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر فاروقی چشتی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت مدینۃ الاولیاء ملتان کے قصبہ کوٹھے وال میں 569ھ کو ہوئی اور 5محرمُ الحرام 664ھ میں وصال فرمایا۔آپ کا مزار پاک پتن شریف پنجاب (پاکستان) میں مشہور اور زیارت گاہِ خاص و عام ہے۔ آپ عالمِ باعمل، ولیِ کامل، سلسلہ نظامیہ اور سلسلہ صابریہ کے جدِّامجد ہیں۔ راحت القلوب اور اسرار الاولیاء آپ کے ملفوظات کا مجموعہ ہے۔ (19)

علی احمد صابر کلیری

بانیِ سِلسلۂ صابریہ حضرت شیخ علاءُ الدِّین علی احمد صابر کلیری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت ہرات (افغانستان) میں592 ھ کو ہوئی اور 13ربیعُ الاوّل690ھ کو وصال فرمایا، آپ کا مَزار مُبارَک کلیر شریف ہند میں ہے۔ آپ حضرت بابا فرید گنج شکر کے بھانجے، مرید، خلیفہ اور اکابر اولیائے ہند سے ہیں۔(20)

شمس الدین ترک پانی پتی

شمس الاولیاء حضرت خواجہ شمس الدین ترک پانی پتی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 21جمادی الاخری597ھ کو مرخس(ترکستان)کے علوی خاندان میں ہوئی اوروصال 15جمادی الاخریٰ 716ھ کو پانی پت میں فرمایا، یہیں مزارہے،آپ علم ظاہری وباطنی کے جامع،سیاح مقامات کثیرہ اورصاحب مجاہدات وکرامات تھے۔(21)

جلال الدین محمد پانی پتی

کبیر الاولیاء حضرت خواجہ جلال الدین محمد پانی پتی عثمانی 23شوال557ھ کو ہریانہ،ہند میں پیدا ہوئے اور یہیں 16ربیع الاول 765ھ کو وصال فرمایا،آپ مادرزادولی،حضرت بوعلی قلندرکے صحبت یافتہ اور شمس الاولیاء کے مریدوخلیفہ تھے،زادالابرارکتاب آپ کی تصنیف کردہ ہے،آپ سے کئی کرامات کا صدور ہوا۔(22)

نور الحق احمد چشتی پنڈوی

قطبِ عالَم حضرت شیخ نور الحق احمد چشتی پنڈوی(23) رحمۃ اللہ علیہ سلسلہ چشتیہ نظامیہ کے شیخ طریقت ہیں، آپ کی ولادت پنڈوہ (ضلع مالدہ مغربی بنگال) ہند میں ہوئی اور وصال 10ذوالقعدہ 818ھ کو فرمایا، مزار پنڈوہ ہند میں مرجعِ اَنام ہے۔ آپ ولی ابنِ ولی، صاحبِ کرامات اور بنگال کے مشہور اولیاء میں سے ہیں۔(24)

احمد عبد الحق فاروقی ردولوی

شیخ العالَم، مجدّد سلسلہ صابریہ حضرت مخدوم احمد عبد الحق فاروقی ردولوی صابری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت تقریباً 729ہجری کو ردولی (ضلع فیض آباد، یو پی) ہند میں ہوئی۔آپ مشہور ولیِ کامل اور شیخ المشائخ ہیں،آپ کے ایصالِ ثواب کے لئے توشہِ عبد الحق تیار کیا جاتا ہے۔ 15جمادی الاخری 837ہجری کو وِصال فرمایا، مزار مبارک خانقاہِ ردولی شریف میں ہے۔(25)

عارف احمد ردولوی

شیخ الصادقین حضرت خواجہ عارف احمد ردولوی رحمۃ اللہ علیہ کی پیدائش 815ھ اوروفات چالیس سال کی عمرمیں 855ھ میں ہوئی،آپ صاحب کمال،حسن اخلاق کے پیکر اورصاحب کرامت تھے۔آستانہ عالیہ ردولی شریف کے پہلے سجادہ نشین تھے۔(26)

محمد ردولوی

شیخ الوقت حضرت خواجہ محمد ردولوی رحمۃ اللہ علیہ اپنے والدصاحب کے اکلوتے بیٹے،بزرگ شان،قوی الحال،خوارق عادات کے مظہر اور آستانہ عالیہ ردولی شریف کے دوسرے سجادہ نشین تھے،تاریخ وسن پیدائش ووفات نہ مل سکا۔(27)

عبد القدوس گنگوہی

قطبِ عالم حضرت خواجہ شاہ عبد القدوس گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 852ھ کو ردولی (ضلع فیض آباد، یو پی) ہند میں ہوئی اور وصال 23جمادی الاخریٰ 944ھ کو گنگوہ شریف (ضلع انبالہ،مشرقی پنجاب)میں فرمایا، آپ کا مزارمرجع خاص وعام ہے۔آپ صاحب ِعلم لدنی،صوفی شاعر اورشیخ العالم حضرت احمدعبدالحق ردولوی رحمۃ اللہ علیہ سے بطریق اویسی مستفیض تھے،انوارالعیون اورلطائف قدوسی آپ کی کتب ہیں۔آپ نے سلسلہ صابریہ کے علاوہ دیگرکئی سلاسل میں خلافت حاصل کی،آپ کی وجہ سے صابری چار پیروں اور چودہ خانوادوں سے فیض یافتہ ہوئے نیز آپ نے مخدوم صابرپیاکے جلال کو جمال میں تبدیل فرمایا۔(28)

جلال الدین تھانیسری

حضرت خواجہ جلال الدین تھانیسری فاروقی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 894ھ کو بلخ (افغانستان)میں ہوئی اور وصال 14ذوالحجہ 989ھ کو تھانیسر (ضلع کروکشیتر،ریاست ہریانہ) ہند میں ہوا،مزاریہیں ہے۔آپ حافظ قرآن، عالم دین،مرید وخلیفہ خواجہ عبدالقدوس گنگوہی اورصاحب کرامات تھے۔(29)

نظام الدّین فاروقی تھانیسری

قطبِ زمانہ حضرت شیخ نظام الدّین فاروقی تھانیسری بلخی چشتی صابری رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت نویں صدی ہجری میں تھانیسر (ضلع کروکشیتر،ریاست ہریانہ) ہند میں ہوئی اور 28 رجب 1035یا 1036 ہجری کو بلخ افغانستان میں وصال فرمایا۔ آپ شیخِ طریقت، ولیِ کامل اور صاحبِ تصنیف و کرامات تھے۔(30)

ابو سعید گنگوہی

حضرت خواجہ ابو سعید گنگوہی رحمۃ اللہ علیہ قطب عالم خواجہ عبدالقدوس گنگوہی کے پوتے،حضرت جلال الدین تھانیسری کے نواسے اورحضرت خواجہ نظام الدین بلخی کے خلیفہ تھے، آپ کی ولادت 14شعبان 959ھ مطابق 5 اگست 1552ءاوروصال یکم ربیع الاخر 1043ھ مطابق 5 اکتوبر 1633ءکو گنگوہ(ضلع انبالہ،مشرقی پنجاب،ہند) میں ہوا،یہیں مزارہے، آپ علم وعرفان کے جامع،ولی کامل اورکثیرالفیض تھے،مغلیہ بادشاہ نورالدین محمدجہانگیرآپ کا مریدتھا۔ (31)

محمد ابراہیم خان مراد آبادی

حضرت خواجہ محمد ابراہیم خان مراد آبادی رحمۃ اللہ علیہ درہ (خیبرپختون خواہ) کے رہنے والے تھے، عرصہ دراز تک حضرت خواجہ آدم بنوری رحمۃ اللہ علیہ کی صحبت میں رہے،پھر حضرت خواجہ ابوسعید گنگوہی سے بیعت کی اور خلافت سے نوازے گئے،آپ نے مرادآبادمیں رشدوہدایت کا سلسلہ شروع فرمایا اور یہیں 1097ھ مطابق 1685ء وفات پائی۔(32)

محمد یوسف سامانہی

ولی کامل حضرت خواجہ محمد یوسف سامانہی رحمۃ اللہ علیہ کاتعلق کوہستان (خیبرپختون خواہ) سے ہے،آپ حضرت بندگی خواجہ محمد صادق گنگوہی(33) کے مریداور حضرت خواجہ محمدابراہیم مرادآبادی رحمۃ اللہ علیہما کے خلیفہ تھے،آپ جامع الحسنات،منبع فیوض وبرکات اورکثیرالفیض تھے، آپ کاوصال گیارہویں صدی ہجری میں ہوا،مزارمبارک انبالہ شہرسے 31کلومیڑکے فاصلے پرواقع قصبہ سمانہ (Samana) میں ہے۔(34)

محمد سلیم الدین منگلوری

مفتی اسلام حضرت خواجہ مفتی محمد سلیم الدین منگلوری رحمۃ اللہ علیہ منگلور(ضلع سہارنپور،یوپی،ہند)کے رہنے والے تھے،آپ سلسلہ چشتیہ صابریہ کے شیخ طریقت، حضرت خواجہ محمد یوسف سامانہی رحمۃ اللہ علیہ کے مریدوخلیفہ اورعلم وعرفان کے جامع تھے۔مزیدحالات نہ مل سکے۔(35)

نور الہدی منگلوری

عارف ب اللہ حضرت خواجہ شاہ نور الہدی منگلوری رحمۃ اللہ علیہ اپنے والدحضرت خواجہ مفتی سلیم الدین منگلوری رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند،مریداورخلیفہ ہیں،آپ کی وفات 1232ھ مطابق 1817ء کو منگلور ضلع سہارن پور،اترپردیش ہندمیں ہوئی۔ (36)

عبد الرحمن وجودی لکھنوی

مقبول النبی،ثانی محی الدین ابن عربی،حضرت مولانا خواجہ شاہ عبد الرحمن وجودی لکھنوی رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت 1161ھ مطابق 1748ء کوموضع کوٹ مخدوم عبدالحکیم (ضلع گھوٹکی،سندھ)میں ہوئی اور 6ذیقعدہ 1245ھ مطابق 29 اپریل1830ء کو لکھنؤ میں وصال فرمایا،لکھنؤمیں آپ کا مزارمنبع فیوض وبرکات ہے،آپ عالم کبیر،تلمیذ بحرالعلوم علامہ عبدالعلی لکھنوی رحمۃ اللہ علیہ صاحب تصانیف اورمشہورزمانہ ولی اللہ تھے،وحدۃ الوجود کے موضوع پر آپ نے چاررسائل لکھے جن میں رسالہ کلمۃ الحق(37) کو بہت شہرت حاصل ہوئی اوریہ آپ کی پہچان بن گیا۔(38) آپ کی دعا کی برکت سے ہی اللہ پاک نے آپ کے مریدوخلیفہ حضرت شاہ اَہل اللہ گنج مرادآبادی کو آخری عمرمیں اولادِ نرینہ کی نعمت عطا فرمائی اور اس بچے کو لوگ شیخ المشائخ، مرشد علماومشائخ حضرت علامہ شاہ فضلِ رحمن گنج مراد آبادی کے نام والقابات سے جانتے ہیں۔(39)

مرزا خدا بخش بیگ

حضرت خواجہ مرزا خدا بخش بیگ رحمۃ اللہ علیہ کی ولادت مہونہ (لکھنؤ، یوپی ہند) میں ہوئی اور یہیں وصال فرمایا، آپ حضرت مولانا خواجہ عبدالرحمن لکھنوی رحمۃ اللہ علیہ کے مرید وخلیفہ،اعلیٰ پائے کے بزرگ،غنائے دل کی دولت سے مالامال،صاحب ریاضت ومجاہدہ، یادگاراسلاف اورمعرفت کا خزینہ تھے۔(40)
1 میاں صاحب خواجہ سید نثارعلی رضوی نے حضرت خواجہ غلام رسول لکھنؤی کی صحبت وخلافت پائی۔مگران کا تذکرہ شجرے میں نہیں،ممکن ہے خواجہ غلام رسول لکھنوی اوران کے پیرومرشدخواجہ مرزاخدابخش بیگ دونوں نے میاں صاحب کو خلافت سے نوازاہو۔و اللہ اعلم۔ 2 مبارک کی جگہ دیدارکیا ہے۔ 3 شجرات قادریہ نثاریہ مبارکہ رضویہ اشرفیہ،ص3،4 تذکرہ ٔ مبارک،ص 27 4 سیراعلام النبلاء، 7/137... تحفۃ الابرار، ص38 5 تہذیب التہذیب، 6/422 ... سیراعلام النبلاء، 7/633 6 تذکرۃ الاولیاء مترجم،ص56، 67 ... وفیات الاخیار،ص12 7 حلیۃ الاولیاء، 8/295 ... تحفۃ الابرار،ص 43 8 تحفۃ الابرار،ص 44 ... اقتباس الانوار،ص 258 9 تحفۃ الابرار،ص 46 ... اقتباس الانوار،ص 263 10 عباد الرحمٰن، 1/90 ... خزینۃ الاصفیاء، 2/37،38 11 تحفۃ الابرار، ص54 ... اقتباس الانوار، ص 277 12 تحفۃ الابرار،ص 54 ... اقتباس الانوار، ص 290 13 تحفۃ الابرار،ص 55 ... اقتباس الانوار،ص 297 14 المصطفیٰ و المرتضیٰ، ص248 ... تحفۃ الابرار مترجم، ص57 15 تحفۃ الابرار، ص72 ... اقتباس الانوار، ص 328 16 انسائیکلوپیڈیا اولیائے کرام، 6/169 17 اخبار الاخیار، ص 23 ... اقتباس الانوار، ص 344، 385 18 مرآۃ الاسرار، ص684، 694 ... شان اولیا، ص368، 373 19 مرآۃ الاسرار، ص771 ... فیضان بابا فریدگنج شکر،ص2،96 20 فیضانِ صابر پاک، ص 41،3،1 21 انسائیکلوپیڈیا اولیائے کرام،3/57 22 انسائیکلوپیڈیا اولیائے کرام،3/61 23 آپ کی شیخ العالم مخدوم احمد عبد الحق ردولوی سے ملاقات اگرچہ ثابت ہے مگر یہ واضح نہیں کہ انہوں نے آپ کو خلافت بھی عطا فرمائی تھی،بہرحال شجرہ شریف میں نام ذکر ہونے کی وجہ سے یہاں آپ کا تعارف دے دیا گیاہے۔ 24 تحفۃ الابرار مترجم، ص231 ... مرآۃ الاسرار، ص1167 25 اخبار الاخیار، ص 187...حیات شیخ العالم، ص188،61 26 حیات شیخ العالم،ص 261 27 حیات شیخ العالم،ص265 28 تجلیات قطب عالم،ص 7تا9 انسائیکلوپیڈیا اولیائے کرام،3/ 76تا79 29 انسائیکلوپیڈیا اولیائے کرام،3/ 82 30 اقتباس الانوار، ص698 31 حقیقت گلزارصابری،ص 540 32انسائیکلوپیڈیا اولیائے کرام،3/137 ...تحفۃ الابرار، ص423 33 آپ خواجہ ابو سعید گنگوہی کے بھتیجے اورخلیفہ ہیں، پیدائش 17ربیع الاخر989ھ گنگوہ میں ہوئی اور یہیں 18 محرم 1058ھ کو وصال فرمایا،آپ ولی کامل،صاحب کرامت اور پابندشریعت تھے۔(تحفۃ الابرار، ص 429) 34 انسائیکلوپیڈیااولیائے کرام،3/153 شجرات قادریہ،نثاریہ مبارکیہ،ص 4 35 انسائیکلوپیڈیااولیائے کرام،3/153 36 کتاب شناسی آثارفارسی چاپ شدہ درشبہ قارہ، ص 703 37 اس کتاب کی کچھ باتوں کا جواب قبلہ عالم پیر سید مہر علی شاہ صاحب نے اپنی کتاب تحقیق الحق فی کلمۃ الحق میں دیا ہے۔ 38 نورالرحمن، ص51تا55 39نزھۃ الخواطر، 7/281 ... انوارعلمائے اہل سنت سندھ، ص 408 ... نور الرحمن، ص101،7 40 نورالرحمن،114تا116

کتاب کا موضوع

کتاب کا موضوع

Sirat-ul-Jinan

صراط الجنان

موبائل ایپلیکیشن

Marfatul Quran

معرفۃ القرآن

موبائل ایپلیکیشن

Faizan-e-Hadees

فیضانِ حدیث

موبائل ایپلیکیشن

Prayer Time

پریئر ٹائمز

موبائل ایپلیکیشن

Read and Listen

ریڈ اینڈ لسن

موبائل ایپلیکیشن

Islamic EBooks

اسلامک ای بک لائبریری

موبائل ایپلیکیشن

Naat Collection

نعت کلیکشن

موبائل ایپلیکیشن

Bahar-e-Shariyat

بہار شریعت

موبائل ایپلیکیشن